سی گیٹ نے 12 ٹیرا بائٹس گنجائش والی ہارڈڈسک فروخت کے لیے پیش کردی
عام کمپیوٹر صارفین کے لیے ایک یا دو ٹیرا بائٹس گنجائش والی ہارڈڈرائیوز مارکیٹ میں عام دستیاب ہیں۔ لیکن جس تیزی سے ڈیٹا کا حجم بڑھتا جارہا ہے، یہ گنجائش بھی کم پڑ رہی ہے۔ اگر آپ بھی ایسے ہی کمپیوٹر صارف ہیں جنہیں ایک یا دو ٹیرا بائٹس سے بھی بڑی گنجائش والی ہارڈڈسک درکار ہے تو خوش ہوجائیں کہ سی گیٹ نے 12 ٹیرا بائٹس کی گنجائش والی ہارڈڈسک فروخت کے لیے پیش کردی ہے۔
یہ ہارڈڈسک 12 ٹیرا بائٹس کی گنجائش والی پہلی ہارڈڈسک ہرگز نہیں ہے۔ کیونکہ 12 ٹیرا بائٹس گنجائش رکھنے والی ہارڈڈسک ڈیٹا سینٹروں اور سرورز کے لیے گزشتہ کافی عرصے سے دستیاب ہیں۔ سی گیٹ کی 12 ٹیرا بائٹس گنجائش والی ہارڈڈسک کی خاص بات یہ ہے کہ اسے عام صارفین کے استعمال کے لیے پیش کیا گیا ہے۔
کچھ عرصہ قبل سی گیٹ نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ 2018ء تک 16 ٹیرا بائٹس گنجائش والی ہارڈڈسک تیار کرلے گا۔
لیکن اس نئی ہارڈڈسک کی قیمت سن کر آپ یقیناً خوش نہیں ہونگے۔ کیونکہ 12 ٹیرا بائٹس گنجائش والی BarraCuda Pro ہارڈڈسک کی قیمت 530 امریکی ڈالر یا تقریباً 54 ہزار پاکستانی روپے ہے۔ ڈسک کا اپنا سائز 3.5 انچ ہے۔ جس کا مطلب ہے کہ اسے کسی بھی ڈیسک ٹاپ کمپیوٹر میں نصب کیا جاسکتا ہے۔
سی گیٹ کی اس نئی ہارڈڈسک میں قرص 7200rpm کی رفتار پر گھومتی ہے اور کمپنی نے اس ہارڈڈسک کی پانچ سال کی وارنٹی بھی دی ہے۔ فی الحال تو اسے پاکستان میں نہیں خریدا جاسکتا۔ لیکن جلد ہی یہ ہارڈڈسک پاکستان میں بھی دستیاب ہوگی۔
Comments are closed.