ونڈوز 10 ٹیکنیکل پری ویو کی انسٹالیشن اور دس اہم باتیں

مائیکروسافٹ کے نئے آپریٹنگ سسٹم ’’ونڈوز 10‘‘ کا ٹیکنیکل پری ویو ورژن ڈیویلپرز کے لیے پیش کر دیا گیا ہے۔ ہر ونڈوز کی فائنل ریلیز سے پہلے اس میں موجود بگز دریافت کرنے کے لیے مائیکروسافٹ اسے کمپیوٹر ماہرین کے لیے پیش کرتی ہے۔ جسے وہ آزما کر اس میں موجود خامیوں سے مائیکروسافٹ کو آگاہ کرتے ہیں۔ ان خامیوں کی درستگی کے بعد اسے عام عوام کے لیے پیش کیا جاتا ہے۔ اگر آپ کا ونڈوز 10 کا پری ویو ورژن انسٹال کرنے کا ارادہ ہے تو اسے اپنی ذمے داری پر انسٹال کریں۔ اس میں موجود کوئی خامی آپ کے لیے بڑے نقصان کا باعث بھی بن سکتی ہے۔
آئیے آپ کو ونڈوز 10 کے دستیاب ورژن build 9841 کی دس ایسی باتوں سے آگاہ کرتے ہیں جن کا اس کی انسٹالیشن سے پہلے آپ کو معلوم ہونا ضروری ہے۔

یہ ماہرین کے لیے ہے

اگر آپ نہیں جانتے کہ ISO فائل کیا ہوتی ہے، آپ کے پاس ونڈوز کو آزمانے کے لیے آمائشی یا ورچوئل پی سی نہیں ہے تو اسے مت انسٹال کریں۔ مائیکروسافٹ کا کہنا ہے کہ اگر آپ ایک کمپیوٹر ماہر نہیں ہیں تو اس انتہائی بنیادی ورژن سے بالکل لطف اندوز نہیں ہوں گے۔ اس میں بہت سارے بگز ہو سکتے ہیں جن سے سسٹم کریش کر سکتا ہے۔ اس لیے فی الحال اسے مکمل استعمال کرنے کے لیے بالکل بھی مت انسٹال کریں۔

انسٹالیشن سے پہلے بیک اپ

اگر آپ ونڈوز 10 اپنے روزمرہ کے استعمال میں رہنے والے کمپیوٹر پر انسٹال کرنے جا رہے ہیں تو بہتر ہے کہ ایک دفعہ اور سوچ لیں۔ اس کے علاوہ پہلے مکمل سسٹم بشمول اپنے ڈیٹا کا بیک اپ بنا لیں۔ تاکہ کسی بھی خرابی کی صورت میں نقصان سے بچ سکیں۔ اگر آپ نے انسٹالیشن والے پی سی پر ونڈوز 8 استعمال نہیں کی تو compatibility کے مسائل بھی سامنے آسکتے ہیں۔

ونڈوز انسائیڈر پروگرام میں شمولیت

اگر آپ ونڈوز 10 کو بطور ایک کمپیوٹر ماہر آزمانا چاہتے ہیں تو اس کے لیے ونڈوز انسائیڈر پروگرام (Windows insider program) میں شمولیت حاصل کرنے کے لیے درج ذیل ربط پر جائیں:
insider.windows.com
اس پروگرام میں شمولیت کے بعد ونڈوز کا آزمائشی ورژن تیار ہوتے ہی آپ کو مطلع کیا جائے گا۔ دراصل اس پری ویو ورژن میں بھی خرابیاں درست کر کے اسے بار بار پیش کیا جاتا ہے۔ اس پروگرام میں شامل ہونے کے بدلے آپ کو مائیکروسافٹ کی مدد کرنی پڑتی ہے۔ یعنی مائیکروسافٹ کو اپنے تجربے سے آگاہ کرنا پڑتا ہے کہ ونڈوز 10 آپ کو کیسی لگی اور اس میں کیا بہتریاں لائی جا سکتی ہیں۔

ونڈوز 10 آئی ایس او کا سائز

ونڈوز 10 کی آئی ایس او فائل کا سائز لگ بھگ چار جی بی ہے۔ یہ اس بات پر بھی منحصر ہے کہ آپ بتیس بِٹ ورژن ڈاؤن لوڈ کر رہے ہیں یا چونسٹھ۔ کیونکہ دونوں کے سائز مختلف ہیں۔ اس کے علاوہ دونوں ورژنز میں مختلف لینگویج پیک استعمال کیے گئے ہیں جیسے کہ یو ایس انگلش، یوکے انگلش، چائنیز اور پرتگیز۔ ونڈوز 10 key بھی نوٹ کر لیں:
NKJFK-GPHP7-G8C3J-P6JXR-HQRJR
آئی ایس او فائل ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے درج ذیل ربط ملاحظہ کریں:
windows.microsoft.com/en-us/windows/preview-iso

01-windows10-iso
اگر آپ کو ونڈوز 10 کا انٹرپرائز ورژن چاہیے تو اس ربط پر جائیں:
https://technet.microsoft.com/en-gb/evalcenter/dn781239.aspx?ocid=wc-mscom-wol
ونڈوز 10 انٹرپرائز ٹیکنیکل پری ویو ورژن بھی بتیس اور چونسٹھ بِٹ ورژنز میں آئی ایس او فائل کی صورت میں ڈاؤن لوڈنگ کے لیے دستیاب ہے۔

محدود مدت کے لیے

یہ بات بہت اہم اور یاد رکھنے کی ہے کہ ونڈوز 10 کی یہ انسٹالیشن 15 اپریل 2015 تک کام کرے گی، اس کے بعد یہ قابل استعمال نہیں رہے گی۔ اس کے بعد ونڈوز 10 کی فائنل ریلیز بھی نہیں ہے تاہم اس دوران ٹیکنیکل پری ویو ورژن کی جگہ Beta ورژن پیش کیا جائے گا۔ مائیکروسافٹ کی جانب سے یکم اپریل کو ٹیکنیکل پری ویو استعمال کرنے والے صارفین کو اپ گریڈ کرنے کی یاددہانی بھی کرائی جائے گی۔

انسٹالیشن

اگر آپ ونڈوز 8.1 پر رہتے ہوئے ونڈوز 10 انسٹال کرنے جا رہے ہیں تو اس کی آئی ایس او فائل کو آسانی سے ماؤنٹ کر کے setup.exe کو چلا سکتے ہیں۔ اگر آپ ونڈوز کے کسی دوسرے ورژن پر رہتے ہوئے انسٹالیشن کرنے جا رہے ہیں تو اس کے لیے آئی ایس او فائل کو یو ایس بی فلیش ڈرائیوپر برن کرنا ہو گا۔

انسٹالیشن کے دوران فائلیں محفوظ رہیں گی

اگر ونڈوز 10 کو کسی ونڈوز سیون یا ایٹ مشین پر انسٹال کریںتو "Keep Windows settings, personal files, and apps کے آپشن کے ذریعے ونڈوز کی سیٹنگز، ذاتی ڈیٹا اور کئی انسٹال ایپلی کیشنز کو جوں کا توں رکھا جا سکتا ہے۔ لیکن اگر اس مشین پر کبھی ونڈوز وستا انسٹال ہوئی ہے تو ونڈوز 10 کی کلین انسٹالیشن کرنا پڑے گی۔ جی ہاں سبھی کی طرح مائیکروسافٹ کو خود بھی وستا کچھ زیادہ پسند نہیں!

02-keep-stuff

ہارڈ ویئر ضروریات

اگر آپ کا کمپیوٹر ونڈوز 8.1 چلا سکتا ہے تو اس پر ونڈوز 10 ٹیکنیکل پری ویو بھی انسٹال کیا جا سکتا ہے۔ 1GHz یا اس سے تیز رفتار پروسیسر، بتیس بِٹ کے لیے1GB میموری جبکہ چونسٹھ بِٹ کے لیے 2GB میموری درکار ہو گی۔ اس کے علاوہ 16GB ہارڈڈرائیو اسپیس کا موجود ہونا بھی ضروری ہے۔

ٹچ اسکرین کے لیے محدود فیچرز

ونڈوز 10 ٹیکنیکل پری ویو ٹچ اسکرین ڈیوائسز کے ساتھ بھی کام کرتا ہے لیکن چونکہ یہ ایک مکمل ورژن نہیں ہے اس لیے ٹچ میں خامیاں ہو سکتی ہیں۔

واپسی ناممکن ہے!

اگر آپ نے ونڈوز 10 انسٹال کر لی ہے تو ریکوری پارٹیشن کی مدد سے واپس ونڈوز8.1 پر ڈاؤن گریڈ نہیں ہوا جا سکتا۔ چاہے آپ کے پاس ریکوری پارٹیشن موجود ہی کیوں نہ ہو، ونڈوز 10 کی انسٹالیشن کے بعد یہ ونڈوز کو ری اسٹور کرنے کے لیے کارآمد نہیں رہے گا۔ اس لیے ونڈوز 10 سے واپس پرانے آپریٹنگ سسٹم پر منتقل ہونے کے لیے آپ کو نئی انسٹالیشن کرنا ہو گی۔
٭٭٭٭

ونڈوز 10 کو ونڈوز 7 یا 8کے ساتھ انسٹال کریں

آئیے اب ونڈوز 10 کے ٹیکنیکل پری ویو کی انسٹالیشن کی طرف چلتے ہیں۔ جیسا کہ ہم نے پہلے ذکر کیا کہ اسے اپنے روزمرہ استعمال کے کمپیوٹر پر مت انسٹال کریں۔ اگر آپ اسے آزمانا چاہتے ہیں تو بہتر ہے کہ اس کسی ورچوئل مشین میں انسٹال کر لیں۔ لیکن چونکہ ورچوئل مشین میں ونڈوز استعمال کرنے کا زیادہ مزہ نہیں آتا اس لیے آئیے آپ کو بتاتے ہیں کہ اسے کیسے ونڈوز سیون یا ایٹ کے ساتھ ہی ڈوئل بوٹ کنفگریشن کے ساتھ انسٹال کیا جا سکتا ہے۔ اس طرح کمپیوٹر بوٹ کرتے ہوئے آپ منتخب کر سکتے ہیں کہ کون سی ونڈوز چلے۔

انسٹالیشن کے آغاز سے پہلے اچھی طرح یقین دہانی کر لیںکہ آپ اپنی فائلز کا بیک اپ بنا چکے ہیں۔ اگرچہ ہماری انسٹالیشن گائیڈ کے ذریعے ونڈوز 10 کی انسٹالیشن سے آپ کی فائلز کو کوئی نقصان نہیں پہنچے گا لیکن ونڈوز 10 کا اپنا کوئی بگ نقصان پہنچا سکتا ہے۔ اس لیے ہم بیک اپ کا مشورہ دیتے ہیں کہ نقصان سے احتیاط بہتر ہے۔

انسٹالیشن کے لیے اسپیس بنائیں

سب سے ہارڈ ڈسک پر ونڈوز 10 کے لیے اسپیس بنانی ہو گی۔ اگر آپ کے سسٹم میں دو ہارڈڈرائیوز نصب ہیں جن میں سے ایک خالی ہے جس پر آپ ونڈوز 10 انسٹال کرنا چاہتے ہیں تو آپ اس مرحلے کو چھوڑ کر آگے بڑھ سکتے ہیں۔ لیکن زیادہ امید یہی ہے کہ آپ کے سسٹم میں ایک ہارڈ ڈسک موجود ہو گی جس پر آپ ونڈوز سیون یا ایٹ کے ساتھ ہی 10 کو انسٹال کرنے جا رہے ہوں گے۔
ونڈوز10 کی انسٹالیشن کے لیے ہم سی ڈرائیو کی جگہ ایک نیا پارٹیشن استعمال کریں گے۔ اگر آپ کے پاس کوئی بیس جی بی کے قریب اضافی پارٹیشن موجود ہے تو اسے فارمیٹ کر کے انسٹالیشن کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ اگر کوئی خالی پارٹیشن دستیاب نہیں تو ہم کسی بڑے پارٹیشن کا سائز بدل کر کے اس میں سے اسپیس حاصل کر سکتے ہیں۔ ونڈوز 10 کی انسٹالیشن کے لیے یہ اسپیس کام میں لایا جائے گا۔
چاہے آپ ونڈوز سیون استعمال کر رہے ہوں یا ایٹ، پارٹیشن کا سائز بدلنے کے لیے ڈسک منیجمنٹ یوٹیلیٹی استعمال کر سکتے ہیں۔ windows+R کیز دبا کر رن کھولیں اور اس میں diskmgmt.msc ٹائپ کر کے انٹر پریس کر دیں۔

01-open-disk-management
ڈسک منیجمنٹ کھل جائے تو یہاں جس پارٹیشن کا سائز کم کرنا ہو اس پر رائٹ کلک کر کے Shrink Volume کے آپشن پر کلک کریں۔

02-shrink-Volume
مائیکروسافٹ کے بقول ونڈوز 10 کو ونڈوز ایٹ جتنی ہی ہارڈ ڈسک اسپیس درکار ہوتی ہے۔ ونڈوز8.1 کے چونسٹھ بِٹ ورژن کو لگ بھگ بیس جی بی کی اسپیس چاہیے ہوتی ہے۔ اس لیے پارٹیشن کو چھوٹا کرتے ہوئے بیس جی بی سے زائد کی اسپیس کو الگ کر لیں۔

03-shrink-Volume

انسٹالیشن ڈسک

ونڈوز 10 کی آئی ایس او فائل کو ڈی وی ڈی پر برن کیا جا سکتا ہے اور بوٹ ایبل یو ایس بی فلیش ڈرائیو بھی بنائی جا سکتی ہے۔ ونڈوز سیون یو ایس بی/ ڈی وی ڈی ڈاؤن لوڈ ٹول اس کام کے لیے ابھی بھی کارآمد ہے۔ یہ ٹول ونڈوز 10 کی آئی ایس او فائل کو ڈی وی ڈی یا یو ایس بی فلیش ڈرائیو پر بطور انسٹالیشن ڈسک منتقل کر دیتا ہے۔ یہ ٹول درج ذیل ربط سے ڈاؤن لوڈ کیا جا سکتا ہے:
wudt.codeplex.com

04-Windows-7-USB-DVD-Downlo

ونڈوز 10 کی انسٹالیشن

انسٹالیشن ڈی وی ڈی یا یو ایس بی ڈرائیو کو کمپیوٹر میں لگا کر سسٹم کو ری اسٹارٹ کریں۔ سسٹم خود بخود ونڈوز 10 کے انسٹالر سے بوٹ ہو جائے گا۔ اگر ایسا نہ ہو تو بایوس میں سے بوٹ آرڈر کی ترتیب بدلنے کی ضرورت ہو گی تاکہ سسٹم انسٹالیشن ڈرائیو سے بوٹ کیا جا سکے۔
انسٹالیشن کا مرحلہ شروع ہونے کے بعد لینگویج اور کی بورڈ لے آؤٹ منتخب کرنے کے بعد "Install now” کے بٹن پر کلک کر دیں۔

05-Windows10-Install-now
لائسنس ایگری منٹ قبول کرنے کے بعد انسٹالیشن ٹائپ منتخب کرنے کے مرحلے پر “Custom: Install Windows only (advanced)” کا انتخاب کریں۔
اگر پہلے آپشن ’’اپ گریڈ‘‘ کا انتخاب کیا جائے تو یہ پہلے سے موجود ونڈوز سیون یا ایٹ کو ونڈوز 10 ٹیکنیکل پری ویو ورژن پر اپ گریڈ کر دے گی۔ جبکہ کسٹم آپشن کے ذریعے ونڈوز 10 کو پہلے سے موجود ونڈوز کی کاپی کے ساتھ رکھا جا سکے گا۔

06-Windows10-Custom-install
آپ کو “Where do you want to install Windows?” پر لے جایا جائے گا۔ یعنی کس پارٹیشن میں آپ ونڈوز 10 انسٹال کرنا چاہتے ہیں، اُسے منتخب کرنا ہو گا۔

07-Windows10-Custom-install

ڈسک منیجمنٹ کے ذریعے ہم نے جو اسپیس الگ کی تھی وہ یہاں “Unallocated Space” کی صورت میں موجود ہو گی۔ اس اسپیس کو منتخب کرتے ہوئے New پر کلک کریں، تاکہ اس اسپیس کا نیا پارٹیشن بنایا جا سکے۔ ایک سائز باکس کھل جائے گا جس میں پوچھا جائے گا کہ کتنا بڑا اسپیس آپ بنانا چاہتے ہیں۔ دستیاب مکمل اسپیس یہاں پہلے سے ہی لکھی ہو گی، اس لیے ہمیں کوئی تبدیلی کرنے کی ضرورت نہیں۔ صرف Apply کے بٹن پر کلک کرنا ہے جس سے یہ خالی اسپیس ایک نئے پارٹیشن میں بدل جائے گی۔

08-Windows10-Custom-install
نیا پارٹیشن بننے کے بعد اسے ونڈوز 10 کی انسٹالیشن کے لیے منتخب کیا جا سکتا ہے۔ اس کے بعد نیچے موجود Next کے بٹن پر کلک کر دیں۔
اس کے بعد ونڈوز 10 کی انسٹالیشن شروع ہو جائے گی۔

09-Windows10-installation-s

انسٹالیشن مکمل ہونے کے بعد جب آپ سسٹم ری اسٹارٹ کریں گے یہاں پہلے سے موجود ونڈوز کے ساتھ ساتھ ونڈوز 10 کا ٹیکنیکل پری ویو بھی اپنی جھلک دکھا رہا ہو گا۔ آپ جو ونڈوز استعمال کرنا چاہیں اسے منتخب کر لیں۔

10-windows-10-dual-boot-boo
نیچے موجود “Change defaults or choose other options” کے ذریعے آپ یہ منتخب کر سکتے ہیں کہ کون سا آپریٹنگ سسٹم خودکار طریقے سے لوڈ ہو جائے یا یہ سلیکشن کتنی دیر تک دکھائی دیتی رہے اور اس کے بعد ڈیفالٹ آپریٹنگ سسٹم لوڈ ہو جائے۔

11-choose-default-windows-o
چونکہ ونڈوز سیون، ایٹ اور 10 تینوں آپریٹنگ سسٹم NTFS فائل سسٹم استعمال کرتے ہیں اس لیے کسی بھی آپریٹنگ سسٹم کی فائلز کو دوسرے آپریٹنگ سسٹم میں باآسانی دیکھا جا سکتا ہے۔ یعنی اگر آپ کے ونڈوز سیون ڈیسک ٹاپ پر کوئی فائل موجود ہے تو اسے ونڈوز 10 میں رہتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

اگر آپ ونڈوز 10 کو لینکس کے ساتھ ڈوئل بوٹ انسٹال کرنا چاہتے ہیں تو اس کے لیے ونڈوز 10 کو پہلے انسٹال کرنا چاہیے اور لینکس ڈسٹری بیوشن کو بعد میں۔ دراصل اس تجربے سے یہ دونوں آپریٹنگ سسٹمز بنا کسی مسئلے کے چلتے رہتے ہیں۔ لینکس انسٹالیشن کے دوران GRUB2 بوٹ لوڈر انسٹال کرتی ہے جس سے سسٹم بوٹ ہوتے ہوئے منتخب کیا جا سکتا ہے کہ ونڈوز لوڈ ہو یا لینکس۔ اگر پہلے سے انسٹال لینکس پر ونڈوز 10 انسٹال کی جائے تو یہ لینکس کو نظرانداز کرتے ہوئے اپنا بوٹ لوڈر انسٹال کر دیتی ہے۔ ایسی صورت میں گرب2 کو ری اسٹور کرنا پڑتا ہے۔

(یہ تحریر کمپیوٹنگ شمارہ اکتوبر 2014 میں شائع ہوئی)

4 تبصرے
  1. Bilal Ahmad Khan says

    thanks for ….

  2. ناصر الدین عامر says

    بہت اچھے۔

    مصنف بھائی اگر آپ ماہنامہ کمپیوٹنگ کے پرانے شماروں سے مزید تفصیلی تحریریں اپنی ویب سائیٹ پر شیئر کریں تو بہت مفید رہے گا۔

  3. Wasiq Khan says

    bht khoob 😛

  4. Syed Vkax says

    please UBUNTU and WIN7/WIN 10 k dual boot k liye bhi koi tehrer karien k ye kaisy possible ho ga screen shots k sath. internet per already mojod information kafi complicated hai. i have tried it thrice but not succeeded. 🙁

Comments are closed.