ونڈوز7 اور 8 پر ونڈوز10 کی آٹو اپ ڈیٹ ڈِس ایبل کریں
مائیکروسافٹ نے اس بات کو اپنا عزم بنا رکھا ہے کہ ہر ونڈوز صارف ونڈوز10 پر اپ گریڈ ہو جائے۔ اس مقصد کے لیے مائیکروسافٹ نے ونڈوز10 کو پہلے سال استعمال کے لیے بالکل مفت فراہم کیا ہے۔ اس موقعے کا فائدہ اُٹھاتے ہوئے ونڈوز کے زیادہ تر صارفین اس نئی ونڈوز پر اپ گریڈ ہو بھی چکے ہیں۔ ابھی بھی لوگوں کی ایک بڑی تعداد موجود ہے جو اپنی پرانی ونڈوز جیسے کہ 7 اور 8 کو استعمال کرنا پسند کرتے ہیں اور اپ گریڈ ہونا بھی نہیں چاہتے۔ یقیناً آپ کو پتا ہو گا کہ ونڈوز10 کی اپ گریڈ خود بخود سسٹم پر ڈاؤن لوڈ ہو جاتی ہے۔ اگر آپ ونڈوز10 پر منتقل ہونا نہیں چاہتے تو ونڈوز10 کی اپ گریڈ کو ڈاؤن لوڈ نہیں کرنا چاہیے جو کہ 3 جی بی سے زائد سائز کی حامل ہے۔ اس اپ گریڈ کو روکنے کے لیے ہم نے کمپیوٹنگ کے گزشتہ ماہ کے شمارے میں GWX Stopper پروگرام کا ذکر کیا تھا۔ اس ماہ اس حوالے سے ایک نیا اور بہتر پروگرام پیش خدمت ہے۔
’’نیور ٹین‘‘ ایک چھوٹا سا ٹول ہے جو ونڈوز10 کی اپ ڈیٹ کو روکے رکھتا ہے۔ اس پروگرام سے آپ بخوبی ونڈوز10 کی اپ ڈیٹ کو کنٹرول کر سکتے ہیں۔ ایسا نہیں ہے کہ یہ اس اپ ڈیٹ کو مستقل بنیادوں پر بند کر دیتا ہے بلکہ اگر کبھی مستقبل میں آپ کا اپ گریڈ ہونے کا موڈ بن جائے تو اسی پروگرام سے اسے واپس فعال یعنی اِن ایبل بھی کیا جا سکتا ہے۔
Comments are closed.