موزیلا کی جانب سے فائر فاکس او ایس پر چلنے والے پہلے اسمارٹ فونز کا اعلان
موزیلا کو عموماً فائر فاکس ویب براؤزر کے حوالے سے جانا جاتا ہے۔ لیکن اب اس کی ایک نئی پہچان بھی بننے جارہی ہے۔ آج موزیلا نے وہ پہلے 2 اسمارٹ فونز متعارف کروائے ہیں جو Firefox OS آپریٹنگ سسٹم پر مبنی ہیں۔یہ اسمارٹ فونز ZTE Open اور Alcatel One Touch Fire ہیں۔ موزیلا کے مطابق یہ دونوں اسمارٹ فونز ابتداء میں وسطی اور مشرقی یورپ کے ممالک میں ناروے کی ٹیلی کام کمپنی ٹیلی نار کے اشتراک سے فروخت کے لئے پیش کئے جائیں گے۔ اسپین کی ٹیلی کام کمپنی ٹیلی فونیکا نے اعلان کیا ہے کہ ZTE اوپن 90 ڈالر میں 2 جولائی سے ان کےپاس سے خریدا جاسکے گا۔
موزیلا فائر فاکس او ایس HTML پر مبنی، ایک اوپن سورس آپریٹنگ سسٹم ہے جو موزیلا کے مطابق اینڈروئیڈ کا آسان متبادل ثابت ہوگا۔ موزیلا مختلف کمپنیوں کے ساتھ مل کر فائر فاکس او ایس پرچلنے والے اسمارٹ فونز کو دنیا بھر میں فروخت کے لئے پیش کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ خاص طور پر ایشیا، سینٹرل اور ایسٹرن یورپ میں جہاں سستے اینڈروئیڈ فونز کی بھرمار ہے، موزیلا کو امید ہے کہ اس کا آپریٹنگ سسٹم کامیاب ثابت ہوگا۔
ZTE اوپن 3.5 انچ اسکرین، ایک گیگا ہرٹزسنیپ ڈریگن پروسیسر، 256 میگا بائٹس ریم اور 3.2 میگا پگسلز کے کیمرے پر مشتمل ہے۔ اس میں بلیو ٹوتھ، وائی فائی اور جی پی ایس کی سہولت بھی موجود ہے۔ Alcatelون ٹچ فائر فون بھی ایسا ہی ہارڈ ویئر رکھتا ہے۔ البتہ اس میں Qualcomm پروسیسر استعمال کیا گیا ہے۔
Comments are closed.