کیمرے میں موجود ایچ ڈی آر کیا ہے اور اسے کیسے استعمال کریں؟
آپ نے اکثر اپنے اسمارٹ فون کے کیمرے میں ایچ ڈی آر کا آپشن دیکھا ہو گا۔ کیا آپ اسے استعمال کرنا جانتے ہیں؟ کیا آپ جانتے ہیں کہ کس طرح اسے استعمال کرتے ہوئے آپ اپنی اسمارٹ فون فوٹوگرافی کو اعلیٰ درجے پر پہنچا سکتے ہیں۔
موبائل فون کی جدت اور نت نئی بہتریوں کی بدولت موبائل فون ماضی کی کئی اشیا کی جگہ لے چکا ہے جس میں سے ایک کیمرا بھی ہے۔ نئے موبائل فونز میں موجود کیمرے کئی اعتبار سے عام ڈیجیٹل کیمروں کو پیچھے چھوڑ چکے ہیں جس کی وجہ سے لوگ کیمرا خریدنے کی بجائے اچھے کیمرے والا موبائل فون خریدنے کو ترجیح دیتے ہیں۔ کیمرا انڈسٹری کو مشکل وقت دینے کے لیے موبائل کمپنیاں اپنے کیمرے اور ان کے سافٹ ویئر کا معیار بہتر کرتی جا رہی ہیں جس سے کیمرا تو بہتر ہو ا ہے لیکن ساتھ ہی استعمال میں پیچیدگیاں بھی پیدا ہوئی ہیں اور جو کام پہلے صرف ایک کلک سے ہوا کرتا تھا اب اتنے آپشنز کے ساتھ سامنے آتا ہے کہ نیا بندہ چکرا جاتا ہے۔
ایسی ہی ایک سہولت کیمرے میں ایچ ڈی آر (HDR) ہے۔ یہ ایچ ڈی آر آخر ہے کیا اور اسے کس طرح استعمال کیا جاتا ہے؟ عام صارفین کیمرے میں یہ آپشن دیکھ کر اکثر یہی سوچتے ہیں۔ کبھی اسے استعمال کر لیتے ہیں اور کبھی اسے استعمال نہیں کرتے کیونکہ وہ اس کے استعمال کو نہ جانتے ہیں اور نہ اس آپشن کو استعمال کرتے ہوئے بنائی گئی تصاویر اور عام تصاویر کے مابین فرق کو پہچانتے کی کوشش کرتے ہیں۔
ایچ ڈی آر کیا ہے؟
ایچ ڈی آر انگریزی میں ہائی ڈائنیمک رینج (High Dynamic Range) کا مخفف ہے جس کو آسان زبان میں بیان کیا جائے تو یہ تصویر میں روشنی اور اندھیرے کی اوسط کا خیال کرتی ہے۔ جب ہم ایک تصویر ایچ ڈی آر کے ذریعے سے بناتے ہیں تو وہ خود بخود تصویر میں مناسب روشنی اور رنگوں کا استعمال کرتی ہے جو کہ تصویر کے پس منظر اور پیش منظر کو مد نظر رکھ کر اس کو مزید خوبصورت بناتے ہیں۔ یعنی کہ بھلے پانی ہلکے نیلے رنگ کا ہو لیکن ایچ ڈی آر اسے مزید نیلا کر کے پیش کرے گا تاکہ آپ کی تصویر مزید خوبصورت ہو سکے۔
دراصل ایچ ڈی آر میں کیمرا ایک کی بجائے تین تصاویر لیتا ہے جو کہ مختلف روشنیوں پر لی جاتی ہیں اور اور تینوں کو ملا کر ایک زیادہ بہتر تصویر آپ کے سامنے پیش کی جاتی ہے۔ اگر آپ فوٹو گرافی سے آگاہی رکھتے ہیں تو آپ جانتے ہوں گے کہ یہ آپ کے لیے ممکن ہے کہ پس منظر میں اپنی مرضی کی روشنی رکھ کر تصویر لیں تو ایچ ڈی آر میں کیمرا تین مختلف روشنیوں پر تصویر لے کر اس کو ایک عمدہ تصویر میں پیش کرتا ہے۔
ایچ ڈی آر کے فوائد
امید ہے اس وضاحت سے آپ سمجھ چکے ہوں گے کہ ایچ ڈی آر کسی بھی تصویر کو عام کیمرے اور بغیر ایچ ڈی آر کی تصویر سے زیادہ خوبصورت انداز میں کھینچتا ہے۔ مزید یہ کہ ایچ ڈی آر سے کھینچی گئی تصویر اصل منظر سے قریب تر ہوتی ہے۔ اگر آپ قدرتی مناظر یا بہتر قدرتی روشنی میں جو کہ پاکستان میں تقریباً سارا سال رہتی ہے میں تصاویر بنانے کے شوقین ہیں تو ایچ ڈی آر آپ کے لیے ایک عمدہ ٹول ہے جو کہ آپ کی تصاویر کو ڈی ایس ایل آر (DSLR) کیمرے کے مقابلے میں لا کھڑا کرتا ہے۔
ایچ ڈی آر کب استعمال کرنا چاہیے؟
کہتے ہیں کہ قدرتی مناظر کی لینڈ اسکیپ تصاویر بناتے ہوئے ایچ ڈی آر کو ضرور استعمال کرنا چاہیے۔ یہ آپ کی تصاویر میں دکھائی دینے والے آسمان کو خوبصورت دِکھاتا ہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ زمین کا رنگ گہرا نہیں ہونے دیتا۔ اس طرح آپ کوباآسانی ایک خوبصورت تصویر حاصل ہو جاتی ہے۔
بعض مقامات پر آپ کو ایچ ڈی آر سے تصاویر کھینچے سے پرہیز بھی کرنا چاہیے جس میں سر فہرست ’’دورانِ حرکت‘‘ ہے۔ دراصل جب آپ ایچ ڈی آر سے تصویر کھینچتے ہیں تو آپ کو یہ احساس ہو گا کہ یہ معمول کی تصویر سے تھوڑا زیادہ وقت لگاتا ہے اور اسی لیے جب آپ حرکت میں ہوں یا ایسی شے کی تصویر کھینچنا چاہیں جو حرکت میں ہو تو ایچ ڈی آر سے پرہیز بہتر ہے۔
اچھی قدرتی روشنی میں ایچ ڈر آر کے ذریعے بہترین فوٹوگرافی کی جا سکتی ہے لیکن تیز چلچلاتی دھوپ میں اس کا استعمال تصاویر کو خراب کر سکتا ہے۔ ایسے ہی اگر آپ بہت شوخ رنگوں کی تصویر کھینچ رہے ہیں تو تب بھی آپ کو ایچ ڈی آر کے استعمال سے بچنا چاہیے۔
حرفِ آخر
آپ نے یقیناً ایسے مناظر کی تصاویر دیکھی ہوں گی جو حقیقت سے بھی خوبصورت نظر آتے ہیں، ان میں دِکھائی دینے والے رنگ اس قدر عمدہ ہوتے ہیں کہ آپ داد دینے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔ یہ سارا کمال HDR کا ہے۔ مجموعی طور پر ایچ ڈی آر ایک بہت عمدہ ٹول ہے جو کہ آپ کی فون فوٹو گرافی کو ایک اگلے درجے پر لے جا سکتا ہے اور آپ کی کھینچی گئی تصایر کے زیادہ سے زیادہ ’’لائیکس‘‘ سمیٹنے کی اہلیت کو مزید بڑھا سکتا ہے۔
Comments are closed.