وٹس ایپ پر بھیجے گئے پیغامات ڈیلیٹ کریں

اکثر ایسا ہوتا ہے کہ آپ میسج مکمل ٹائپ کرنے سے پہلے ہی Send کا بٹن دبا کر بھیج دیتے ہیں، جس سے ادھورا یا ذومعنی جملہ منزل تک پہنچ کر آپ کے لئے شرمندگی کا باعث بنتا ہے۔ ایسا بھی ہوتا ہے کہ لوگ غلطی سے اپنے ساتھی کو بھیجا جانے والا پیغام اپنے باس کو بھیج دیتے ہیں یا پیغام لکھتے ہوئے املاء کی سنگین غلطی کر دیتے ہیں، جس کا احساس پیغام بھیجنے کے بعد ہوتا ہے۔

دوسری میسجنگ ایپس کی طرح وٹس ایپ پر بھی اب تک ایسا ہی تھا کہ بھیجا ہوا پیغام ایسے ہی تھا جیسے منہ سے نکلی بات یا کمان سے نکلا تیر، جو واپس نہیں آسکتا۔

حال ہی میں WABetaInfo نے ٹوئٹر پر وٹس ایپ کے بی ٹا ورژن کا ایک اسکرین شاٹ شیئر کیا تھا جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وٹس ایپ کے ذریعے بھیجے گئے پیغامات کو ڈیلیٹ کیا جاسکتا ہے یا ان کی تدوین کی جاسکتی ہے۔ اس ’’ڈیلیٹ فار ایوری ون‘‘ فیچر کے تحت جس شخص کو بھیجا گیا میسج ڈیلیٹ کیا جائے گا اسے بعد میں میسج ڈیلیٹ ہونے کا پتا چل جائے گا یعنی میسج کا ڈیلیٹ ہونا ریکارڈ پر آجائے گا۔

اگر آپ نے مائیکروسافٹ اسکائپ پر کبھی اپنا بھیجا ہوا پیغام ڈیلیٹ یا اس کی تدوین کی ہے تو آپ با آسانی سمجھ سکتے ہیں کہ وٹس ایپ کا مذکورہ فیچر کس طرح کام کرے گا۔

تحریر جاری ہے۔ یہ بھی پڑھیں

اگر وٹس ایپ پر بھیجا گیا پیغام وصول کنندہ پڑھ چکا ہے تو اس پیغام کو ڈیلیٹ کرنا یا ایڈٹ کرنا ممکن نہیں رہے گا۔یعنی صارفین اپنے بھیجے گئے پیغام کو فوراً یا زیادہ سے زیادہ پانچ منٹ کے اندر ڈیلیٹ یا ایڈٹ کرنا ہوگا اور وہ اس صورت میں کہ پیغام وصول کرنے والے نے اس کو پڑھا بھی نہ ہو۔ پیغام کے پڑھے جانے کے بعد کچھ نہیں کیا جاسکے گا۔

وٹس ایپ اپنا یہ فیچر اینڈروئیڈ اور آئی او ایس دونوں آپریٹنگ سسٹمز میں جانچ رہا ہے۔ اس کے علاوہ وٹس ایپ دیگر بہت سے فیچر بھی مستقبل قریب میں متعارف کرا سکتا ہے۔ اس میں سب سے اہم گروپ میں دوستوں کے ساتھ براہ راست اپنی لوکیشن شیئر کرنا ہے۔ یعنی آپ کے دوست، آپ کی مرضی سے، جان سکیں گے کہ آپ اس وقت کہاں موجود ہیں۔

 

اگرچہ گوگل پلے اسٹور سے وٹس ایپ کا بی ٹا ورژن ڈاؤن لوڈ کیا جاسکتا ہے۔ لیکن فی الحال وہاں دستیاب بی ٹا ورژن میں بھیجے گئے پیغام کو ڈیلیٹ کرنے یا تدوین کرنے کا فیچر موجود نہیں۔ بی ٹا ورژن میں شامل کسی فیچر کے بارے میں حتمی طور پر نہیں کہا جاسکتا کہ وہ کب فائنل ورژن میں جاری کیا جائے گا یا جاری کیا بھی جائے گا یا نہیں۔ اس سارے عمل میں چند ہفتے یا چند ماہ بھی لگ سکتے ہیں۔

وٹس ایپ ماضی میں کئی فیچرز جانچ کر انہیں ترک کرچکا ہے۔ اس لئے اگر وٹس ایپ کو اس فیچر کے حوالے سے اچھی فیڈ بیک نہ ملی تو عین ممکن ہے کہ یہ فیچر آپ کبھی بھی وٹس ایپ میں نہ دیکھ سکیں۔ البتہ ہم یہ سمجھتے ہیں کہ پیغام کو ڈیلیٹ کرنے یا اس کی تدوین کرنے کا یہ فیچر وقت کی ضرورت ہے اور وٹس ایپ کو اسے فائنل ایپلی کیشن میں ضرور شامل کرنا چاہئے۔

Comments are closed.