موزیلا فاؤنڈیشن
جنوری 1998ء میں نیٹ اسکیپ نے اپنے براؤزر نیٹ اسکیپ Communicatorکا اجراء کر کے اس کا سورس کوڈ یا مصدر بھی مفت فراہم کرنے کا اعلان کیا۔ کچھ پروگرامرز نے مل کر Mozilla.org ویب سائٹ بنائی تاکہ وہ لوگ جو موزیلا براؤزر کے پراجیکٹ پر کام کرنا چاہیں انہیں جمع کیا جاسکے جو کہ اصل میں نیٹ اسکیپ براؤزر کی مصدری فائلوں سے بنایا گیا تھا۔
جولائی 2003ء میں نیٹ اسکیپ کی مالک کمپنی AOL نے اپنے براؤزر نیٹ اسکیپ Communicator کے پراجیکٹ کو بند کرنے کا اعلان کردیا جس کے بعد موزیلا فاؤنڈیشن کی با قاعدہ بنیاد رکھ دی گئی جس نے نہ صرف نیٹ اسکیپ کے براؤزر نیٹ اسکیپ Communicator کے مصدر سے بنے موزیلا براؤزر کے پراجیکٹ کے کام کو آگے بڑھانے کا بیڑہ اٹھایا بلکہ اس سے متعلقہ تمام سافٹ ویئر اور ٹیکنالوجیز پر بھی کام کرنے کی ٹھان لی اور ’’سرخ ڈائنو سار‘‘ کو اپنے اس پراجیکٹ کا شعار (لوگو) بنایا۔
موزیلا فاؤنڈیشن صرف موزیلا براؤزر پر ہی کام نہیں کرتی بلکہ اس سے متعلقہ اور بھی بے شمار پراجیکٹس ہیں جن میں اکثر لفظ "zilla” استعمال کیا جاتا ہے، چنانچہ اگر آپ کو کسی سافٹ ویئر یا ٹیکنالوجی میں یہ لفظ ملے تو آپ اندازہ لگاسکتے ہیں کہ یہ موزیلا فاؤنڈیشن کے کسی پراجیکٹ کا ہی حصہ ہوگا، یہ تھا موزیلا فاؤنڈیشن کا مختصر تعارف۔
موزیلا کیا ہے؟
اس سوال کا مختصر جواب ہوگا ’’براؤزر‘‘۔ لیکن یہ سوال درست بھی ہے اور ناقص بھی۔ بات صرف ایک براؤزر تک ہی آکر نہیں رُک جاتی کیونکہ موزیلا فاؤنڈیشن نے نہ صرف بہت ساری ٹیکنالوجیز متعارف کرائی ہیں بلکہ انہیں آگے بھی بڑھایا ہے۔ سافٹ ویئر کی دنیا میں بہت سارے ایسے سافٹ ویئر پراجیکٹ ہیں جو اصل میں موزیلا ہی کی ٹیکنالوجیز استعمال کر رہے ہیں لیکن وہ موزیلا فاؤنڈیشن سے الگ ہیں۔
تو ہمارے سوال کا درست اور مکمل جواب ہوگا: ایک آرگنائزیشن جو ایک موزیلا نامی براؤزر بناتی ہے، اس براؤزر کے ذیلی سافٹ ویئر بھی ہیں جیسے ای میل سافٹ ویئر، چیٹنگ سافٹ ویئر اور بہت سارے دوسرے۔ یہ آرگنائزیشن موزیلا براؤزر سے بالکل الگ بھی ایک براؤزر بناتی ہے جسے موزیلا فائر فوکس کے نام سے جانا جاتا ہے اور ایک ای میل پروگرام جو موزیلا تھنڈر برڈ کے نام سے مشہور ہے۔
صرف یہی نہیں بلکہ یہ فاؤنڈیشن MAC سسٹم کے لئے بھی ایک براؤزر بناتی ہے جس کا نام Camino ہے۔ اس فاؤنڈیشن کے اور بھی بہت سارے پراجیکٹس اور سافٹ ویئر ہیں جیسے Bugzilla جسے سافٹ ویئر میں پروگرامنگ کی غلطیوں اور سیکورٹی ہولز کی دریافت کے لئے استعمال کیا جاتا ہے اور بہت ساری مختلف ٹیکنالوجیز۔
چنانچہ ہمیں موزیلا Foundation ، موزیلا براؤزر اور اس فاؤنڈیشن کے دوسرے سافٹ ویئر اور ٹیکنالوجیز کے درمیان فرق کو سمجھنا ہوگا۔
موزیلا کی ٹیکنالوجیز
قلیل الفاظ میں ان ٹیکنالوجیز کا بیان یقینا بہت مشکل کام ہے، کیونکہ درج ذیل میں ہر ٹیکنالوجی کی تفصیل نہ صرف خاصی طویل ہے بلکہ اگر ہم ان ٹیکنالوجیز کے فوائد اور ان کے استعمال پر بھی بات کریں تو ہمیں ہزاروں نہیں تو سینکڑوں صفحات ضرور درکار ہوں گے نہ کہ ایک چھوٹا سا مضمون۔
Gecko ، XUL (اسے زول Zool پڑھا جاتا ہے)، XPCOM ، Blackwood ،MathML اور Necko
واضح رہے کہ یہ موزیلا فاؤنڈیشن کی تمام ٹیکنالوجیز نہیں ہیں بلکہ صرف چند اہم ٹیکنالوجیز ہیں۔ بہت ساری ٹیکنالوجیز کا میں نے طوالت سے بچنے کے لئے ذکر ہی نہیں کیا۔
موزیلا کی پراڈکٹس
موزیلا براؤزر
موزیلا صرف ایک براؤزر کا نام نہیں، بلکہ مختلف سافٹ ویئر کے ایک مجموعے کا نام ہے (جس میں یقینا براؤزر بھی شامل ہے!) اس کی چند خوبیوں میں پاپ اپ بلاکر جسے بعض غیر معیاری ویب سائٹس پر اچانک اور کثیر تعداد میں ظاہر ہونے والی اشتہاری اور نا پسندیدہ ونڈوز کو روکنے کے لئے استعمال کیا جاتا ہے، بلکہ ایک سے زائد ویب سائٹس ایک ہی ونڈو میں دیکھنے کی خوبی اور بہت ساری دوسری خوبیاں جو پہلی بار اسی براؤزر میں متعارف کرائی گئی تھیں۔ اس پیکج میں ای میل پروگرام، ویب سائٹ ایڈیٹر، IRC چیٹنگ پروگرام اور ایڈریس بْک بھی شامل ہے۔
یہ پیکج بہت سارے آپریٹنگ سسٹمز کے لئے دستیاب ہے جیسے ونڈوز، لینکس، میک وغیرہ۔ سب سے اچھی اور قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ موزیلا آپریٹنگ سسٹم سے بالکل قطع نظر ایک ہی طریقے سے چلتا اور کام کرتا ہے، جس سے بہت سارے امور آسان ہوجاتے ہیں۔ جیسے سپورٹ فراہم کرنا اور براؤزر کے لئے ذیلی سافٹ ویئر یا پلگ اِن وغیرہ تیار کرنا، کیونکہ یہاں آپریٹنگ سسٹم قطعی کوئی اہمیت نہیں رکھتا وہ چاہے جو بھی ہو۔ پروگرامرز کو صرف اس کے سافٹ ویئر بنانے ہیں اور وہ بالکل اسی طریقے سے ان تمام آپریٹنگ سسٹمز پر یکساں طور پر چلیں گے جن آپریٹنگ سسٹمز کے لئے موزیلا دستیاب ہے۔
موزیلا فائر فوکس براؤزر
اگر آپ کو موزیلا میں شامل بھاری بھرکم ذیلی پروگرامز کی ضرورت نہیں ہے اور آپ ایک چھوٹا اور برق رفتار براؤزر تلاش کر رہے ہیں تو یقینا فائر فوکس آپ ہی کے لئے ہے، کیونکہ یہ صرف ایک براؤزر ہے اور موزیلا کے مقابلے میں بہت ہی چھوٹا لیکن خوبیوں سے مالا مال ہے۔ آپ اس سے پوپ اپ بلاک کر سکتے ہیں، ایک ہی ونڈو میں بہت ساری ویب سائٹس دیکھ سکتے ہیں، پسندیدہ روابط مرتب کرسکتے ہیں اور انہیں دوسرے براؤزر سے درآمد اور برآمد کرسکتے ہیں۔ یہی نہیں بلکہ آپ اس میں اضافی پروگرام یا پلگ اِن بھی انسٹال کر سکتے ہیں۔ فائر فوکس بہت ہی پاپولر براؤزر ہے اور انٹرنیٹ پر اس کے پلگ اِن کی بھرمار ہے۔
Camino
Camino براؤزر اپنی بہت ساری خصوصیات میں فائربرڈ سے کافی ملتا جلتا ہے یا صحیح لفظوں میں اس کا ’’فلسفہ!‘‘ ہے۔ کیونکہ کیمینو بہت چھوٹا اور برق رفتار براؤزر ہے اور تقریباً انہی خصوصیات کا حامل ہے جو فائربرڈ میں موجود ہیں۔ کیمینو کو جو چیز فائربرڈ سے ممتاز کرتی ہے وہ یہ ہے کہ یہ صرف Mac OSX سسٹم کے لئے مخصوص ہے اور اپنے مواجہ یا انٹرفیس کے لئے Cocoa (http://developer.apple.com/cocoa) ٹیکنالوجی کا استعمال کرتا ہے جبکہ موزیلا اور فائربرڈ XUL پر مبنی ہیں۔
بگ زیلا
بڑے بڑے پراجیکٹس جیسے آپریٹنگ سسٹمز اور سافٹ ویئر وغیرہ تیار کرنے والے پروگرامرز کو اپنے پراجیکٹس میں غلطیوں اور سیکورٹی ہولز کی دریافت کے لئے ہمیشہ کسی پروگرام یا ٹول کی ضرورت رہی ہے، Bugzilla ایسا ہی ایک پروگرام ہے۔ اس پروگرام کو پہلے TCL لینگویج میں لکھا گیا تاکہ یہ نیٹ اسکیپ کے ایسے ہی ایک نظام کی جگہ لے سکے، پھر اسے Perl لینگویج میں دوبارہ لکھا گیا۔
آج Bugzilla دنیا کے بڑے بڑے اداروں میں، بڑے بڑے پراجیکٹس میں اغلاط کی دریافت کے لئے استعمال ہوتا ہے۔ جیسے امریکی خلائی ادارہ NASA ، IBM اور بہت سارے دوسرے آزاد مصدر پراجیکٹس جس میں لینکس اور یونکس بھی شامل ہیں۔
موزیلا تھنڈر برڈ
تھنڈر برڈ کا آئیڈیا بالکل Firebird براؤزر سے مشابہ ہے۔ یہ موزیلا براؤزر سے بالکل الگ اور خود کفیل ای میل پروگرام ہے جس میں ڈاک کی تصنیف کا بھرپور انتظام ہے تاکہ صارف کو بیکار ای میلز (junk mails)کی بھرمار سے اہم پیغامات کی تلاش کی دِقت سے بچایا جاسکے۔ صارف اپنی ضرورت کے مطابق اور اس کی کارکردگی بڑھانے کے لئے اس میں اضافی پلگ اِن نصب کرسکتا ہے اور اس کی شکل بدلنے کے لئے اس کی تھیم بھی بدل سکتا ہے۔ یہ پروگرام ونڈوز، میک، اور لینکس سسٹمز پر کام کرتا ہے۔
کیلنڈر
موزیلا براؤزر کی ایک خوبی یہ بھی ہے کہ اس میں مزید نئی نئی خوبیوں یا افعال کا اضافہ بڑے آرام سے کیا جاسکتا ہے۔ Calender پراجیکٹ ان میں سے سب سے اہم خوبی ہے جسے موزیلا میں شامل کیا جاسکتا ہے۔
یہ پروگرام ایک مکمل PIM یا personal information manager ہے۔ Calendar کو موزیلا براؤزر سے الگ اور مستقل کرنے کے لئے ایک دوسرا پراجیکٹ بھی ہے جو بہت فعال انداز میں کام کر رہا ہے اور وہ ہے Sunbird۔
Penzilla
کینیڈین کمپنی OEone نے اپنا آپریٹنگ سسٹم HomeBase جاری کیا جسے آپریٹنگ سسٹم کہنا کچھ مبالغہ آرائی ہی ہوگی کیونکہ یہ ایک مکمل آپریٹنگ سسٹم قطعی نہیں تھا، بلکہ سافٹ ویئر کا ایک ایسا مجموعہ تھا جو لینکس پر بیس کرتا تھا۔ اس کی خوبی صرف یہ تھی کہ یہ استعمال میں انتہائی آسان تھا اور ایسے نئے صارفین کی بنیادی ضروریات پوری کرتا تھا جنہیں اپنے کمپیوٹرز میں زیادہ پیچیدگی کچھ اچھی نہیں لگتی۔
HomeBase سسٹم، موزیلا براؤزر کی ٹیکنالوجی پر مبنی ہے یا زیادہ درست الفاظ میں موزیلا کی XUL ٹیکنالوجی پر۔ کمپنی نے بعد میں یہ پروگرام (یا آپریٹنگ سسٹم) بطور اوپن سورس پیش کردیا اور اس کا نام Penzilla رکھ دیا، مگر افسوس کہ کمپنی نے بعد میں HomeBase پر کام بند کرنے کا اعلان کرکے گویا Penzilla پر کام بند کرنے کا اعلان کیا، مگر چونکہ یہ ایک اوپن سورس پروگرام ہے اور اس کا سورس کوڈ اب بھی دستیاب ہے اس لئے اس بات کے کافی امکانات ہیں کہ کبھی کوئی شخص اس پراجیکٹ کو آگے بڑھائے اور اسے ترقی دے۔
Penzilla کے فائدے جاننے کے لئے ہمیں پہلے HomeBase کو سمجھنا ہوگا۔ یہ ایک KDE کی طرح کا انٹرفیس یا ماحول ہے جسے لینکس سسٹم پر آسانی سے فِٹ کیا جاسکتا ہے۔ یہ استعمال میں انتہائی آسان اور سادہ ہے۔ نئے صارف کے لئے اس میں ہر قسم کے سافٹ ویئر موجود ہیں جیسے انٹرنیٹ سرفنگ کے لئے براؤزر، ای میل پروگرام، ایڈریس بْک، پرسنل انفارمیشن منیجر، ورڈ پراسیسر، بہت ساری گیمز اور چھوٹے چھوٹے سافٹ ویئر، اور یہ سب XUL ٹیکنالوجی کو استعمال کرتے ہوئے صرف چھ ماہ کی ریکارڈ مدت میں تیار کیا گیا..!!
HomeBase کے پروگرامر کہتے ہیں کہ اگر موزیلا کی XUL ٹیکنالوجی کی جگہ کوئی اور ٹیکنالوجی استعمال کی جاتی تو اس انٹرفیس کو بنانے میں اس سے کہیں زیادہ وقت درکار ہوتا…!
یہی Penzilla کا سب سے بڑا فائدہ ہے، پروگرامز کی تیاری اور پروگرامنگ کے عمل کو تیز تر کردینا اور بلا تخصیص اور مسائل کے تمام اقسام کے آپریٹنگ سسٹم پر کام کرنے کی مکمل قابلیت رکھنا۔
Mozdev.org
اگر آپ موزیلا کی ٹیکنالوجیز پر مبنی کوئی پراجیکٹ شروع کرنا چاہتے ہیں یا موزیلا براؤزر کے لئے کوئی ذیلی پروگرام ترتیب دینا چاہتے ہیں تو Mozdev.org آپ کے پراجیکٹ کے لئے بہترین جگہ ہے۔ اس سائٹ میں سینکڑوں پراجیکٹس پر پوری دنیا سے پروگرامرز حصہ لیتے ہیں اور بغیر کسی معاوضے کے صرف اس لئے ان پراجیکٹس پر کام کرتے ہیں تاکہ لوگوں کی حوصلہ افزائی کی جاسکے، اوپن سورس کو فروغ دیا جاسکے اور اپنا کام لوگوں تک پہنچایا جاسکے۔
K-Meleon
K-Meleonبراؤزر کی خوبیوں میں اس کا کم حجم ہونے کے ساتھ ساتھ واضح طور پر برق رفتار ہونا ہے۔ صارف کو اس کی مختلف سیٹنگز مرتب کرنے میں قطعی کوئی دشواری نہیں ہوتی۔ جس کی وجہ اس کا آسان اور سادہ انٹرفیس ہے۔ اس کا انٹرفیس XUL کی بجائے Win32 API لینگویج پر مبنی ہے اس لئے یہ صرف ونڈوز سسٹم کے لئے دستیاب ہے۔ یہ پراجیکٹ 2000ء میں ورژن 0.1 سے شروع کیا گیا اور ترقی کرتے کرتے یہ سطور لکھتے وقت اس کا ورژن 1.02 دستیاب ہے، جسے ستمبر 2006ء میں جاری کیا گیا، چونکہ اس کا براؤزر انجن موزیلا کے انجن Gecko پر مبنی ہے اس لئے Gecko کی ہر نئی ریلیز پر اسے تازہ ترین کوڈ سے اپ گریڈ کردیا جاتا ہے۔ اس وقت یہ Gecko کے تازہ ترین کوڈ ورژن 1.8.0.7 پر مبنی ہے۔
ByzantineOS
ایک چھوٹا سا آپریٹنگ سسٹم ہے، جسے ہارڈ ڈسک پر انسٹال کئے بغیر براہِ راست سی ڈی سے چلایا جاسکتا ہے۔ یہ موزیلا کا انٹرفیس استعمال کرتا ہے اور بہت سارے بنیادی وظائف مہیا کرتا ہے جیسے انٹرنیٹ براؤزنگ، ای میل، ورڈ پراسیسر، آڈیو اور ویڈیو فائلیں چلانے کے علاوہ سیٹلائٹ کے مختلف ٹی وی چینل بھی اس سے دیکھے جاسکتے ہیں۔ لینکس کی یہ ڈسٹرو Penzilla پر مبنی ہے۔
Epiphany براؤزر
Epiphany براؤزر کی خوبی یہ ہے کہ اس میں زیادہ توجہ سادگی پر دی گئی ہے یعنی اسے بنانے کا مقصد اسے اختیارات کی بھرمار کرکے بھاری بھرکم کرنا نہیں ہے، اس کا نشانہ وہ صارف ہیں جنہیں اپنی سادہ سی ضروریات پوری کرنے کے لئے ایک سادہ سا براؤزر درکار ہے جس میں ان کے لئے غیر مفید آپشن نہ ہوں۔
یہ براؤزر خاص طور پر لینکس آپریٹنگ سسٹم کے لئے ہے اور اب اسے GNOME میں شامل کرکے اسے GNOME کا باقاعدہ رسمی براؤزر بنالیا گیا ہے۔غیر ضروری آپشن نہ ہونے کی وجہ سے یہ چلنے میں بہت ہلکا پھلکا ہے۔
Nvu
Nvu ایک مکمل ویب سائٹ ڈیزائننگ سافٹ ویئر ہے اور موزیلا براؤزر میں شامل کمپیوزر ایڈیٹر پر مبنی ہے، اینفیو لینکس کے ساتھ ساتھ ونڈوز اور Mac سسٹمز کے لئے بھی دستیاب ہے۔
کچھ عرصہ قبل تک یہ فرنٹ پیج اور ڈریم ویور کے پائے کا پروگرام تھا مگر کام کی سست روی کی وجہ سے یہ کچھ پیچھے رہ گیا ہے۔ اس وقت بھی اس کا ورژن 1.0 دستیاب ہے جسے جون 2005ء میں جاری کیا گیا تھا!!
ماشاءاللہ ایک معلوماتی مضمون ہے۔ اور ہاں بیرون ملک اردو پڑھنے لکھنے والے کس طرح سے بزر یعہ ڈاک کمپیوٹگ میگزین حاصل کر سکتے ہیں ۔ جو ایک معلوماتی رسالہ ہے ۔ https://uploads.disquscdn.com/images/e0797657fde76140d368400bcfc66850bfa8e3529cd0fd79b26d68142e0f78ae.jpg