دنیا کا پہلا 5G موڈیم تیار

کوالکوم نے اپنے اگلی نسل کے موڈیم کو متعارف کرتے ہوئے بتایا کہ 5جی نیٹ ورک اس وقت موجودہ تیزرفتارترین ایل ٹی ای ٹیکنالوجی سے بھی 5 گنا زیادہ تیز رفتار ہوگا اور یہ جو فریکوئنسی استعمال کرے گا وہ اب تک کسی سیلولر موڈیم میں استعمال نہیں کی گئی۔ یہ اب تک کی استعمال کی جانے والے سب سے اونچی فریکوئنسی ہے۔

X50 موڈیم 2018 کی پہلی ششماہی میں ہی فروخت کیے جا سکیں گے جبکہ 5 جی نیٹ ورک 2020 تک ہی کام کرنا شروع کرسکیں گے۔ لیکن کوالکوم نے ہانگ کانگ میں ہونے والے 4جی/5جی سمٹ میں اپنی نئی ٹیکنالوجی کے بارے میں بہت کچھ بتایا۔ اسی تقریب میں کوالکم نے گیگا بٹ سپیڈ X16 LTE موڈیم کا بھی اعلان کیا۔

qualcomm-x50-modem

جو نیٹ ورکس X50 کو سپورٹ کرتے ہونگے وہاں صارفین 5 گیگا بٹس فی سیکنڈز تک کی زبردست رفتار سے ڈیٹا ڈاؤن لوڈ کرسکیں گے۔ اس رفتار کو حاصل کرنے کے لیے ملی میٹر ویوو لینتھ کی فریکوئنسی اور کئی جدید تکنیکس استعمال کی جائیں گی۔ اس سے متعلق کوالکوم نے بہت سی معلومات تقریب سے پہلے ہی سلائیڈ شو کی شکل میں شائع کردی تھیں۔

X50ابتدائی طور پر 28 گیگا ہرٹز بینڈ استعمال کرے گا۔ ویریزن 5 جی ٹیکنالوجی فورم اور کوریا ٹیلی کام 5 جی سپیشل انٹرسٹ گروپ بھی اسی فریکوئنسی بیڈ پر کام کررہا ہے۔ یہ اُن بہت سے ملی میٹر بینڈز میں سے ایک ہے جسے 5 جی ٹیکنالوجی میں استعمال کئے جانے کی توقع ہے۔

سیلولر نیٹ ورک ابھی تک 6 گیگا ہرٹز سے کم فریکوئنسی استعمال کرتے ہیں۔ کیونکہ اس سے زیادہ اونچی فریکوئنسی کی حامل موجیں زیادہ دور تک سفر نہیں کرسکتیں اور نہ ہی ان میں ٹھوس اجسام میں سے گزرنے کی صلاحیت ہوتی ہے۔

مستقبل کے موڈیم بہت سی نئی تکنیکس جیسے بیم فارمنگ اور بیم ٹریکنگ کا استعمال کریں گے۔ ان کی مدد سے سیل یعنی موبائل ٹاور کسی مخصوص ڈیوائس تک پہنچنے کے لیے اپنے سگنلز کو مرکوز کرسکے گا اور پھر اس ڈیوائس کی نقل و حرکت کے مطابق سگنلز کے رُخ میں تبدیلی بھی کرتا رہے گا۔ ایکس 50 کی ایک خصوصیت یہ بھی ہے کہ اس کے سگنلز ٹھوس سطح سے ٹکرا کر اُچھلیں گے تاکہ سیل اور صارف کے درمیان موجود ٹھوس اشیاء سے بھی بچتے بچاتے سگنلز بھی موبائل تک پہنچ سکیں۔

qualcomm_x50-spectrum

کوالکوم کو امید ہے کہ وہ ایکس 50 کے محدود تعداد میں نمونے سسٹم بنانے والوں کو 2017ء کی دوسری ششماہی میں بھیج سکے گا۔ایل ٹی ای موڈیم کے ساتھ مل کر X50 موڈیم بیک وقت 4جی اور 5 جی پر کام کرنے والی ڈیوائسز کی بنیاد بنے گا۔ اس بات کا قوی امکان ہے کہ 4 جی اور 5 جی ٹیکنالوجیز اگلے کئی سالوں تک رائج رہیں گی۔ کوالکوم نے مزید بتایا ہے کہ اگلے کچھ ماہ میں ایکس 16 ایل ٹی ای موڈیم پر مبنی ایک ڈیوائس مارکیٹ میں آچکی ہوگی۔ یہ ڈیوائس NetGear Mobile Router MR1100 ہے جسے آسٹریلیوی ٹیلی کام آپریٹر Telstra فروخت کرے گا۔ کمپنی نے مزید کہا کہ ایکس 16 موڈیم کو اسنیپ ڈریگن 800 کلاس پروسیسر کی نئی نسل کے ساتھ بھی مربوط کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ اسنیپ ڈریگن اعلیٰ کارکردگی کے حامل موبائل ڈیوائسز میں استعمال کیا جانے والا پروسیسر ہے۔

Comments are closed.