ویمیو میں اب ایچ ڈی آر وڈیوز کی سپورٹ بھی

وڈیو اسٹریمنگ کمپنی ویمیو (Vimeo) نے اعلان کیا ہے کہ اب وہ ہائی ڈائنامک رینج (HDR) مواد کو بھی سپورٹ کرتا ہے۔

ایچ ڈی آر وہ تکنیک ہے جو رنگوں کے فرق کو بہتر بناتی اور وڈیو میں سفید و سیاہ کے امتزاج کو نمایاں کرتی ہے۔ اس کا مقصد وڈیوز کو حقیقت سے زیادہ قریب تر دکھانا ہوتا ہے، بالکل ویسے ہی جیسے انسانی آنکھ حقیقت میں دیکھتی ہے۔

ایمیزن اور نیٹ فلکس جیسے ادارے ایچ ڈی آر وڈیوز کو سپورٹ کرتے ہیں اور یوٹیوب بھی اس کی سپورٹ جاری کر چکا ہے۔ ویمیو یوٹیوب جیسا ہی ایک پلیٹ فارم ہے، جس پر آپ وڈیو اپلوڈ اور شیئر کر سکتے ہیں البتہ ادارہ تخلیق کاروں اور پیش کاروں کو زیادہ ٹولز دے کر خود کو امتیازی حیثیت دینے کی کوشش کرتا ہے۔

تحریر جاری ہے۔ یہ بھی پڑھیں

ویمیو دعویٰ کرتا ہے کہ 240 ملین سے زیادہ افراد ہر ماہ اس کے پلیٹ فارم پر وڈیوز دیکھتے ہیں جبکہ لگ بھگ 8 لاکھ افراد اس کے ٹولز کا فائدہ اٹھاتے ہیں۔ ادارہ چند سال پہلے ہی 4K وڈیوز کی سپورٹ جاری کر چکا تھا اور اب نئے آئی فون ٹین سمیت دیگر ایچ ڈی آر وڈیو بنانے والی ڈیوائسز کے آنے سے توقع ہے کہ ویمیو کی اس سپورٹ کا بڑے پیمانے پر خیرمقدم کیا جائے گا۔

کوئی بھی ویمیو صارف ایچ ڈی آر فوٹیج شوٹ کرکے پلیٹ فارم پر اپلوڈ کر سکتا ہے، البتہ صرف ایچ ڈی آر سے مطابقت رکھنے والی ڈیوائسز جیسا کہ آئی فون ایکس، آئی پیڈ پرو اور ایپل ٹی وی 4K ہی اس کا فائدہ اٹھا سکیں گی۔ ویمیو کا کہنا ہے کہ وہ واحد وڈیو ہوسٹنگ پلیٹ فارم ہے جو ایچ ڈی آر میں دستیاب ہے۔

کون سی وڈیو ایچ ڈی آر ہے، اس کے لیے کونٹینٹ پیج پر HDR کی علامت ہوگی اور پلیئر پر بھی۔ جو اسکرین ایچ ڈی آر نہیں ہوگی وہ کوالٹی پر سودے بازی کیے بغیر وڈیو کو بہترین معیار پر دکھانے کی کوشش کرے گی کیونکہ ویمیو عام اسکرینوں کے لیے الگ ایس ڈی آر ورژن تخلیق کرتا ہے۔

Comments are closed.