اپنے اسمارٹ فون کو واکی ٹاکی بنائیں

واکی ٹاکی دوسری جنگ عظیم کے دوران ایجاد ہوئے۔ فوجی انھیں استعمال کرتے ہوئے بغیر کسی تار کے اپنے ساتھیوں سے رابطہ کر سکتے تھے۔ اس کے ذریعے اپنی بات پہنچانے کے لیے ضروری ہوتا ہے کہ بولتے وقت اس پر موجود بٹن کو دبائے رکھیں اور اپنی بات مکمل کرنے کے بعد ’’اوور‘‘ (Over) کہیں تاکہ دوسری طرف موجود شخص سمجھ سکے کہ بات مکمل ہو گئی ہے اب وہ بول سکتا ہے۔ اسی طرح گفتگو کے اختتام پر ’’آؤٹ‘‘ (Out) کہا جاتا ہے جو اس بات کی نشانی ہے کہ بات چیت مکمل ہو چکی ہے۔

اگر آپ اس قدیم ایجاد کی یاد تازہ کرنا چاہتے ہیں تو اس کے لیے ایک انتہائی زبردست ایپلی کیشن ’’زیلو‘‘ (Zello) کے نام سے اینڈروئیڈ، آئی او ایس، ونڈوز فون کے علاوہ ونڈوز پی سی کے لیے بھی مفت دستیاب ہے۔ اسے ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے درج ذیل ربط ملاحظہ کریں:

zello.com/app

اس کی انسٹالیشن کے بعد آپ کو اس کا اکاؤنٹ بنانے کی ضرورت ہوتی ہے اور اس کے بعد آپ اس میں اپنے دوستوں کو ایڈ کر سکتے ہیں۔ یہ ایپلی کیشن بنیادی طور پر انٹرنیٹ کے ذریعے کام کرتی ہے لیکن اس میں وہی روایتی ’’پُش ٹو ٹاک‘‘ نظام استعمال کیا گیا ہے تاہم آپ کی تمام بات چیت یہ ایپلی کیشن ریکارڈ کر کے محفوظ رکھتی ہے تاکہ آپ بات چیت کو بعد میں بھی جب چاہیں دوبارہ سُن سکیں۔ یقیناً آپ سوچ رہے ہوں گے کہ پھر اس میں اور دیگر کالنگ ایپس خاص طور پر وٹس ایپ میں کیا فرق ہے؟ تو جناب فرق یہ ہے کہ یہ ایپلی کیشن انتہائی ہلکی پھلکی اور برق رفتار ہے۔ تھری جی کے علاوہ جی پی آر ایس اور ایج پر بھی اس کی کارکردگی لاجواب ہے جو کہ آپ کو دیگر ایپس میں نہیں ملتی۔

واکی ٹاکی
واکی ٹاکی

اس ایپلی کیشن کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ اس میں کئی چینلز بھی موجود ہیں جہاں سیکڑوں لوگ اپنے خیالات کا اظہار کر رہے ہوتے ہیں۔ اگر آپ بور ہو رہے ہوں اور کسی سے بات چیت کرنا چاہیں تو کسی چینل میں جا کر دوسروں سے بات بھی کر سکتے ہیں۔

 

2 تبصرے
  1. Tahir Jamil Chishti says

    زبردست

  2. BOZDAR Mustafa says

    Not good n cool…………………..it needs internet, so no difference

Comments are closed.