نورٹن زون، ایک محفوظ کلاؤڈ سروس
اگرچہ کلاؤڈ اسٹوریج سروسز کی پہلے ہی کوئی کمی نہیں کیونکہ گوگل ڈرائیو، اسکائی ڈرائیو اور ڈراپ باکس جیسی کئی زبردست سروسز موجود ہیں لیکن حال ہی میں نورٹن کی جانب سے ان سروسز کا نیا حریف ’’نورٹن زون‘‘ متعارف کرایا گیا ہے۔ نورٹن زون کا کہنا ہے کہ اگر آپ کلاؤڈ اسٹوریج پر موجود اپنے ڈیٹا کی سیکیورٹی کے لیے متفکر رہتے ہیں تو نورٹن زون کو آزمائیں۔ اس پر فائلز اپ لوڈ کرتے ہوئے وائرسز یا مال ویئر کے بارے میں پریشان ہونے کی بالکل ضرورت نہیں، کیونکہ فائلز اپ لوڈ ہوتے ہی انھیں خود کار طریقے سے اسکین کر لیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ اپ لوڈ کی گئی فائلز کو اِن کرپٹڈ شکل میں نورٹن کے محفوظ سرورز پر رکھا جاتا ہے۔ نورٹن زون کے ڈیسک ٹاپ کلائنٹ کی انسٹالیشن کے بعد سسٹم پر بننے والے اس کے فولڈر میں کاپی کیا گیا تمام ڈیٹا نورٹن زون میں خود کار طریقے سے اپ لوڈ کر دیا جائے گا۔
چونکہ نورٹن کی پہچان سیکیورٹی سافٹ ویئر بنانے کے حوالے سے ہے اس لیے ’’نورٹن زون‘‘ کلاؤڈ سروس کی کامیابی کے بھی روشن امکانات ہیں۔ نورٹن زون کو استعمال کرنے کے لیے نورٹن پر اکاؤنٹ بنانا ضروری ہے اس کے بعد ابتدائی طور پر پانچ جی بی کی مفت اسپیس فراہم کی جارہی ہے۔ نورٹن زون پر موجود اپنا ڈیٹا دوسروں سے شیئر کرنے کے علاوہ اس کی ایپلی کیشن کے ذریعے اینڈرائیڈ اور آئی او ایس ڈیوائسز سے ایکسس بھی کیا جا سکتا ہے۔
دستیابی: مفت
لمٹ: پانچ جی بی
ونڈوز کے لیے دستیابی ایپلی کیشن کا سائز: 13MB
(یہ تحریر کمپیوٹنگ شمارہ جون 2013 میں شائع ہوئی)
Comments are closed.