لوکل نیٹ ورک کے ذریعے پی سی فولڈرز اینڈروئیڈ کے ساتھ شیئر کریں
اسمارٹ فونز کی اسٹوریج اسپیس فی الحال کمپیوٹرز کا مقابلہ نہیں کر سکتی، یہی وجہ ہے کہ ہم اپنا ڈیٹا فون سے پی سی میں بیک اپ کرتے رہتے ہیں۔ اسی طرح اکثر پی سی فون میںفائلیں بھی منتقل کرتے رہتے ہیں۔ کچھ لوگ اس کے لیے فون کیبل کا سہارا لیتے ہیں تو کچھ کلاؤڈ اسٹوریج کو استعمال میں لاتے ہیں۔
اس کام کو آسان بنانے کے لیے ونڈوز فولڈرز تک براہِ راست اسمارٹ فون سے رسائی حاصل کی جا سکتی ہے۔
اس کے لیے وہی پرانا طریقہ استعمال کیا جائے گا کہ فون اور پی سی دونوں ایک ہی نیٹ ورک پر موجود ہوں۔ اس کے بعد پی سی پر جس فولڈر تک رسائی حاصل کرنا ہے اسے شیئر کرنا ہو گا۔
اس لیے سب سے پہلے فولڈر منتخب کریں اور اس پر رائٹ کلک کرتے ہوئے پراپرٹیز میں آجائیں۔ پراپرٹیز کھل جائیں تو ’’شیئرنگ‘‘ کے ٹیب میں آ کر ’’شیئر‘‘ کے بٹن پر کلک کریں۔
اگلے حصے پر پوچھا جائے گا کہ اس فولڈر کو آپ نیٹ ورک پر سبھی کے لیے شیئر کرنا چاہتے ہیں یا مخصوص یوزر کے لیے۔ یہاں بہتر ہے کہ اپنا یوزر منتخب کر لیں اور سامنے موجود ’’پرمیشن لیول‘‘ میں سے ’’ریڈ اینڈ رائٹ‘‘ کے حقوق دے دیں تاکہ آپ فون سے اس فولڈر میں ڈیٹا نہ صرف کاپی کر سکیں بلکہ اپ لوڈ بھی کر سکیں۔
اس کے بعد ’’اوکے‘‘ کر دیں تو اگلے حصے پر اس شیئر کردہ فولڈر کا پاتھ بتایا جائے گا، اس پاتھ کو نوٹ کر لیں۔
اب اس فولڈر تک اینڈروئیڈ کے ذریعے رسائی حاصل کرنے کے لیے آپ کو ’’ای ایس فائل ایکسپلورر‘‘ (ES File Explorer) درکار ہو گا، جسے آپ درج ذیل ربط سے ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں
ای ایس فائل ایکسپلورر میں بائیں طرف موجود اس کے مینو پر کلک کرتے ہوئے نیٹ ورک میں سے LAN پر ٹچ کریں۔
شیئرکردہ فولڈرز کی تلاش کے لیے اوپر موجود گول دائرے جیسے ’’سرچ‘‘ کے بٹن پر کلک کریں ۔ فون نیٹ ورک پر موجود کمپیوٹرز کی تلاش شروع کر دے گا۔
یہاں آپ کا کمپیوٹر بھی دکھائی دینا شروع کر دے گا۔
اس پر کلک کریں تو لاگ اِن کرنے کے لیے کہا جائے گا۔ درست یوزرنیم اور پاس ورڈ کے اندراج کے بعد آپ کا شیئر کیا ہوا فولڈر سامنے موجود ہو گا۔
اب آپ اس فولڈر میں سے نہ صرف ڈیٹا کاپی کر سکتے ہیں بلکہ پیسٹ بھی کر سکتے ہیں۔
اس طرح آپ پی سی پر موجود میڈیا بھی اسٹریم کرتے ہوئے اینڈروئیڈ ڈیوائس پر ملاحظہ کر سکتے ہیں۔
(یہ تحریر کمپیوٹنگ شمارہ فروری 2016 میں شائع ہوئی)
Comments are closed.