پوکے مون گو گیم کیا ہے

اس وقت تقریباً پوری دنیا ’’پوکے مون گو‘‘ گیم کے بخار میں مبتلا ہے۔ صرف امریکہ میں ریلیز ہوتے ہی اس گیم نے مقبولیت میں ٹوئٹر اور فیس بک کو بھی پیچھے چھوڑ دیا تھا۔ اگر آپ اس گیم کے بارے میں نہیں جانتے تو آپ کو بتا دیتے ہیں کہ یہ گیم عام گیمز کی طرح آپ آرام سے بیٹھ کر نہیں کھیل سکتے ، بلکہ اس گیم میں آپ کو دنیا بھر میں مختلف جگہوں پر رکھے خیالی پوکے مونز کو پکڑنا ہے۔

www.pokemongo.com

اس گیم میں دنیا بھر کا نقشہ موجود ہے جو ہر وقت آپ کے موجودہ مقام کا تعین کر کے بتا سکتا ہے کہ آپ کے قریب کوئی پوکے مون موجود ہے یا نہیں۔ اگر آپ یہ گیم کھیل رہے ہوں اور کوئی پوکے مون قریب میں موجود ہو تو یہ فوراً بتا دیتی ہے اور موبائل فون کے کیمرے سے آپ اس پوکے مون کو دیکھتے ہوئے اسے ایک بال مارتے ہیں جو اسے لگ جائے تو وہ اس بال میں قید ہو کر آپ کے اکاؤنٹ میں آجاتا ہے۔

pokemon-go

پوکے مونز کی ایک الگ دنیا ہے یہ آپ کو سڑکوں کے کنارے اور گھروں میں بھی مل جائیں گے اور کچھ نایاب نسلوں کے پوکے مونز صرف دور دراز ویرانوں، جزیروں اور پانی کے پاس ملتے ہیں۔ ایک امریکی نوجوان نے تو امریکہ میں دستیاب تمام 142 پوکے مونز کو پکڑ بھی لیا ہے۔

caught-all-142-pokemon

یہ گیم فی الحال چند ممالک میں اور آئی او ایس آپریٹنگ سسٹم کے لیے فراہم کیا گیا ہے یعنی اینڈروئید صارفین کے لیے ابھی یہ گوگل پلے اسٹور پر دستیاب نہیں تاہم اس کی apk فائل چند دیگر ویب سائٹس پر موجود ہے جہاں سے اسے ڈاؤن لوڈ کر کے کسی بھی ملک میں کھیلا جا سکتا ہے۔ اگر اس گیم کو قبل از وقت کھیلنا چاہیں اور apk فائل ڈاؤن لوڈ کریں تو اسے پہلے اینٹی وائرس سے ضرور اسکین کر لیں کیونکہ صارفین کی دلچسپی کو دیکھتے ہوئے ہیکرز نے اس گیم کے وائرس زدہ ورژن بھی مفت ڈاؤن لوڈنگ کے لیے پیش کر رکھے ہیں۔

 اگر آپ پاکستان میں یہ گیم کھیلنا چاہتے ہیں تو درج ذیل ربط سے اس کی تازہ ترین  apk  فائل ڈاؤن لوڈ کر کے انسٹال کر لیں:

Download-pokemon-go

پوکے مونز کو پکڑنے میں مدد دینے کے لیے ایپلی کیشنز بھی سامنے آنا شروع ہو چکی ہیں جیسا کہ ’’پوکے ریڈار‘‘ (Poke Radar) یہ ایپ قرب و جوار میں موجود پوکے مونز کی نشاندہی کرتی ہے تاکہ آپ وہاں جا کر باآسانی انھیں پکڑ سکیں۔ پوکے ریڈار فی الحال صرف آئی او ایس صارفین کے لیے دستیاب ہے تاہم ویب سائٹ پر لکھا ہے کہ اس کے اینڈروئیڈ ورژن پر بھی کام جاری ہے ہو سکتا ہے ان الفاظ کی اشاعت تک اس کا اینڈروئیڈ ورژن بھی ریلیز ہو چکا ہو۔ اس ربط سے ڈاؤن لوڈ کریں:

www.pokemonradargo.com

اگر اس ایپلی کیشن سے مدد نہ ملے تو یہ تحریر دیکھنا مت بھولیے:

اپنے قریب موجود پوکے مون باآسانی تلاش کریں

poke-radar-for-pokemongo

جب سے یہ گیم ریلیز ہوا ہے مسلسل خبروں میں ہے۔ ایک خبر نے تو کافی لوگوں کو حیران کیا وہ خبر یہ تھی کہ سعودی عرب کے علما نے اس گیم کا کھیلنا حرام قرار دے دیا ہے۔ اس فتوے میں کہا گیا ہے کہ پوکے مون جوئے سے کافی ملتا جلتا کھیل ہے جسے اسلام قبول نہیں کرتا۔
اس خبر کو کافی اچھالا گیا لیکن چند دن بعد ہی اس کی تردید بھی سامنے آگئی۔ سعودی حکام نے کہا کہ ایسی تمام اطلاعات بے بنیاد ہیں ہم نے پوکے مون گو گیم کے خلاف فتویٰ جاری نہیں کیا۔

یہ گیم جب آپ کھیلیں گے تو آپ کو اندازا ہو گا کہ پوکے مونز پکڑنے کے لیے کچھ خاص معلومات اور مہارت ہونا بھی ضروری ہے۔ اگر آپ یہ مہارت حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے تو آپ دوسروں کو سکھانے کے قابل بھی بن سکتے ہیں اور اس کے عوض معاوضہ بھی حاصل کر سکتے ہیں۔

ایسا ہی کچھ خیال نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والے چوبیس سالہ نوجوان ٹام کے دل میں بھی آیا۔ جس نے اتنی جلدی پوکے مونز پکڑنے میں مہارت حاصل کر لی کہ اب وہ یہ گیم دوسروں کو باقاعدہ سکھاتا ہے۔ پوکے مون گو ٹرینر بننے کے لیے وہ اپنی نوکری بھی تیاگ چکا ہے لیکن یہ گھاٹے کا سودا ثابت نہیں ہوا کیونکہ وہ اپنی پرانی تنخواہ سے زیادہ رقم اپنی اس نئی نوکری سے کما رہا ہے۔

man-quits-job-to-become-full-time-pokemon-hunter

پوکے مون کے کرداروں کی جائے پیدائش جاپان ہے لیکن اسے سب سے پہلے امریکہ میں جاری کیا گیا لیکن جاپانیوں کا انتظار دیگر ممالک کی طرح طویل ثابت نہیں ہوا کیونکہ یہ گیم اب جاپان میں بھی باقاعدہ جاری ہو چکا ہے۔

ایک طرف دنیا پوکے مونز کی تلاش میں پاگل ہے تو دوسری طرف ایسے معصوم انسان ہیں جو دنیا کی توجہ اپنی طرف مرکوز کروانے میں مگن ہیں لیکن ان کی طرف توجہ نہیں دی جا رہی جیسے کہ جنگی حالات میں رہائش پذیر شامی باشندے۔ یہی وجہ ہے کہ عدم توجہگی کا شکار شامی بچوں نے دنیا کی توجہ اپنی طرف مبذول کرانے کے لیے پوکے مون گو کی تصاویر کے پوسٹر اُٹھا لیے ہیں شاید دنیا پوکے مونز کی وجہ سے ہی ان کی طرف دیکھ لے۔
پاکستان میں ویسے تو گیم ابھی تک ریلیز نہیں ہوا تاہم اسے کھیلا ضرور جا سکتا ہے۔ اگر آپ اسے انسٹال کر لیتے ہیں تو آپ کو پوکے مونز ضرور دیکھنے کو ملیں گے۔ تاہم کچھ خدشہ ہے کہ فی الحال یہ صرف پاکستان کے بڑے بڑے شہروں میں دستیاب ہیں دیگر چھوٹے شہروں کے رہائشیوں کو پوکے مونز نہیں مل پا رہے۔

pokemon-go-syria-kids

 

اس گیم کو کھیلتے ہوئے انتہائی احتیاط کی بھی ضرورت ہے کیونکہ پوکے مون پکڑتے ہوئے آپ کو فون کا کیمرہ آن کر کے ایک سمت میں دیکھنا پڑتا ہے اور اگر سامنے لوگ موجود ہوں تو وہ اس حرکت کو معیوب بھی سمجھ سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ آپ کی حرکتوں کومشکوک بھی سمجھا جا سکتا ہے۔ اکثر لوگ ایئرپورٹ پر یہ گیم کھیلتے ہوئے سکیوریٹی اہلکاروں کے ہتھے بھی چڑھ چکے ہیں۔

Comments are closed.