سافٹ ویئر انتبائی پیغامات غلط وقت پر دکھاتے ہیں

یہ خبر سافٹ ویئر ڈیویلپرز کو ضرور محظوظ کرے گی کہ ان کے بہت محنت سے بنائے سافٹ ویئر جب صارف کو کسی غلطی یا خطرے سے آگاہ کرنے کے لئے اسکرین پر پیغام دکھاتے ہیں تو تقریباً نوے فی صد صارفین اس اطلاع کو نظر انداز کردیتے ہیں۔ برگھم ینگ یونی ورسٹی اور گوگل کے تعاون سے ہونے والے ایک تحقیقی مطالعے میں کئ دلچسپ باتیں سامنے آئی ہیں۔ سب سے اہم بات جو ان محققین نے نوٹ کی وہ یہ تھی کہ انتباہی پیغامات موقع محل دیکھے بغیر ظاہر ہوتے ہیں ۔ جس کی وجہ سے صارف پیغام کو نظر انداز ہی نہیں کرتا بلکہ اسے اُن پر غصہ بھی آتا ہے۔ مثلاً آپ کوئی ای میل ٹائپ کررہے ہیں، ویڈیو دیکھ رہے ہیں یا کوئی فائل اپ لوڈ کررہے ہیں اور اچانک سے مائیکروسافٹ ونڈوز کا انتباہی پیغام ظاہر ہوجائے کہ ونڈوز اپ ڈیٹ کریں یا فلاں پروگرام کو آپ کی توجہ درکار ہے۔ اس صورت حال میں آپ کو صرف غصہ ہی نہیں آئے گا بلکہ آپ اس انتباہی پیغام کو فی الفور نظر انداز کرکے اپنا کام جاری رکھیں گے ۔

محققین نے پایا کہ اس وقت جب دماغ پوری طرح سے کسی کام میں مصروف ہو ،وہ وقت ہرگز انتباہی پیغامات یا اطلاعات ظاہر کرنے کے لئے مناسب نہیں۔ ہمارے دماغ کے کام کرنے کا طریقہ کار ہی کچھ ایسا ہے کہ وہ بیک وقت دو کاموں پر مکمل توجہ مرکوز نہیں کرسکتا اور ایسے کرنے کی کوشش میں کارکردگی پر زبردست منفی اثر پڑتا ہے۔

اس تحقیق کے شریک مصنف انتھونی وینسی کہتے ہیں کہ ہمارا دماغ ملٹی ٹاسکنگ (بیک وقت ایک سے زیادہ کام کرنا) کے معاملے میں بہت ناقص ہے اور سافٹ ویئر ڈیویلپر یہ دیکھے بغیر کہ صارف اس وقت کرکیا رہا ہے، ایرر پیغام دکھادیتے ہیں جس کی قیمت انہیں صارف کی نظر اندازی کی شکل میں ادا کرنی پڑتی ہے۔

تحریر جاری ہے۔ یہ بھی پڑھیں

اس مطالعے سے پتا چلا کہ 74 فی صد لوگ اس سکیوریٹی پیغام کو مکمل طور پر نظر انداز کردیتے ہیں جوکسی ویب پیج کو بند کرنے کی کوشش میں ظاہر ہوتا ہے۔ 79 فیصد لوگ جو ویڈیو دیکھ رہے ہیں، ایسے پیغامات پر دھیان نہیں دیتے۔ سب سے زیادہ لوگ یعنی 89 فی صداس وقت ان پیغامات کوان دیکھا کردیتے ہیں جب وہ کوئی کمپیوٹر کے ساتھ معلومات کا تبادلہ کررہے ہوں، مثلاً کنفرمیشن کوڈ ٹائپ کرتے ہوئے ان کو دھیان مکمل طور پر کمپیوٹر کی جانب مبذول ہوتا ہے۔

اس مطالعے کے دوسرے مصنف جیف جنکنز (Jenkins) کہتے ہیں کہ اس مسئلے پر سافٹ ویئر ڈیویلپر آسانی سے قابو پاسکتے ہیں۔ انہیں کرنا صرف یہ ہے کہ انتباہی پیغامات یا اطلاعات اس وقت ظاہر کریں جب صارف کمپیوٹر یا اسمارٹ فون پر کچھ نہ کررہا ہو۔ اس طرح صارف پیغام پر زیادہ بہتر طور پر توجہ دے سکے گا۔ ان کے ماننا ہے کہ صارف جب ویڈیو مکمل طور پر دیکھ چکا ہو ، یا ویب پیج کے مکمل طور پر لوڈ ہونے کا انتظار کررہا ہو ، یہ وہ وقت ہے جب دکھائے گئے پیغامات پر صارف مثبت ردعمل دکھائے گا۔

اگرچہ یہ ایک عام سمجھ بوجھ کی بات ہے۔ لیکن سافٹ ویئر انڈسٹری میں اس کا خیال نہیں رکھا جاتا اور صارفین اہم سکیوریٹی اپ ڈیٹس نصب کرنے کے پیغامات کو ان دیکھا کرکے اپنا ہی نقصان کرتے ہیں۔

Comments are closed.