ون پلس تھری اسمارٹ فون جلد آرہا ہے

ون پلس ایک دلچسپ کمپنی ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ کم قیمت پر دوسروں کے مقابلے میں کافی بہتر اسمارٹ فون فراہم کر سکتی ہے تاہم لوگ اس کے دعوت نامے والے نظام سے خوش نہیں۔ اگر آپ ون پلس کا کوئی اسمارٹ فون خریدنا چاہتے ہیں تو ضروری ہے کہ ون پلس آپ کو خود اس کا دعوت نامہ ارسال کرے۔ اس کے بعد ہی آپ ان کا فون خرید سکتے ہیں۔ ون پلس ایکس کے لئے البتہ ایسا نہیں کیا گیا۔ اس لئے امید ہے کہ مستقبل قریب میں آنے والے اسمارٹ فون ون پلس تھری کے لئے بھی دعوت نامے کی شرط نہیں ہوگی۔

ماہ فروری اور مارچ میں پہلے ہی کئی کمپنیوں کی جانب سے خوبصورت، طاقتور اور نت نئے فیچر والے اسمارٹ فونز کا اعلان کیا گیا ہے۔ ون پلس نے بھی اس روش کا مظاہرہ کیا۔ اپنے ایک انٹر ویو میں ون پلس کے شریک بانی کارل پے نے بتایا کہ وہ اپنے نئے فلیگ شپ اسمارٹ فون کو دوسری سہ ماہی کے آخر میں جاری کریں گے، جس کا مطلب ہے کہ ہم ون پلس تھری کو 30 جون سے پہلے دیکھ سکیں گے۔ون پلس کا موبائل فون کے اجرا کی حتمی تاریخ کے اعلان کے بارے میں سابقہ ریکارڈ کچھ زیادہ اچھا نہیں تاہم کارل پے کی بات چیت سے یہ تو پتہ چلا کہ ون پلس اپنے پچھلے بہترین اسمارٹ ون پلس 2 کے جانشین پر کام کر رہا ہے۔

کارل پے نے یہ بھی بتایا کہ نئے فلیگ شپ کا ڈیزائن ون پلس ون، ون پلس 2 اور ون پلس ایکس سے مختلف ہوگا۔اس بات کی وضاحت انہوں نے نہیں کی کہ ون پلس 3 کی خریداری کے لیے بھی کیا پہلے کی طرح دعوت نامہ بھیجنے والا سسٹم ہوگا۔ کمپنی اپنے فونز کی مارکیٹنگ کے لیے نئے طریقے پر کام کر رہی ہے تاہم کمپنی نے مارکیٹنگ حکمت عملی کے بارے میں مزید نہیں بتایا ۔انہوں نے مزید بتایا کہ ون پلس تھری کو کسی مخصوص نیٹ ورک کے لئے مسدود نہیں کیا جائے گا، یعنی یہ Unlocked حالت میں فروخت ہوگا جسے دنیا میں کسی بھی ٹیلی کام نیٹ ورک کے ساتھ استعمال کیا جاسکے گا۔

ایک تبصرہ
  1. iKRAM Abid says

    کمپنی نے گزشتہ کچھ ماہ سے دعوت نامے والا نظام ہمیشہ کے لیے ختم کر دیا ہے.

Comments are closed.