ٹویوٹا کی سالگرہ کے موقعے پر جیتیں 2018 ماڈل کار؟
ہر کچھ عرصے بعد فراڈیے کوئی نئی اسکیم لے کر عوام کو بے وقوف بنانا شروع کر دیتے ہیں۔ کبھی چائنا کی مہران کار لے آتے ہیں جو پاکستان میں انتہائی سستی دستیاب ہو گی تو کبھی کسی ٹی وی شو کے لاکھوں کے انعامات۔
حالانکہ ان کی حقیقت کچھ بھی نہیں ہوتی، صرف آپ سے کچھ رقم ہتھیانے کی کوشش کی جاتی ہے اور جواب میں آپ کو کچھ نہیں ملتا۔
ابھی تازہ ترین کارروائی یہ ہے کہ فراڈیوں نے ایک پیغام پھیلایا ہے کہ معروف گاڑیاں بنانے والی کمپنی ٹویوٹا اپنی 99 ویں سالگرہ کے موقعے پر گاڑیاں بانٹ رہی ہے۔
یہ سرار جھوٹ اور فراڈ ہے۔ ٹویوٹا کی جانب سے ایسی کسی آفر کا اعلان نہیں کیا گیا۔
اگر آپ وکی پیڈیا پر جا کر دیکھیں تو آپ کو معلوم ہو گا کہ ٹویوٹا کمپنی 1937 میں قائم ہوئی یعنی اسے بنے ہوئے ابھی 80 سال ہوئے ہیں۔ دوسرا ٹویوٹا کی آفیشیل ویب سائٹ پر ایسا کوئی اعلان نہیں ہے۔
یہ پیغام کچھ یوں ہوتا ہے:
* URGENT Toyota offers free cars model 2018 on the occasion of the 99th anniversary of its establishment get yours now >>>> http://toyota.winpriz.com
اور جب آپ اس میں موجود لنک کو کھولتے ہیں تو مبارک باد دی جاتی ہے کہ آپ ہی ہیں وہ خوش نصیب جو جیت چکے ہیں یہ چمچماتی گاڑی۔
یہاں آپ سے دو تین سوال پوچھنے کے بعد آگے کہا جاتا ہے کہ یہ میسج اپنے دوستوں سے وٹس ایپ پر شیئر کریں۔ بس یہ شیئر کرتے ہی فراڈیوں کا مقصد پورا ہو جاتا ہے۔ آپ کو گاڑی تو نہیں ملتی لیکن آپ ان کا پیغام اپنے دوستوں تک ضرور پہنچا چکے ہوتے ہیں:
اس لیے اس فراڈ کے چکر میں مت آئیں، نہ اس میسج کو بذریعہ وٹس ایپ دوستوں میں پھیلائیں اور نہ ہی اپنی ٹائم لائن پر شیئر کریں۔
Comments are closed.