بچوں کے لیے خصوصی یوٹیوب ایپلی کیشن

آج کے اس جدید دور میں یوٹیوب پر وڈیوز دیکھنا بچوں کے لیے معمولی بات ہے۔ اسکول کے لیے مختلف نظمیں یاد کرنے کا یہ اچھا طریقہ ہے کہ بچوں کو یوٹیوب پر وہ نظم چلا کر دے دیں، وہ مزے سے دیکھتے بھی رہتے ہیں اور یاد بھی کر لیتے ہیں۔ لیکن مسئلہ اس وقت آتا ہے جب بچے مزید وڈیوز کی تلاش میں لگ جاتے ہیں، ایسی صورت حال میں والدین پریشان رہتے ہیں کہ کہیں کوئی نامناسب مواد نہ ان کے ہاتھ لگ جائے۔
جس طرح اخبارات میں بچوں کے صفحے ہوتے ہیں، جس طرح بچوں کے لیے الگ ٹی وی پروگرامز ہوتے ہیں بالکل اُسی طرح یوٹیوب نے بھی بچوں کے لیے الگ ایپلی کیشن بنا رکھی ہے اور اس کا نام بھی ’’یوٹیوب کڈز‘‘ ہے۔
گوگل نے یوٹیوب کو مزید کارآمد بنانے کے لیے یہ زبردست قدم اُٹھایا ہے۔

اس ایپلی کیشن کو ہر لحاظ سے بچوں کی پسند، نفسیات اور تقاضوں کو مدِنظر رکھ کر بنایا گیا ہے۔ اس کا انٹرفیس انتہائی آسان اور صاف ہے، جس کے ذریعے بچے باآسانی اپنی پسند کی وڈیوز دیکھ سکتے ہیں اور والدین بھی بے فکر ہو کر انھیں اپنا فون یا ٹیبلٹ تھما سکتے ہیں۔

پیرینٹل کنٹرول

یوٹیوب کڈز کی انسٹالیشن کے بعد سب سے پہلے اس کا لاک طریقہ کار سمجھایا جاتا ہے، کہ جب بھی اس ایپلی کیشن کے کنٹرولز میں جانا چاہیں گے پاس کوڈ ٹائپ کرنا ہو گا۔

youtubekids-passcode

تلاش فعال یا غیرفعال

ایپلی کیشن کی سیٹنگز میں تلاش کو فعال یا غیرفعال رکھا جا سکتا ہے۔ اگر تلاش فعال ہو گی تو وڈیوز تلاش کی جا سکیں گی ورنہ یہ سہولت موجود نہیں ہو گی اور تجویز کردہ اور ملتی جلتی وڈیوز دیکھنا ہوں گی۔ اس کے علاوہ ایسے موضوعات جو بچوں کے لیے موزوں نہیں ہیں وہ بھی تلاش نہیں کیے جا سکیں گے۔

youtubekids-Search

ٹائمر

اس کی سب سے مزیدار بات اس کا ٹائمر ہے جس کے ذریعے آپ 1 سے لے کر 120 منٹس تک کا دورانیہ متعین کر سکتے ہیں، یعنی یہ ایپلی کیشن صرف آپ کے مقرر کردہ وقت تک چلے گی، اس کے بعد خود بخود بند ہو جائے گی۔

youtubekids-timer

یوٹیوب کڈز ایپلی کیشن اینڈروئیڈ اور آئی او ایس دونوں صارفین کے لیے مفت دستیاب ہے۔

اینڈروئیڈ کے لیے ڈاؤن لوڈ کریں

اینڈروئیڈ کے لیے اے پی کے فائل ڈاؤن لوڈ کریں

آئی فون کے لیے ڈاؤن لوڈ کریں

(یہ تحریر کمپیوٹنگ شمارہ فروری 2016 میں شائع ہوئی)

Comments are closed.