اس سال کا سب سے خوبصورت اسمارٹ فون پیش
چینی کمپنی شومی Xiaomi سستے اور بہترین اسمارٹ فونز بنانے کے حوالے سے شہرت رکھتی ہے۔ اس کمپنی نے اس قدر تیزی سے بہترین اسمارٹ فونز بنا کر دنیا میں اپنا نام کمایا ہے کہ اب یہ سام سنگ اور ایپل جیسی کمپنیز کے سب سے بہترین اسمارٹ فونز کو ٹکر دینے کے لیے تیار ہے۔
شومی نے اپنا نیا اسمارٹ فون می مِکس Mi Mix متعارف کروا دیا ہے۔ خوبصورت سرامکس ڈیزائن کے حامل اس فون کو دیکھتے ہی سب کا منہ کھلا کا کھلا رہ جاتا ہے۔
می مِکس کی اسکرین کناروں کے بغیر ہے، تین اطراف سے یہ فون مکمل طور پر ٹچ اسکرین سے ڈھکا ہے۔ اس کی خوبصورتی دیکھ کر یہ کہا جا رہا ہے کہ یہ صرف 2016 کا ہی نہیں بلکہ آج کی تاریخ تک کا سب سے خوبصورت اسمارٹ فون ہے۔
می مِکس کی اسکرین کا سائز 6.4 انچز ہے اور اس کا اسکرین ٹو باڈی ریشو 91.3 ہے۔
ہارڈویئر کی بات کی جائے تو اس میںکوالکوم اسنیپ ڈریگن 821 چپ، 2.35 گیگا ہرٹز پروسیسر، 4 سے 6 جی بی ریم اور 128 سے 256 جی بی کی بڑی اسٹوریج موجود ہے۔ بیٹری کے معاملے میں بھی کسی کنجوسی سے کام نہیں لیا گیا اس لیے اس میں 4400 ایم اے ایچ کی طاقت ور بیٹری بھی موجود ہے۔
اس فون کو اگر آپ غور سے دیکھیں تو اندازہ ہو گا کہ اس کی فرنٹ اسکرین کے اوپری حصے پر نہ تو کیمرہ ہے اور نہ کوئی اسپیکر۔ دراصل اس فون کو بنانے کے لیے شومی نے عام اسپیکر کی جگہ پیزو الیکٹرک اسپیکر کو استعمال کیا ہے۔ یہاں سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ فون کے اوپری حصے پر اگر اسپیکر موجود نہیں تو صارف کال کیسے سنے گا؟ اس کے لیے شومی نے فون میں ڈیجیٹل اینالاگ کنورٹر استعمال کیا ہے جو Piezoelectric Ceramic کو استعمال کرتے ہوئے آواز کو لہروں کے طور پر فون کے میٹل فریم سے گزارتے ہوئے کان تک پہنچاتا ہے۔ اس طرح شومی نے حیرت انگیز ٹیکنالوجی کا حصول ممکن بناتے ہوئے اسپیکر اور کیمرے کو فون کی نچلی جانب منتقل کر دیا ہے۔ جبکہ اس میں موجود الٹرا سونک ڈسٹینس سینسر ultrasonic distance sensor فون کو یہ جاننے میں مدد دیتا ہے کہ کب فون کا ڈسپلے چہرے کے سامنے ہے اور کب یہ کسی دوسری سطح یعنی میز وغیرہ پر پڑا ہے۔
شومی می مِکس کی باڈی اور پچھلا کور بنانے کے لیے سرامکس اور سیفائر کا استعمال کیا گیا ہے جبکہ اس کی اسکرین آج کل کے بہترین اینڈروئیڈ اسمارٹ فونز کی طرح گوریلا گلاس سے تیار کی گئی ہے۔ سرامکس کے استعمال سے دو فائدے حاصل ہوئے ہیں ایک تو یہ کہ سرامکس ریڈیو ٹرانسپیرینٹ ہے، یعنی می مِکس کے اندر موجود چپس جیسے کہ وائی فائی، بلیوٹوتھ، جی پی ایس اور ایل ٹی ای وغیرہ بغیر کسی بیرونی اینٹینے کے اپنے سگنلز فون سے باہر بھیج سکتی ہیں۔ سرامکس کی دوسری خوبی یہ ہے کہ یہ حرارت کو تیزی سے تحلیل کر سکتا ہے، اس طرح یہ کہا جا سکتا ہے کہ شومی مائی میکس دیگر اسمارٹ فونز کے مقابلے میں زیادہ تر ٹھنڈا رہے گا۔
اگر اس کی قیمت کی بات کی جائے تو 4 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج والا ماڈل 517 ڈالرز (52 ہزار روپے سے زائد)، جبکہ 6 جی بی ریم اور 256 اسٹوریج والا فون 590 ڈالرز (لگ بھگ 60 ہزار روپے) کا ہوگا۔
یہ تحریر کمپیوٹنگ شمارہ نمبر 123 میں شائع ہوئی
Comments are closed.