جی میل آئی میپ کیا ہے

جی میل کے اکاؤنٹ میں POP اور IMAP دونوں کی سہولت دستیاب ہے۔ POP3 تو خاصی پرانی اور معروف ٹیکنالوجی ہے۔ لیکن یہ IMAP کیا ہے اور اسے استعمال کرنے کا فائدہ کیا ہے؟ (شارق ،ای میل)

POP اور IMAP دو مختلف پروٹوکول ہیں۔ ان دونوں کا مقصد صارفین تک ای میل پہنچانا ہے۔ آن لائن سروسز جیسے جی میل، یاہو یا مائیکروسافٹ لائیو کے ای میل اکاؤنٹ استعمال کرنے والوں کو ان پروٹوکولز کو استعمال کرنے کی ضرورت پیش نہیں آتی۔ لیکن دفاتر میں کام کرنے والے اکثر احباب کو POP اور IMAP سے واقفیت ہوتی ہے۔ جتنے بھی جدید ای میل کلائنٹ ہیں، وہ اِن دونوں پروٹوکولز کو استعمال کرتے ہیں۔ کچھ معاملات میں POP پروٹوکول کا استعمال بہتر ہوتا ہے جبکہ کچھ جگہوں پر IMAP پروٹوکول مناسب رہتا ہے۔

POP یا پوسٹ آفس پروٹوکول آپ کو اپنے ان باکس (جس میں ای میل پیغامات آتے ہیں)، کو کسی پوسٹ آفس کی طرح استعمال کرنے دیتا ہے۔ اس پروٹوکول میں ای میل بھیجنے والے سے آپ کے ای میل کلائنٹ میں منتقل ہوجاتی ہے اور سرور پر محفوظ نہیں کی جاتی۔ یعنی جس طرح پوسٹ آفس آپ کے خطوط کو ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کرتا ہے لیکن اپنے پاس محفوظ نہیں کرتا، اسی طرح یہ پروٹوکول بھی کام کرتا ہے۔ ایک بار ای میل آپ کے ای میل کلائنٹ میں ڈاؤن لوڈ ہوگئی تو سرور پر اس کا وجود باقی نہیں رہتا۔ البتہ ای میل سرور آپ کو اس بات کی سہولت دیتے ہیں کہ POPپروٹوکول استعمال کرتے ہوئے، آپ ای میل کی ایک کاپی سرور پر بھی محفوظ کرسکے۔ \یہ سہولت خود بخود دستیاب نہیں ہوتی بلکہ صارف کو یہ سہولت منتخب کرنی پڑتی ہے۔ ای میل کلائنٹ میں ای میل ڈاؤن لوڈ ہونے کے بعد آپ چاہے انٹرنیٹ سے جڑے ہوں یا نہ ہوں، ای میل کبھی بھی پڑھی جاسکتی ہے۔ POP کا سب سے بڑی خامی اس کا ای میل کو سرور پر محفوظ نہ کرنا ہے۔

gmail-pop-imap

اگر آپ کا ای میل سرور ای میل کی کاپی سرور پر محفوظ کرنے کی سہولت نہیں دیتا یا آپ نے اس سہولت سے فائدہ نہیں اٹھا رکھا تو جس ای میل کلائنٹ ، کمپیوٹر یا ڈیوائس میں تمام ای میلز موجود ہیں، کے خراب ہونے کی صورت میں تمام ای میلز ضائع ہوجاتی ہیں۔ اگر آپ کا ای میل سرور آپ کو محدود اسٹوریج (مثلاً 100میگا بائٹس) دیتا ہے تو آپ کو POP کا استعمال کرنا چاہئے تاکہ ای میل آپ کے کمپیوٹر یا موبائل فون پر ڈاؤن لوڈ ہو جائیں اور سرور پر نئے ای میل پیغامات کے لئے جگہ دستیاب رہے۔ اگر آپ کے موبائل فون میں دستیاب اسٹوریج محدود ہے تو آپ کو POP کا استعمال نہیں کرنا چاہئے کیونکہ POP تمام ای میل آپ کے موبائل فون میں ڈاؤن لوڈ کردے گا اور فون کی اسٹوریج ختم ہوجائے گی۔

دوسری IMAP یا انٹرنیٹ میسج ایکسس پروٹوکول کے کام کرنے کا طریقہ کار مختلف ہے۔ حالیہ چند سالوں میں انٹرنیٹ کی دستیابی اور رفتار بہت مستحکم ہوئی ہے۔ جس کی وجہ سے IMAP کا استعمال بھی تیزی سے بڑھا ہے۔ اس پروٹوکول میں ای میل پیغامات سرور پر ہی محفوظ رہتے ہیں اور ای میل سے متعلق صرف محدود معلومات جیسے ای میل بھیجنا والا، ای میل بھیجنے کا وقت اور ای میل کا عنوان وغیرہ ای میل کلائنٹ ڈاؤن لوڈ کرتا ہے۔ مکمل ای میل صرف اسے وقت ڈاؤن لوڈ کی جاتی ہے جب صارف ای میل پڑھنے کا خواہش مند ہوتا ہے۔ ای میل صارف کے کمپیوٹر یا ڈیوائس میں محفوظ نہیں ہوتی۔

اس پروٹوکول کی خامی یہ ہے کہ اس میں چونکہ تمام ای میلز سرور پر محفوظ ہوتی ہیں، اس لئے عموماً یہ سروس فراہم کرنے والے محدود اسٹوریج فراہم کرتے ہیں۔ اگر انٹرنیٹ دستیاب نہ ہو تو ای میل بھی نہیں پڑھی جاسکتیں اور اگر انٹرنیٹ سست رفتار ہو تو بھی ای میل پڑھنا دشوار ہوتا ہے۔ POP کے مقابلے میں IMAP آپ کو دنیا کے کسی بھی کونے اور کسی بھی ڈیوائس سے اپنے ان باکس تک تیز ترین رسائی دیتا ہے۔

Comments are closed.