زبردست بیٹری کے ساتھ نوکیا2 میدان میں

کیا آپ کے فون کی بیٹری بہت جلد ختم ہو جاتی ہے؟ کیا آپ بھی پاور بینک ساتھ رکھنے کے جھنجھٹ سے پریشان ہیں تو جدید "نوکیا 2” آپ ہی کے لیے ہے۔

فن لینڈ کے ادارے نوکیا کے عروج کا زمانہ تو گزر چکا لیکن اب وہ ایک مرتبہ پھر اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرنے کے لیے تگ و دو کر رہا ہے۔ اس سلسلے میں جہاں کئی فون جاری کیے جا رہے ہیں وہیں نوکیا2 بھی ہے جس میں ہے 4100 ایم اے ایچ کی جاندار بیٹری جو ایک مرتبہ چارج ہو جائے تو دو دن تک چل سکتی ہے۔

nokia-2

نوکیا2 میں کویلکوم اسنیپ ڈریگن 212 کویڈکور پروسیسر ہے، اور 1280 ضرب 720 کی 5 انچ بڑی اسکرین بھی۔ 8 میگا پکسل کا کیمرا اور 5 میگاپکسل کا سیلفی کیمرا بھی اس میں نصب ہے۔ البتہ دو حوالوں میں یہ فون مار کھائے گا ایک تو ریم 1 جی بی ہے اور دوسرا میموری بھی صرف 8 جی بی ہے۔ لیکن اس کی خاص وجہ ہے۔ ایچ ایم ڈی گلوبل کے چیف پروڈکٹ آفیسر جوہو سرویکاس کا کہنا ہے کہ "نوکیا 2کی ہر خصوصیت، ڈسپلے سے لے کر بیٹری تک، چپ سیٹ سے لے کر ڈیزائن تک، یہ سوچ کر تیار کی گئی ہے کہ کم سے کم بیٹری کھائے اور زیادہ سے زیادہ چلے۔” ویسے اسٹوریج کا مسئلہ تو 128 جی بی کے مائیکرو ایس ڈی کارڈ سے حل کیا جا سکتا ہے۔

فون میں اینڈرائیڈ نوگٹ ہوگا اور مستقبل میں یہ جدید ترین اوریو پر بھی اپگریڈ ہو سکتا ہے۔ یہ تین رنگوں میں دستیاب ہوگا اور اس کی قیمت ہوگی صرف 99 یوروز۔ اسےسب سے پہلے نومبر کے وسط میں بھارت میں جاری کیا جائے گا۔

اس کی مزید تفصیل جانیے اس وڈیو میں:

Comments are closed.