دنیا بھر میں مائیکروسافٹ ونڈوز استعمال کرنے والے کروڑوں صارفین کے کمپیوٹرز ناقابل استعمال
اس وقت دنیا بھر میں آئی ٹی کمپنیاں اچانک پیدا ہونے والی صورتحال سے نبردآزما ہیں۔ کراؤڈ اسٹرائیک نامی اینٹی وائرس بنانے والی کمپنی کی اپ ڈیٹ نے دنیا بھر میں مائیکروسافٹ ونڈوز استعمال کرنے والے صارفین کے کمپیوٹرز کو ناقابل استعمال بنا دیا ہے۔ ایکس کے مالک ایلن مسک نے اپنی ٹوئیٹ میں اسے آئی ٹی کی سب سے بڑی ناکامی قرار دیا ہے۔
بی بی سی کے مطابق دنیا بھر میں تین ہزار سے زیادہ فلائٹس منسوخ ہوچکی ہیں اور ایئرپورٹس پر شدید رش کا عالم بن چکا ہے۔ جبکہ بینکنگ سروسز اور ہسپتال بھی اس سے متاثر ہیں۔ دوسری جانب کراؤڈ اسٹرائیک کے اپنے شیئرز میں پندرہ فیصد سے زیادہ کی کمی ہوچکی ہے۔ جس کے نیتجے میں کمپنی کی کل مالیت میں سے بارہ ارب ڈالر کم ہوگئے ہیں۔
یاد رہے کہ اس خرابی سے صرف مائیکروسافٹ ونڈوز اور کراؤڈ اسٹرائیک استعمال کرنے والے کمپیوٹرز اور سرورز متاثر ہیں جبکہ لینکس اور ایپل کے صارفین پر اس خرابی سے متاثر نہیں ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ مالیاتی سروسز کے متاثر ہونے سے تنخواہیں اور پنشن ادا کرنے کا نظام بھی متاثر ہورہا ہے۔ جبکہ اس خرابی پر مکمل طور پر قابو پانے کے لیے کئی دن لگ سکتے ہیں۔
فی الحال مائیکروسافٹ نے کمپیوٹر اور سرور کو ری اسٹارٹ کرنے کو ہی مسئلے کا حل قرار دیا ہے۔
Comments are closed.