ہارڈویئر نصب کرنے کے لئے مائیکروسافٹ ونڈوز کو ڈرائیورز کیوں درکار ہوتے ہیں؟

ہر بار جب بھی ہم کوئی نیا ہار ڈویئر کمپیوٹر کے ساتھ جوڑتے ہیں تو وہ اس کا ڈرائیور طلب کرتا ہے۔ بعض اوقات مائیکروسافٹ ونڈوز میں اس کا ڈرائیور پہلے سے موجود ہوتا ہے۔ لیکن اگر نہ ہو تو ہمیں سی ڈی سے ڈرائیور نصب کرنا پڑتا ہے۔ آخر ڈرائیور نصب کرنےکی ضرورت ہی کیوں پیش آتی ہے؟ کیا ڈرائیور کے بغیر ہارڈویئر کام نہیں کرسکتا؟

پہلے تو یہ بات نوٹ کرلیں کہ ہارڈویئر بنانے والی ہزاروں یا شاید لاکھوں کمپنیاں ہیں۔ یہ کمپنیاں ان گنت قسم کے ہارڈویئر مثلاً گرافکس کارڈ، ماؤس، کی بورڈ، ایکسٹینشن کارڈ، اسکینر، پرنٹر، کیمرے وغیرہ بناتی ہیں۔ کسی بھی آپریٹنگ سسٹم کے لئے یہ ناممکن ہے کہ وہ تمام ہارڈویئر آلات کے ساتھ کام کرنے کے قابل سافٹ ویئر بنائے۔ اس لئے آپریٹنگ سسٹم بنانے والی کمپنیاں کچھ خاص پروگرامنگ ٹولز بناتی ہیں جن کے ذریعے ہارڈویئر بنانے والی کمپنیاں ایسے سافٹ ویئر لکھتی ہیں جو آپریٹنگ سسٹم کو ان کے بنائے ہارڈویئر کو استعمال کرنے کی سہولت دیتے ہیں۔ ڈرائیور وہ سافٹ ویئر ہے جو ہارڈویئر کی شناخت آپریٹنگ سسٹم سے کرواتا ہے۔ ڈرائیور کی غیر موجودگی میں آپریٹنگ سسٹم کو نہیں پتا ہوتا کہ اس ہارڈویئر کو استعمال کیسے کیا جائے۔

تحریر جاری ہے۔ یہ بھی پڑھیں

عام سافٹ ویئر کے مقابلے میںڈیوائس ڈرائیور (جو درحقیقت ایک سافٹ ویئر ہی ہے) کو آپریٹنگ سسٹم زیادہ آزادی (Executive mode)سے چلنے دیتا ہے۔ یہ آزادی ضروری ہے کیونکہ ڈرائیور کو براہ راست ہارڈویئر سے رابطہ کرنا ہوتا ہے۔ عام سافٹ ویئر ہارڈویئر کو براہ راست استعمال نہیں کرتے۔ بلکہ انہیں جب کسی ہارڈویئر کو استعمال کرنا ہوتا ہے تو وہ آپریٹنگ سسٹم سے درخواست کرتے ہیں۔

کچھ ہارڈویئر جو بہت زیادہ استعمال کئے جاتے ہیں، کے ڈرائیور عموماً آپریٹنگ سسٹم میں پہلے سے شامل ہوتے ہیں۔ آپ نے اکثر دیکھا ہوگا کہ پرانے پرنٹر کے ڈرائیور نصب نہیں کرنے پڑتے۔ لیکن حال ہی میں متعارف کروائے گئے پرنٹر کا ڈرائیور نصب کرنا پڑتا ہے۔ آپریٹنگ سسٹم بنانے والے ادارے مثلاً مائیکروسافٹ اس بات کا فیصلہ خود کرتے ہیں کہ کونسے ڈرائیور پہلے سے ان کے آپریٹنگ سسٹم کا حصہ ہونا چاہئے اور کونسے نہیں۔ یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ ایک ہی کمپنی کا بنائے ہوئے آپریٹنگ سسٹم کے دو مختلف ورژن الگ الگ طریقے سے ہارڈویئر استعمال کرتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ جو ڈرائیور آپ مائیکروسافٹ ونڈوز ایکس پی میں استعمال کرسکتے ہیں، وہ ڈرائیور مائیکروسافٹ ونڈوز سیون میں ناقابل استعمال ہوسکتا ہے۔ دوسری جانب آپریٹنگ سسٹم کا بھی یہی معاملہ ہے۔ لینکس کے ڈرائیور مائیکروسافٹ ونڈوز، جبکہ مائیکروسافٹ ونڈوز کے ڈرائیور لینکس پر استعمال نہیں کئے جاسکتے۔

کچھ ہارڈویئر آلات مثلاً ماؤس، کی بورڈ وغیرہ کچھ مخصوص معیارات کے تحت بنائے جاتے ہیں۔ یہ ایک ہی طرح کام کرتے ہیں۔ اس لئے آپریٹنگ سسٹم کو انہیں استعمال کرنے کے لئے الگ سے کسی ڈرائیور کی ضرورت پیش نہیں آتی۔

Comments are closed.