روسی وزارتِ خارجہ کی ٹویٹر کے اقدامات کی مذمت
روسی وزارتِ خارجہ نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹویٹر کے ان اقدامات کی مذمت کی ہے جن کے تحت ٹویٹر نے روس کے سب سے بڑے دو میڈیا آؤٹلیٹس "رشیا ٹوڈے” اور "سپوتنک” پر اشتہارات کی خریداری پر پابندی عائد کر دی ہے۔
ٹویٹر کا یہ اقدام امریکی خفیہ ایجنسیوں کی اس ریپورٹ کے بعد سامنے آیا ہے جس کے مطابق "رشیا ٹوڈے” اور "سپوتنک” نے 2016 کے امریکی انتخابات میں مداخلت کی کوشش کی۔
روسی وزارتِ خارجہ کی ترجمان "ماریا زاخرووا” نے ٹویٹر کے اس اقدام کی مذمت کی ہے اور اسے بین الاقوامی اصولوں کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے "روس کے خلاف ایک اور جارحانہ اقدام” کے طور پر تعبیر کیا ہے۔
دوسری جانب ٹویٹر نے اعلان کیا ہے کہ وہ "رشیا ٹوڈے” اور "سپوتنک” کے اشتہارات کی رقم "انتخابات میں عوامی ذمہ داری” کی مہم پر خرچ کرنے کے لیے وقف کرے گا۔
خیال رہے کہ "رشیا ٹوڈے” اور "سپوتنک” نے 2011 سے لے کر اب تک ٹویٹر پر 1.9 ملین ڈالر کی رقم اشتہارت کی مد میں خرچ کی ہے۔
امکان ہے کہ اگلے ہفتے ٹویٹر، گوگل اور فیس بک کے نمائندے امریکی کانگریس کے سامنے 2016 کے امریکی انتخابات میں روسی مداخلت کے حوالے سے اپنا اپنا بیان ریکارڈ کرائیں گے۔
Comments are closed.