آن لائن کورسز کے ذریعے اینڈروئیڈ ایپس ڈیویلپمنٹ سیکھیں
اینڈروئیڈ کی مقبولیت کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، بلکہ اس وقت اینڈروئیڈ اپنے عروج پر ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ڈیویلپرز نے اپنا رُخ اینڈروئیڈ ایپلی کیشنز کی ڈیویلپمنٹ کی طرف موڑ لیا ہے کیونکہ اینڈروئیڈ ایپلی کیشنز کی مارکیٹ بہت تیزی سے پھیل رہی ہے۔ کیا آپ کو کبھی اینڈروئیڈ کے لیے ایپلی کیشن بنانے کا خیال آیا ہے؟ اگر ہاں تو یقین جانیں یہ بالکل بھی اتنا مشکل نہیں جتنا آپ اسے سمجھتے ہوں گے۔
پروگرامنگ سیکھنے کے لیے کئی ذرائع آن لائن ہی موجود ہیں۔ ان میں سے اکثر ذرائع مفت ہیں تو کچھ پیسے بھی طلب کرتے ہیں، لیکن ان کی فیس آپ کے قریبی کسی انسٹی ٹیوٹ یا یونیورسٹی سے بھی کم ہو گی۔
آن لائن پڑھائی کے موضوع کا ہم پہلے بھی کمپیوٹنگ میں احاطہ کر چکے ہیں، لیکن اس بار ان سروسز کے خاص ان کورسز کا ذکر کریں گے جو اینڈروئیڈ ایپلی کیشنز کی ڈیویلپمنٹ کے لیے مختص ہیں۔ اس کے علاوہ ان اداروں نے اپنی اینڈروئیڈ ایپلی کیشنز بھی مہیا کر رکھی ہیں تاکہ کمپیوٹر سے دُور ہونے کی صورت میں آپ موبائل سے بھی جہاں چاہیں پڑھائی جاری رکھ سکیں ۔
آڈاسٹی (Udacity)
اینڈروئیڈ ڈیویلپمنٹ کی تعلیم سب تک پہنچانے کے لیے گوگل نے آڈاسٹی آن لائن ایجوکیشنل پورٹل سے اشتراک کر لیا ہے۔ اینڈروئیڈ ڈیویلپمنٹ کے حوالے سے مستند تعلیم حاصل کرنے کے لیے اس ویب سائٹ کا رُخ کیا جا سکتا ہے۔
اگر آپ اسمارٹ ایپلی کیشن کی ڈیویلپمنٹ کے حوالے سے مبتدی ہیں تو پہلے ’’یو ایکس ڈیزائن فار موبائل ڈیویلپرز‘‘ کا رُخ کریں:
یہ بہت ضروری ہے کہ پہلے آپ کو اس حوالے سے بنیادی باتیں پتا ہوں اس لیے اس کورس میں خاص طور پر موبائل ڈیزائن کے حوالے سے بنیادی معلومات فراہم کی جاتی ہے۔ اچھی اینڈروئیڈ ایپلی کیشنز بنانا سیکھنے کا کام اس کورس سے شروع کیا جا جا سکتا ہے۔
اور اگر آپ پروگرامنگ میں بالکل ہی مبتدی ہیں تو ’’جاوا پروگرامنگ سے تعارف‘‘ حاصل کرنے کی ضرورت ہو گی۔ اس کے لیے درج ذیل کورس کو کھولیں:
ایسے لوگ جنھیں پہلے ہی اینڈروئیڈ ڈیویلپمنٹ کے حوالے سے خاطر خواہ معلومات ہو براہِ راست گوگل کے شاندار ’’ڈیویلپنگ اینڈروئیڈ ایپس‘‘ کورس کا رُخ کر سکتے ہیں:
یہ کورس گوگل کے اپنے تین ڈیویلپرز پڑھاتے ہیں۔ اس بات سے آپ اس کورس کی افادیت کا اندازہ لگا سکتے ہیں۔ اس کورس میں وڈیوز اور پروگرامنگ ایکسرسائزز کے ذریعے ایک موسمی ایپلی کیشن بنانا سکھایا جاتا ہے۔
اگر آپ اس کے خودکار طریقے سے سکھانے والے سسٹم کو چُنیں تو یہ مفت ہے۔ یہ اس لیے بھی اچھا ہے کہ اگر آپ صرف یہ جاننا چاہتے ہیں کہ واقعی یہ میدان آپ کا ہے یا نہیں۔ یا پھر یہ جانچنا ہو کہ آپ کتنا مستقل مزاجی سے اسے سیکھ رہے اور کتنا نیا علم حاصل کر رہے ہیں۔
لیکن اگر باقاعدہ حقیقی طرز کی کلاسز لینا چاہیں تو اس کے لیے فیس ادا کرنا ہو گی جو کہ 150 امریکی ڈالر کے لگ بھگ ہے۔ ہو سکتا ہے یہ فیس آپ کو زیادہ لگ رہی ہو لیکن اس کے کافی فوائد بھی ہیں۔ اس کلاس میں آپ نے کیا کچھ سیکھا ہے آپ کی کارکردگی کا جائزہ لے کر آرا سے نوازہ جاتا ہے اور کورس مکمل کرنے پر سرٹیفیکٹ بھی دیا جاتا ہے۔ جس کی بدولت آپ فخریہ سب کو بتا سکتے ہیں کہ آپ ایک اینڈروئیڈ ایپس ڈیویلپر ہیں۔
کورسیرا (Coursera)
کورسیرا بھی ایک معروف تعلیمی پورٹل ہے جہاں اینڈروئیڈ پروگرامنگ کے حوالے سے کلاسیں دی جاتی ہیں۔ اس کے ذریعے آپ ’’موبائل کلاؤڈ کمپیوٹنگ وِد اینڈروئیڈ‘‘ کا سرٹیفکیٹ حاصل کر سکتے ہیں۔
اور اگر آپ کو ایک خاص کورس آزمانا چاہیں تو ’’پروگرامنگ موبائل ایپلی کیشنز فار اینڈروئیڈ ہینڈ ہیلڈ سسٹمز‘‘ کا انتخاب کریں:
آٹھ ہفتوں پر مبنی اس کورس کی کلاسز کے ذریعے آپ جان سکتے ہیں کہ اینڈروئیڈ ایپلی کیشن کیسے بنتی ہے، کیسے نوٹی فیکیشنز دکھاتی ہے، کیسے ڈیٹا کو منظم رکھتی ہے اور وہ دوسری ایپلی کیشنز سے کیسے رابطہ کرتی ہے وغیرہ۔
آڈاسٹی کی طرح کورسیرا کی بھی اینڈروئیڈ ایپلی کیشن موجود ہے جس کے ذریعے پڑھائی کا عمل اسمارٹ فون اور ٹیبلٹ پر بھی جاری رکھا جا سکتا ہے۔
اڈیمی (Udemy)
اڈیمی پر بھی کئی اینڈروئیڈ کورسز موجود ہیں۔ تاہم اگر آپ کسی مفت اور ابتدائی کورس کی تلاش میں ہیں تو ’’اینڈروئیڈ فار بگنرز‘‘ سے آغاز کریں:
اگرچہ یہ کورس پروگرامنگ کی معلومات رکھنے والوں سے لے کر مبتدی افراد تک کے لیے یکساں مفید ہے۔ تاہم کورس میں داخلہ لینے والوں کو پہلے اینڈروئیڈ کے حوالے سے جاوا کی معلومات کا ہونا ضروری ہے۔ جس کے لیے درج ذیل کورس سے رجوع کیا جا سکتا ہے، جس کی فیس 89 امریکی ڈالر ہے۔
ٹری ہاؤس (Treehouse)
ٹری ہاؤس پر اینڈروئیڈ کے حوالے سے بہترین سیکشن موجود ہے۔ جس کی مدد ایک بنیادی اینڈروئیڈ ایپلی کیشن بنائی جا سکتی ہے اور اس ڈیویلپمنٹ کے دوران جاوا کی گتھیاں بھی سلجھائی جا سکتی ہیں۔ دیگر ایجوکیشنل پورٹلز کی طرح یہ بھی صرف اینڈروئیڈ کے موضوع تک محدود نہیں بلکہ یہاں دیگر موضوعات جیسے کہ آئی او ایس، ایچ ٹی ایم ایل، جاوا اور سی ایس ایس وغیرہ کے حوالے سے بھی کورسز موجود ہیں۔ براہ راست اینڈروئیڈ کے سیکشن میں جانے کے لیے درج ذیل ربط پر جائیں:
teamtreehouse.com/library/topic:android
ٹری ہاؤس اپنی خدمات کی بدولت ماہانہ فیس طلب کرتی ہے۔ 25 ڈالر کے بنیادی لیول سے لے کر50 ڈالر کے پروفیشنل لیول یہاں موجود ہیں۔ ٹری ہاؤس کی بھی اینڈروئیڈ ایپلی کیشن دستیاب ہے جس کے ذریعے کمپیوٹر کے علاوہ فون پر بھی سیکھنے کا عمل جاری رکھا جا سکتا ہے۔
اینڈروئیڈ ڈیویلپر ٹریننگ سائٹ
اگر آپ گوگل کے بنائے ٹولز کے ذریعے سیکھنا چاہتے ہیں تو ’’اینڈروئیڈ ڈیویلپر ٹریننگ‘‘ کی ویب سائٹ پر جائیے:
developer.android.com/training/index.html
لیکن یہاں مبتدی حضرات کا داخلہ منع ہے۔ اس ٹریننگ سے وہی لوگ سیکھ سکتے ہیں جو پہلے سے کوڈنگ جانتے ہوں۔ اگر آپ ایک اچھے پروگرامر ہیں تو یہاں موجود ٹیوٹوریئلز کی مدد سے بہت جلد اینڈروئیڈ ایپلی کیشنز بنانا بھی سیکھ سکتے ہیں۔ ان ٹیوٹوریئلز میں اینڈروئیڈ اسٹوڈیو سے تعارف اور طریقہ استعمال، ڈیزائننگ کے اصول، ملٹی میڈیا کا استعمال اور ویئرایبل ڈیوائسز کی سپورٹ کی شمولیت وغیرہ کے بارے میں سکھایا جاتا ہے۔
اگر آپ دیکھنا چاہتے ہیں کہ بڑے لیول کی ڈیویلپمنٹ کیسے کی جاتی ہے تب بھی آپ اس ویب سائٹ پر جا سکتے ہیں۔
ایم آئی ٹی ایپ انوینٹر (MIT App Inventor)
اگر آپ کوڈنگ کے حوالے سے بالکل یا تھوڑا بہت جانتے ہیں اور جاننا چاہتے ہیں کہ ایک پروگرامر کی طرح کیسے کام کیا جاتا ہے تو ’’ایم آئی ٹی ایپ انوینٹر‘‘ ویب سائٹ پر جائیں۔ یہاں ویژیول پروگرامنگ کے ذریعے سیکھنے کا عمل انتہائی آسان بنایا گیا ہے۔ یہ ویژیول پروگرامنگ سافٹ ویئر دراصل گوگل نے بنایا تھا لیکن اب اس کی تمام تر ڈیویلپمنٹ MIT کے ایجوکیشنل ٹول کے تحت ہو رہی ہے۔
اگرچہ یہاں آپ کوئی ایسی ایپلی کیشن تو نہیںبنا سکتے جو آپ کو راتوں رات امیر بنا دے گی البتہ یہاں کئی کام کی ایپلی کیشنز و گیمز ضرور بنا سکتے ہیں۔ اسے استعمال کرنے کے لیے آپ کے پاس گوگل کا اکاؤنٹ موجود ہونا چاہیے۔ جس سے لاگ اِن ہو کر آپ یہاں کام کر سکتے ہیں اور اپنا کام کلاؤڈ میں محفوظ بھی کر سکتے ہیں۔یہاں اینڈروئیڈ ایپلی کیشنز ڈیویلپمنٹ کے حوالے سے کئی ٹیوٹوریئلز موجود ہیں البتہ آپ کو ایپلی کیشنز کی ریئل ٹائم ٹیسٹنگ کے لیے درج ذیل ربط پر موجود ٹول کی ضرورت ہو گی:
(یہ تحریر کمپیوٹنگ شمارہ نومبر 2014 میں شائع ہوئی)
web development k haway sy koi course hain to please un ka link to share karain
realy good sharing i like this sharing
اگر جاوا پروگرامنگ آتی ہو تو
http://developer.android.com/training
کا اچھی طرح مطالعہ کرنے کے بعد کوئی ٹول سیکھنا ضروری ہے، جیسا کہ
http://developer.android.com/tools/studio
Great, these webstes provides courses in all computer related fields and you can go there and get your desired course.