آپ کی پرانی تصاویر کو نیا پن دینے کے لیے گوگل کی جدید ایپ حاضر ہے
گزشہ ماہ کے شمارے میں ہم نے مائیکروسافٹ کی ڈاکیومنٹ اسکیننگ ایپلی کیشن کے بارے میں لکھا تھا جس کے ذریعے آپ باآسانی اپنی ہر طرح کی دستاویزات کو اسکین کر کے اپنے موبائل فون میں محفوظ کر سکتے ہیں۔ آپ کو یہ سن کر خوشی ہو گی کہ گوگل نے بھی اپنی بالکل ایسی ہی ایپلی کیشن جاری کر دی ہے۔ ’’فوٹو اسکین‘‘ (PhotoScan) نامی یہ ایپلی کیشن بظاہر تو تصویروں کو اسکین کرنے کے لیے بنائی گئی ہے لیکن اس کے ذریعے آپ تصویروں کے علاوہ دوسری دستاویزات کو بھی اسکین کر سکتے ہیں۔
چونکہ آج کل ہم ایک ڈیجیٹل دور میں زندہ ہیں اس لیے پرانی تصویروں کو بھی ڈیجیٹل کاپیز بنانے کے لیے اسکین کرنے کی ضرورت پڑتی ہے۔ لیکن چونکہ اسکینر سبھی کے پاس موجود نہیں ہوتا اس لیے لوگ ان پرانی تصویروں کی اپنے موبائل فون سے تصویر بنا لیتے ہیں تاکہ دوستوں سےا نھیں شیئر کر کے پرانی یادوں کو تازہ کیا جا سکے۔ اس طریقے میں ایک خرابی ہے کہ تصویر کی ڈیجیٹل کاپی بالکل آڑی ترچھی بنتی ہے ۔ اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے آپ کے فون میں کوئی اسکینر ایپلی کیشن موجود ہونی چاہیے۔ اب جب گوگل کی ایپ دستیاب ہو چکی ہے تو بھلا اس کے علاوہ کوئی دوسری ایپ ہمارا انتخاب کیسے ہو سکتی ہے؟
یہ ایپلی کیشن اینڈروئیڈ اور آئی او ایس صارفین کے لیے درج ذیل ربط پر بالکل مفت دستیاب ہے:
google.com/photos/scan
دراصل اس ایپ کے ذریعے گوگل کا مقصد آپ کی پرانی تصویروں کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہے اس لیے جب آپ اس ایپلی کیشن کے ذریعے اپنی کوئی پرانی یا نئی تصویر اسکین کریں گے تو یہ ایپلی کیشن تصویر کے حدود و اربعے کو پہچان کر اضافی حصوں کو تصویر سے نکال دے گی۔ تصویر اگر ٹیڑھی ہو گی تو اسے درست کر دیا جائے گا اور اس کے معیار بھی خود بخود بہتر کر دیا جائے گا۔
ایک تو اسکینر کی دستیابی ہر جگہ ممکن نہیں اور دوسرا ان تکنیکی باتوں سے بھی سبھی لوگ واقف نہیں ہوتے یعنی اسکینر کی موجودگی کے باوجود وہ اچھے نتائج حاصل نہیں کر پاتے۔ اس لیے اگر آپ کے پاس یہ ایپلی کیشن موجود ہو گی تو کسی بھی دستاویز یا تصویر کو شیئر کرنے کے لیے آپ کو اسے اسکین کروانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔
اس کے علاوہ آپ کے پاس ’’گوگل فوٹوز‘‘ ایپلی کیشن بھی موجود ہونی چاہیے تاکہ آپ کی ہر تصویر آپ کے گوگل اکاؤنٹ میں خود بخود محفوظ یعنی بیک اپ ہوتی رہے۔ اس طرح فون سے ڈیلیٹ ہو جانے کے باوجود آپ کی اہم تصاویر گوگل فوٹوز میں صرف آپ کے لیے موجود ہوں گی۔
یہ تحریر کمپیوٹنگ شمارہ نمبر 124 میں شائع ہوئی
Comments are closed.