توشیبا کی نئی ہائبرڈ ہارڈڈرائیو

Toshiba MQ01ABDزندگی سمجھوتوں سے بھری ہوتی ہے۔ اس کا مشاہدہ آپ کو تب بھی ہو جاتا ہے تب آپکو اپنے ڈیسک ٹاپ یا نوٹ بک پی سی کے لیے اسٹوریج ڈیوائس خریدنی ہو۔ آپ ایسی سالڈ اسٹیٹ تیز رفتارہارڈ ڈسک بھی خرید سکتے ہیں جس سے آپ کی ڈیٹا تک رسائی کی اسپیڈ زیادہ تیز رفتار ہو۔ چاہے تو آپ ایسی بڑی لیکن عام ہارڈ ڈسک بھی لے سکتے ہیں جس سے ڈیٹا تک رسائی کی رفتار تو کم ہو مگر اس میں ڈیٹا آپ بے بہا محفوظ کر سکیں۔سالڈ اسٹیٹ ہارڈڈرائیوز اپنے تیز رفتاری اور انتہائی زیادہ قیمت کی وجہ سے جانی جاتی ہیں۔ سالڈ اسٹیٹ ہارڈڈرائیوز وقت کی ضرورت اس لئے بھی ہیں کیونکہ یہ بہت کم پاور استعمال کرتی ہیں اور جیسے جیسے کمپیوٹر آلات چھوٹے ہوتے جارہے ہیں، ان ہارڈڈرائیوز کی ضرورت اور مانگ میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔ انہیں مارکیٹ میں متعارف کروائے ہوئے ایک عرصہ ہوچکا ہے لیکن اس کے باوجود اب بھی یہ عام ہارڈڈرائیو کے مقابلے میں خاصی مہنگی ہیں۔ اسی مسئلے کے تناظر میں توشیبا نے ایک نئی طرز کی ہارڈڈرائیو متعار ف کروائی ہے جس میں سالڈ اسٹیٹ ہارڈڈسک اور عام ہارڈڈسک دونوں کی خوبیوں کو سمونے کی کوشش کی گئی ہے۔ MQ01ABDH سیریز کی یہ ہارڈڈرائیوز 750اور 1ٹیرا بائٹس کی گنجائش میں دستیاب ہیں۔ اس میں 2.5انچ کے پلیٹرز ہیں جن کے ساتھ ہارڈڈسک کی کل اونچائی صرف 9.5ملی میٹر (تقریباً ایک انچ کا ایک تہائی )ہے یعنی یہ بے حد پتلی ڈرائیوز ہیں جنھیں لیپ ٹاپ، نوٹ بکس، پرسنل کمپیوٹرز سمیت ہر آلے میں نصب کیا جاسکتا ہے۔

یہ نئی ہارڈڈرائیوز ساٹا انٹرفیس استعمال کرتی ہیں۔ جبکہ ہر ڈرائیو میں 8جی بی کی ایک NAND فلیش میموری بھی نصب ہے۔ یہ میموری زیادہ استعمال ہونے والے ڈیٹا کو محفوظ رکھتی ہے تا کہ اس تک رسائی تیز رفتاری سے ممکن ہوسکے۔یہ بالکل ویسا ہی نظام ہے جیسا پروسیسر میں کیشے میموری کا ہوتا ہے جو تواتر سے استعمال ہونے والا ضروری ڈیٹا اپنے پاس محفوظ رکھتی ہے اور بوقت ضرورت انتہائی تیزی سے ڈیٹا فراہم کرسکتی ہے۔

تاہم یاد رہے کہ یہ بالکل نئی ٹیکنالوجی نہیں ہے۔ توشیبا کے حریف سی گیٹ جو ہارڈڈرائیوز کے حوالے سے سب سے بڑا نام ہے، پہلے ہی ایسی ہائبرڈ ہارڈڈرائیو Momentus XT متعارف کروا چکا ہے۔ جبکہ سام سنگ بھی ایک ایسی ہارڈڈرائیو مارکیٹ میں پیش کرچکا ہے۔ ہائی بریڈ ہارڈ ڈرائیو (HHDs) پر بہت سالوں سے کام ہو رہا ہے۔ تاہم اب صورت حال کچھ ایسی ہے کہ یہ یہ ٹیکنالوجی اب مستحکم ہو چکی ہے۔ نیز اب NANDفلیش میموری بھی استعمال کے لیے عام صارف کی پہنچ میں ہے جو اس سے پہلے اپنی انتہائی زیادہ قیمت کی وجہ سے نہیں تھی۔ اسی تناظر میں توشیبا کا یہ دعویٰ ہے کہ وہی واحد کمپنی ہے جو ہائی بریڈ ہارڈ ڈرائیو اور NANDفلیش میموری بنا رہی ہے۔ اس لئے وہ اس ہائبرڈ ہارڈڈرائیوز کو عام کرنے میں بے حد اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔

تحریر جاری ہے۔ یہ بھی پڑھیں

توشیبا نے مزید کہا کہ اس کی بنائی ہوئی ہائی بریڈ ہارڈ ڈرائیو 5400 آر پی ایم ہے جس کا مطلب کہ یہ 7200 آر پی ایم والی ہارڈ ڈرائیوز سے کم پاور استعمال کرتی ہے ۔ کمپنی نے مزید دعویٰ کیا کہ اس کی بنائی ہوئی ہارڈ ڈرائیو میں ایک بہت ہی اعلیٰ ’’خود سیکھنے والا‘‘ الگورتھم ہے جو کہ زیادہ استعمال ہونے والے ڈیٹا تک تیز رفتار رسائی ممکن بناتا ہے۔ جس کا نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ موجودہ روایتی ہارڈ ڈسک کے مقابلے میں توشیبا کی یہ ہائبرڈ ہارڈڈسک آپریٹنگ سسٹم اور ایپلی کیشنز کے لوڈ ہونے کے لئے درکار وقت میں آدھی کمی کردیتی ہے۔ اگر یہ کہا جائے کہ توشیبا کی اس ہائبرڈ ہارڈڈرائیو میں اس کا الگورتھم ہی سب سے اہم چیز ہے تو غلط نہ ہوگا۔

الٹرا بک کے بنانے والوں نے بھی mSATA اور SSDs کو روایتی ہارڈ ڈسک کے ساتھ جوڑ دیا ہے جس سے بہت بہتر نتائج سامنے آتے ہیں۔ اچھے سافٹ وئیر سے کم SSD کیشے کی ڈرائیو سے بھی تقریباً وہی نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں جو کہ بڑی SSD کیشے والی ہارڈ ڈرائیو سے حاصل ہوسکتے ہیں۔

اچھی بات یہ ہے کہ ہائبرڈ ہارڈڈسک اپنی ٹیکنالوجی کی وجہ سے سالڈ اسٹیٹ ہارڈڈرائیوز کے مقابلے میں کم قیمت ہے اور اسی وجہ سے صارفین کی ان میں دلچسپی بڑھ رہی ہے۔ اگرچہ توشیبا نے ابھی ان ہارڈڈرائیوز کی قیمت کے بارے میں اعلان نہیں کیا تاہم خیال کیا جارہا ہے کہ یہ مارکیٹ میں موجود دیگر ہائبرڈ ہارڈڈرائیوز سے مہنگی نہیں ہونگی۔

Comments are closed.