اپنے وائرلیس راؤٹر کی سکیوریٹی چیک کریں اور اسے محفو ظ بنائیں
کیا آپ نے کبھی چیک کیا ہے کہ آپ کا وائرلیس راؤٹر کتنا محفوظ ہے؟ آپ کا فون اور کمپیوٹرز اس وائرلیس راؤٹر سے منسلک ہوتے ہیں، جتنا پریشان آپ اپنے فون یا پی سی کی حفاظت کے لیے ہوتے ہیں اتنی فکر آپ کو اپنے وائرلیس راؤٹر کی بھی کرنی چاہیے۔ تقریباً سبھی لوگ انٹرنیٹ سے جڑنے کے لیے وائرلیس راؤٹرز استعمال کرتے ہیں، لیکن کسی کو پتا نہیں ہوتا کہ یہ راؤٹر کتنا محفوظ ہے۔
جس طرح ہم اپنے آپریٹنگ سسٹم اور سافٹ ویئر وغیرہ کو اپ گریڈ کرتے ہیں اسی طرح وائرلیس راؤٹرز کی اپ ڈیٹس ریلیز ہوتی رہتی ہیں، لیکن یہ اپ ڈیٹس راؤٹر خودکار طریقے سے خود ہی وصول کر کے انسٹال کر لیتا ہے۔ اس طرح ہمیں پتا ہی نہیں چلتا کہ آیا نیا ورژن جو انسٹال ہوا ہے اس میں کہیں کوئی خامی تو نہیں اور نہ ہمارے پاس اسے آزمانے کا طریقہ موجود ہوتا ہے۔
اس کام کو آسان بنانے کے لیے اینڈروئیڈ کے لیے ایک بہترین ایپلی کیشن ’’راؤٹر چیک‘‘ سامنے آئی ہے۔ یہ ایپلی کیشن راؤٹر کی سکیوریٹی کو جانچنے کے لیے کئی مختلف ٹیسٹ چلاتی ہے اور آپ کو بتاتی ہے کہ راؤٹر میں کہاں اور کیا سکیوریٹی خامی موجود ہے۔
راؤٹر چیک ایپلی کیشن بالکل مفت دستیاب ہے۔ اسے استعمال کرنے کے لیے گوگل پلے اسٹور کے درج ذیل ربط پر جائیے:
راؤٹر کی سکیوریٹی کو آزماتے ہوئے یہ ایپلی کیشن عام چیزوں پر بھی نظر رکھتی ہے جیسے کہ راؤٹر پر کوئی پورٹس کھلی تو نہیں، یا ایڈمن کا پاس ورڈ بہت آسان تو نہیں اور یہ چیزیں اس کے ذریعے باآسانی صارف فوراً ٹھیک بھی کر سکتا ہے۔
اس ایپ کی انسٹالیشن کے بعد ٹیسٹ شروع کرنے کے لیے ’’چیک مائی راؤٹر‘‘ پر کلک کریں۔ ایپلی کیشن اس بات کی تصدیق کرے گی کہ واقعی آپ اس وائرلیس نیٹ ورک کے مالک ہیں۔ یہ ٹیسٹ زیادہ دیر نہیں لگاتا، زیادہ تر ایک منٹ میں بھی مکمل ہو جاتا ہے اور آپ کو تفصیلی رپورٹ فراہم کر دی جاتی ہے۔
رپورٹ میں سکیوریٹی خامیوں کی نہ صرف نشاندہی کی جائے گی بلکہ انھیں ٹھیک کرنے کا آپشن بھی موجود ہو گا۔ یعنی ان خامیوں کو آپ اسی ایپلی کیشن کے ذریعے ٹھیک بھی کر سکتے ہیں۔ اکثر مسائل تو صرف ایک کلک سے ٹھیک ہو جائیں گے جبکہ کچھ مسائل کے لیے آپ کو تفصیلی طریقہ کار دِکھایا جائے گا۔ ہم عموماً وائرلیس راؤٹر کی کنفگریشن پر نظر بھی نہیں ڈالتے، حالانکہ یہ انتہائی ضروری ہے کہ ہمارا وائرلیس راؤٹر سکیوریٹی کے لحاظ سے صحیح طور پر کنفیگر ہو۔ اور یقیناً یہ کام انتہائی آسانی سے انجام دینے کے لیے ’’راؤٹر چیک‘‘ ایپلی کیشن آپ کا انتخاب ہونا چاہیے۔
(یہ تحریر کمپیوٹنگ شمارہ اگست 2015 میں شائع ہوئی)
koi aisa software hai jis se pta chal ske ke hmary wifi se kitny devices conect ho gay hain ? or un ko disconect kia ja sakta hai ?
کیا ہی اچھا ہوتا اگر یہ ایپ ونڈوز کے لیے بھی دستیاب ہوتی