غلطی سے حذف ہو جانے والی فائلیں واپس حاصل کریں

ڈِسک ڈرِل (Disk Drill)ایسا زبردست ڈیٹا ریکوری پروگرام ہے جو کمپیوٹر سے ڈیلیٹ شدہ ڈیٹا واپس حاصل کرنے میں مدد دیتا ہے۔ یقیناً آپ جانتے ہوں گے کہ جب کمپیوٹر سے کوئی ڈیٹا ڈیلیٹ کیا جاتا ہے تو وہ بظاہر ڈیلیٹ ہو جاتا ہے لیکن وہ بدستور کمپیوٹر میں موجود رہتا ہے چاہے اُسے ری سائیکل بِن سے بھی اُڑا کیوں نہ دیا جائے۔ یہی بات قیمتی ڈیٹا واپس لانے میں مددگار ثابت ہوتی ہے کیونکہ اکثر اہم فائلز بھی غلطی سے ڈیلیٹ ہو جاتی ہیں۔ ویسے تو ڈیٹا ریکوری کے لیے کئی نامی گرامی پروگرامز موجود ہیں لیکن ایک موقع دیں ’’ڈِسک ڈرل‘‘ کو۔ پہلے یہ پروگرام صرف میک سسٹم کے لیے دستیاب تھا لیکن اسے اب ونڈوز کے لیے بھی فراہم کر دیا گیا ہے اور وہ بھی بالکل مفت۔ یہ پروگرام آپ کی کئی صورتوں میں مدد کر سکتا ہے مثلاً کوئی پارٹیشن ضائع ہو گیا ہو، بوٹ کامیاب نہ ہو پا رہا ہو، غلطی سے کوئی ڈیٹا ڈیلیٹ ہو چکا ہو یا میموری کارڈ کرپٹ ہو چکا ہو وغیرہ۔آئیے اس کے فیچرز پر ایک نظر ڈالتے ہیں۔

کوئی بھی ڈرائیو ہو

ڈسک ڈرل ہر طرح کی ڈرائیوز سے ڈیٹا ریکور کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ چاہے وہ آپ کے کمپیوٹر میں نصب ہارڈ ڈسک ہو یا پھر کوئی ایکسٹرنل ہارڈ ڈرائیو، یو ایس بی فلیش ڈرائیو، آئی پوڈ یا میموری کارڈ وغیرہ۔ یہ پروگرام ہر طرح کی ڈرائیوز سے ڈیلیٹ شدہ ڈیٹا ریکور کر سکتا ہے۔

disk-drill-windows-disk-list

کوئی بھی فائل سسٹم ہو

اس پروگرام کے ذریعے ڈیٹا ریکوری کی کوشش کرتے ہوئے آپ کو فائل سسٹم کے بارے میں فکر مند ہونے کی ضرورت نہیں، کیونکہ فائل سسٹم FAT ہو یا NTFS، ونڈوز، میک اور لینکس کے ہر طرح کے فائل سسٹمز کی سپورٹ اس میں بدرجہ اتم موجود ہے۔

پارٹیشن ریکوری

اکثر پارٹیشن خراب ہو جاتا ہے، فارمیٹ ہو جاتا ہے یا کسی اور صورت میں ڈیٹا سسٹم سے غائب ہو جاتا ہے۔ ایسے میں یہ پروگرام آپ کو ڈرائیو اسکین کر کے پرانا نقشہ دکھاتا ہے جس کی مدد سے آپ باآسانی نہ صرف ڈیٹا ریکور کر سکتے ہیں بلکہ پرانا پارٹیشن دوبارہ بنا سکتے ہیں جس میں تمام فائلز بھی موجود ہوں گی۔

disk-drill-windows-deep-scan

ریکوری والٹ

ڈیٹا ریکوری کو آسان بنانے کے لیے اگر آپ اس پروگرام کو انسٹال کر لیتے ہیں تو یہ آئندہ حذف ہونے والی تمام فائلوں کا ریکارڈ اپنے پاس جمع کرنا شروع کر دیتا ہے۔ اس طرح مستقبل میں کسی فائل کی دوبارہ ضرورت پڑنے پر اسے فائل کو واپس لانے کا حکم جاری کیا جا سکتا ہے۔

رفتار اور استعمال میں آسانی

یقیناً اس پروگرام کی خوبیوں نے آپ کو متاثر کیا ہو گا تو یہ بھی جان لیں کہ اسے استعمال کرنا انتہائی آسان ہے۔ اس کا انٹرفیس انتہائی سادہ ہے، بس اپنی ضرورت کے تحت آپشن منتخب کریں اور آرام سے بیٹھ جائیں باقی کام ’’ڈسک ڈرل‘‘ خود دیکھ لے گا۔

ڈاؤن لوڈ کریں
pc.cleverfiles.com
(یہ تحریر کمپیوٹنگ شمارہ جولائی 2015 میں شائع ہوئی)

Comments are closed.