اپنے ونڈوز کمپیوٹر کو بنائیں اینڈروئیڈ کمپیوٹر

جب اینڈروئیڈ کا ذکر آتا ہے تو لوگ سمجھتے ہیں کہ یہ آپریٹنگ سسٹم صرف موبائل ڈیوائسز جیسے کہ اسمارٹ فون اور ٹیبلٹ کے لیے ہے۔ لیکن اینڈروئیڈ کے تازہ ورژنز میں ایسے فیچرز پیش کیے گئے ہیں کہ اسے اب کافی حد تک ڈیسک ٹاپ پر بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ’’فونکس او ایس‘‘ (Phoenix OS) بنانے والی کمپنی نے اینڈروئیڈ پر مبنی ایسا آپریٹنگ سسٹم تیار کیا ہے جسے آپ Intel x86 کمپیوٹر پر بھی انسٹال کر سکتے ہیں۔

اس طرح کے دیگر بھی کئی پروگرامز موجود ہیں جیسے کہ آپ نے کمپیوٹنگ میں ’’ری مکس او ایس‘‘ کے بارے میں پڑھا ہو گا۔ ظاہر ہے کہ اینڈروئیڈ کی مقبولیت دیکھتے ہوئے اب انتہائی تیزی سے اس آپریٹنگ سسٹم کو ڈیسک ٹاپ پر بھی لایا جا رہا ہے۔

پی سی پر آسان انسٹالیشن

فونکس او ایس کی بات کی جائے تو سب سے خاص چیز یہی نظر آتی ہے کہ اس کی انسٹالیشن انتہائی آسان ہے جبکہ یہ اینڈروئیڈ لولی پاپ اور اینڈرئیڈ نوگٹ دو ورژنز میں دستیاب ہے اور عنقریب آپ کو یہ اینڈروئیڈ کے مزید تازہ ورژن پر مبنی بھی ملے گا۔

یہ آئی ایس او اور ایگزی (EXE) فارمیٹ میں دستیاب ہے۔ اس کی آئی ایس او فائل آپ ڈاؤن لوڈ کر کے باآسانی انسٹالیشن ڈِسک بنا سکتے ہیں۔ یہ آپریٹنگ سسٹم آپ آٹھ سے دس سال پرانے ایسے سسٹم پر استعمال کر سکتے ہیں جس میں کم از کم دو جی بی کی ریم موجود ہو۔

کمزور سسٹم پر بھی اینڈروئیڈ استعمال کریں بغیر کسی مسئلے کے

تحریر جاری ہے۔ یہ بھی پڑھیں

سوئچ موڈ

فونکس او ایس میں ایک اسٹاک اینڈروئیڈ ورژن بھی موجود ہے جس میں اینڈروئیڈ کا تازہ ترین ورژن موجود ہوتا ہے۔ اسے آزمانے کے لیے اس میں سوئچ موڈ دستیاب ہے جس کی مدد سے آپ جب چاہیں اسٹاک ورژن کو آزما سکتے ہیں۔

اس طرح اگر آپ کسی ایپلی کیشن کو جانچنا چاہتے ہیں کہ وہ اینڈروئیڈ کے کس ورژن کے ساتھ کیسی چلتی ہے تو یہ کام آسان ہو جاتا ہے۔

مانوس ڈیسک ٹاپ ماحول

فونکس او ایس کو پہلی دفعہ تو بالکل فون یا ٹیبلٹ کی طرح اپنے گوگل اکاؤنٹ کے ساتھ سیٹ اپ کرنا پڑتا ہے لیکن اس کے بعد ایک مانوس سا ڈیسک ٹاپ آپ کے سامنے موجود ہوتا ہے جس پر مختلف آئی کنز موجود ہوتے ہیں اور اسٹارٹ مینو بھی موجود ہے۔

یعنی آپ ونڈوز استعمال کرنے کے عادی ہیں اس لیے یہ اینڈروئیڈ آپ کو ونڈوز کی طرز پر ہی ملے گا۔ آپ کی روایتی ونڈوز کمانڈز بھی اس میں کام کرتی ہیں، اس میں آپ کو ضرورت کے تقریباً تمام پروگرامز ملیں گے اور اینڈروئیڈ کی طرح نوٹی فکیشنز بھی ملیں گی۔ یعنی ونڈوز اور اینڈروئیڈ کا خوبصورت امتزاج آپ کا دل موہ لے گا۔

بہتر ہے کہ پہلے اسے اپنے کسی پرانے کمپیوٹر یا ورچوئل مشین پر انسٹال کر کے آزمائیں۔

ڈاؤن لوڈ کریں

Comments are closed.