ایپل کی آئی فون تقریب میں کیا کچھ ہوا

گزشتہ روز معروف فون ساز کمپنی، ایپل کی آئی فون تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کا افتتاح کمپنی کے سی ای او ٹم کک نے کمپنی کے خالق اسٹیو جابز کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کیا۔ اس تقریب کے دوران کئی مصنوعات متعارف کروائی گئیں۔

ایپل واچ

ٹم کک کے مطابق گزشتہ سال کے دوران، ایپل واچ کی طلب میں پچاس فیصد اضافہ ہوا ہے۔ جی ہاں، پچاس فیصد، اور یوں وہ دنیا میں سب سے زیادہ استعمال ہونے والی گھڑی بن گئی ہے۔ حتیٰ کہ اس نے رولیکس کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

اب ایپل واچ میں دل کی دھڑکن کا مانیٹر پہلے سے بہتر ہوگیا ہے، جبکہ آرام کرنے کے دوران دل کی دھڑکن بھی مانیٹر کی جاسکتی ہے۔ یہ گھڑی زیادہ فعال نہ رہنے والوں کو خبردار بھی کرے گی۔ اس کی تیسری نئی خصوصیت اس کا دل کی ردھم کو ٹریک کرنا ہے جس سے کئی امراض کے لیے پیشگی اشارہ مل سکتا ہے۔

ایپل واچ کے ذریعے اب آپ ڈیجیٹل اسسٹنٹ، ’سری‘ سے بھی گفتگو کرسکتے ہیں۔ ان گھڑیوں کی قیمت 249 ڈالر سے 399 ڈالر تک ہوگی جو 15 ستمبر سے پری آرڈر، اور 22 ستمبر سے فروخت کے لیے دستیاب ہوگی۔

ایپل ٹی وی 4K

ایپل  کا یہ نیا اسٹریمنگ باکس (ٹی وی کے لیے سیٹ ٹاپ باکس ) کئی شاندار فیچرز سے لیس ہے۔ اس میں آئی پیڈ پرو کی طرح A10X فیوژن چپ نصب ہے، جبکہ سی پی یو پرفارمنس دگنی اور جی پی یو پرفارمنس چوگنی ہوچکی ہے۔

تحریر جاری ہے۔ یہ بھی پڑھیں

فی الحال آئی ٹیون کے ذریعے 20th سنچری فوکس، لائنز گیٹ، پیراماؤنٹ اور دیگر کمپنیوں کا 4K کونٹینٹ دیکھنے کے لیے دستیاب ہے، جبکہ ابھی 4K فلمیں بھی ایچ ڈی فلموں کی قیمت ہی مین دستیاب ہیں۔

32 جی بی اسٹوریج کا حامل ایپل ٹی وی 179 ڈالر جبکہ 64 جی بی والا 199 ڈالر کے عوض دستیاب ہے۔

آئی فون 8 اور 8 پلس

آئی فون ایپل کی ان مصنوعات میں سرِ فہرست تھا جس کے سب منتظر تھے۔ آئی فون 8 تین رنگوں میں دستیاب ہوگا: سیاہ، سرمئی، اور سنہرا۔

ایپل کی نئی A11 بایونک چپ سے لیس، 6 کور سی پی یو کے حامل اس آئی فون میں 12 میگاپکسل کا کیمرا نصب ہے۔ اس فون کے ذریعے 4K ویڈیو فلمائی جاسکے گی۔

دونوں فون 128 جی بی اور 256 جی بی اسٹوریج کے ساتھ دستیاب ہوں گے۔ آئی فون 8 کی قیمت 699 ڈالر، جبکہ آئی فون 8 پلس کی قیمت کا آغاز 799 ڈالر سے ہوگا۔

آئی فون 8، اور 8 پلس کے علاوہ ایک سرپرائز اسمارٹ فون، آئی فون ایکس سے متعلق جاننے کے لیے یہ مضمون پڑھیے:

ایپل نے آئی فون 8، 8 پلس اور آئی فون ایکس سے پردہ اٹھا دیا

Comments are closed.