سپرماریو رن گیم اسمارٹ فون کے لیے بھی دستیاب ہے
سپرماریو رَن نوے کی دہائی کے بچوں کا پسندیدہ ترین گیم تھا۔ اُس وقت چونکہ محدود تعداد میں گیمز دستیاب تھے اس لیے بچے انہی پر گزارا کرتے تھے یہی وجہ ہے کہ وہ گیمز آج بھی انھیں انتہائی اچھی طرح یاد ہیں۔
کچھ ہی عرصہ پہلے ماریو گیم بنانے والی کمپنی Nintendo نے اس کا اینڈروئیڈ ورژن بنانے کا اعلان کیا تھا۔ جلد ہی یہ گیم اینڈرئیڈ کے لیے دستیاب ہو بھی گیا لیکن اس کی فائنل ریلیز اب ہوئی ہے۔
جی ہاں اب آپ اپنے فون میں موجود اَن آفیشیل سپرماریو رَن کو اَن انسٹال کر سکتے ہیں کیونکہ گوگل پلے اسٹور پر یہ گیم دستیاب ہے اور اسے آپ انسٹال کر سکتے ہیں۔
اینڈروئیڈ اور آئی فون کے لیے فراہم کیے گئے گیم میں ماریو نامی پلمبر روایتی انداز میں دوڑتا ہوا ملے گا جسے آپ چھلانگیں لگوا کر راستے میں آئی رکاوٹوں کو عبور کرتے ہوئے مرحلہ وار آگے بڑھ سکتے ہیں۔
چونکہ آج زمانہ جدید ہو چکا ہے اس لیے گیم کی گرافکس اب انتہائی خوبصورت ہے۔ البتہ ایک بڑی کمی جو آپ کو محسوس ہو گی وہ یہ کہ آپ ماریو کو نہ تو روک سکتے ہیں اور نہ چند قدم پیچھے ہٹ سکتے ہیں۔ یہ بس آگے کی طرف بھاگتا رہتا ہے اور آپ صرف ٹچ کرتے ہوئے اس سے جمپ لگوا سکتے ہیں۔
ایک اور بہت بڑی خرابی مفت ورژن کے محدود لیولز کا ہونا ہے۔ یعنی مفت ورژن میں آپ صرف تین مرحلوں تک کھیل سکتے ہیں اس کے بعد آگے بڑھنے کے لیے 11 امریکی ڈالر کی رقم ادا کرنے کے بعد ہی آپ کو مکمل 24 لیولز تک رسائی ملتی ہے۔ اس کے علاوہ اس کی سب سے بڑی خرابی یہ ہے کہ یہ گیم صرف آن لائن ہی چلے گا۔
اگر آپ انٹرنیٹ سے جڑے ہوئے نہیں ہیں تو معذرت، یہ گیم آپ نہیں کھیل سکتے۔یہی نہیں یہ گیم پوکے مون گو کی طرح انٹرنیٹ کو بھی انتہائی بے دردی سے استعمال کرتا ہے اس لیے اگر آپ محدود بینڈوڈتھ رکھتے ہیں تو اس بات کا ضرور خیال رکھیں۔ اب کی بار گیم کی سب سے خاص بات اس کی خوبصورت گرافکس ہے جس میں آگے بڑھتے ہوئے آپ کو خوبصورت نظارے دیکھنے کو ملتے ہیں۔ اس کے علاوہ اب کوئنز بھی ایک جیسے نہیں رہے بلکہ آپ کو دیگر رنگوں جیسے کہ گلابی اور عنابی رنگ کے سکے بھی دیکھنے کو ملیں گے۔
نوٹ: یہ تحریر کمپیوٹنگ شمارہ 127 میں شائع ہوئی
Comments are closed.