سی کلینر اپ گریڈ کرلیں، ورنہ وائرس کے لیے تیار رہیں
سی کلینر سافٹ ویئر کسی تعارف کا محتاج نہیں۔ ہم سمیت بہت سے لوگ اس سافٹ ویئر کو عارضی فائلیں ڈیلیٹ کرنے اور انٹرنیٹ ہسٹری وغیرہ ختم کرنے کے لیے معاون سافٹ ویئر کے طور پر استعمال کرتے ہیں۔ لیکن اب اس سافٹ ویئر کو بنانے والی کمپنی Avast نے سی کلینر استعمال کرنے والوں کو خبردار کیا ہے کہ جتنی جلدی ہوسکے اس کا نیا ورژن انسٹال کرلیں۔
حال ہی میں سکیوریٹی ریسرچرز نے پتا لگایا ہے کہ ہیکروں نے سی کلینر میں ایک بیک ڈور انسٹال کررکھا ہے جس کی وجہ سے ہیکر سی کلینر استعمال کرنے والوں کے کمپیوٹروں میں مال ویئر اور رانسم ویئر ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں۔ بیک ڈور ایسے پوشیدہ پروگرام یا فیچر کو کہا جاتا ہے جو عام حالات میں پوشیدہ رہتا ہے اور خفیہ رہ کر کمپیوٹر میں اپنی مجرمانہ سرگرمی کرتا ہے ۔ بیک ڈور کا مقصد عموماً ہیکروں کو کمپیوٹر اور اس میں موجود ڈیٹا تک خفیہ رسائی دینا ہوتا ہے۔
ایواسٹ کا کہنا ہے کہ اس وقت 22 لاکھ سے زیادہ لوگ ایسے ہیں جن کے پاس سی کلینر کا وہ ورژن انسٹال ہے جس میں بیک ڈور موجود ہے۔ یہ تعداد زیادہ بھی ہوسکتی ہے کیونکہ سی کلینر ایک انتہائی معروف پروگرام ہے اور اب تک 2 ارب سے زیادہ بار اسے ڈاؤن لوڈ کیا جاچکا ہے اور ہر ہفتے اسے 50 لاکھ بار ڈاؤن لوڈ کیا جاتا ہے۔
اس خرابی کو دریافت کرنے کا سہرا Cisco Talos کے سر ہے ۔ انہوں نے 13 ستمبر کو یہ بات نوٹ کی کہ سی کلینر کا ورژن 5عشاریہ 33 جو ایواسٹ کے سرور سے ہی ڈاؤن لوڈ کیا گیا، میں مال ویئر ڈاؤن لوڈ کرنے کی صلاحیت بھی ہے۔ سسکو ٹالو کومزید تحقیق سے پتاچلا کہ جس ورژن میں یہ بیک ڈور موجود ہے، وہ 15 اگست کو ریلیز کیا گیا تھا اور 11 ستمبر تک سی کلینر کے سرور پر ڈاؤن لوڈنگ کے لیے موجود تھا۔ 12 ستمبر کو سی کلینر کا نیا ورژن پیش کردیا گیا تھا جس میں بیک ڈور موجود نہیں تھا۔
ایواسٹ نے اس خرابی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ سی کلینر کا ورژن 5.33.6162 اور سی کلینر کلاؤڈ کا ورژن 1.07.3191 اس خرابی سے متاثرہ ہیں۔ اس لیے جتنی جلدی ہوسکے ان ورژنز کا استعمال ترک کردیا جائے۔
Comments are closed.