شومی مائی7، جس میں ہوگی 6 انچ اسکرین اور 16 میگا پکسل کا ڈوئیل کیمرا

آئی فون ٹین ریلیز ہو چکا، سام سنگ گلیکسی ایس 9 کی باتیں ابھی اپنے عروج پر نہیں پہنچیں، اس لیے یہ وقت ہے دنیا کے پانچویں سب سے بڑے اسمارٹ فون ادارے شومی کی اگلی ڈیوائس پر نظر ڈالنے کا۔ ہم بات کر رہے ہیں شومی مائی7 کی، جو مائی مکس2 کے بعد دنیا کی بڑی مارکیٹوں میں ادارے کے پھیلاؤ میں اضافہ کرے گا۔

شومی کے فلیگ شپ ڈیزائن عالمی سطح پر کافی شہرت رکھتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ مائی7 سے کافی امیدیں وابستہ ہیں۔ان پر پورا نہ بھی اترا تو کم از کم متعدد کلیدی عالمی مارکیٹوں میں تو یہ سیٹ بڑی تعداد میں فروخت ہوگا۔ یہ یقین اس کی شاندار خصوصیات اور حیرت انگیز قیمت کی وجہ سے ہے۔

ویسے تو اگلے چند مہینوں تک یہ فون دستیاب تو نہیں ہوگا کیونکہ اس کا اعلان ابھی نہیں کیا گیا لیکن باوثوق ذرائع سے اس کی خصوصیات کافی حد تک سامنے آ گئی ہیں۔

تحریر جاری ہے۔ یہ بھی پڑھیں

شومی مائی 7 میں ہوگی 6 انچ کی خوبصورت اسکرین، جو ایک کونے سے لے کر تقریباً دوسرے کنارے تک پھیلی ہوئی ہے۔ اتنا بڑا OLED پینل شومی کے لیے ایک نیا سنگ میل ہے کیونکہ اس سے اس کے مائی6 اور مائی مکس 2 میں بالترتیب 5.15 اور 5.99 انچ کی آئی پی ایس ایل سی ڈیز تھیں۔

پھر مائی 7 میں پشت پر فنگر پرنٹ ریڈر بھی ہوگا اور ایک اطلاع کے مطابق چہرہ پہچاننے کی 3ڈی صلاحیت بھی ہوگی۔ یہی نہیں بلکہ اندر بھی خاصا طاقتور پروسیسر نصب ہے، اسنیپ ڈریگن 845 اور اس کے ساتھ 6 جی بی ریم مائی 7 کو بھرپور سیٹ بنائے گی۔ پھر وائرلیس چارجنگ کی سہولت بھی فون میں موجود گی۔

شومی کے فون اپنے عمدہ کیمروں کی وجہ سے بھی معروف ہیں اور مائی 7 بھی مایوس نہیں کرے گا۔ اس میں پشت پر 16 میگاپکسل کا ڈوئیل کیمرا ہے۔ لیکن دلچسپ، بلکہ حیرت کی، بات یہ ہے کہ اس سیٹ کی قیمت بھی کم ہوگی جو اندازاً 410 ڈالرز بتائی جا رہی ہے۔

کیا واقعی اتنا جاندار فون اس قیمت پر مل سکتا ہے؟ یہ تو آنے والا وقت ہی بتائے گا لیکن اگر واقعی اس کی قیمت یہی ہوئی تو یہ مارکیٹ پر قبضہ کرلے گا۔

Comments are closed.