ایف سکیور بوسٹر سے سست پڑتی اینڈروئیڈ ڈیوائس میں جان ڈالیں

اگر بات کی جائے کہ سسٹم میں جمع ہونے والی فالتو فائلز کارکردگی پر اثر انداز ہوتی ہیں تو یہ بات کمپیوٹر کے ساتھ اینڈروئیڈ ڈیوائس پر بھی صادق آتی ہے۔ چاہے وہ اینڈروئیڈ فون ہو یا ٹیبلٹ، وقت کے ساتھ ساتھ اس پر اتنی غیرضروری فائلز جمع ہو جاتی ہیں کہ ڈیوائس کی کارکردگی پچاس فیصد تک کم ہو جاتی ہے۔ چونکہ اینڈروئیڈ کے لیے نت نئی ایپلی کیشنز اور گیمز بنائی جا رہی ہیں تو صارفین بھی آئے دن کچھ نیا آزماتے ہیں۔ نئی ایپس اور گیمز ڈاؤن لوڈ کرتے ہیں پھر ان میں سے کچھ کو اَن انسٹال کر دیتے ہیں۔ اسی طرح گیمز کی اپ ڈیٹس وغیرہ بھی ڈیوائس کو سست کرنے میں اپنا حصہ ڈالتی رہتی ہیں۔ ایک عام اینڈروئیڈ ڈیوائس کی کارکردگی پر ایپلی کیشن کیشے، ایپ ڈیٹا، ڈاؤن لوڈڈ فائلز اور اَن انسٹال کی گئی ایپلی کیشنز کی باقیات اثر انداز ہوتی ہیں۔

فون کی صفائی کے لیے آپ چاہیں تو کلین ماسٹر استعمال کر سکتے ہیں اور چاہے تو ایواسٹ گرائم فائٹر۔ یہی نہیں ان کے علاوہ بھی کئی ایپلی کیشنز اس کام کے لیے مفت دستیاب ہیں۔ حال ہی میں اینٹی وائرس بنانے والی ایک معروف کمپنی F-Secure نے اس میدان میں اپنا حصہ ڈالتے ہوئے ایک ایپلی کیشن ’’ایف سکیور بوسٹر‘‘ کے نام سے پیش کی ہے۔
ایف سکیور بوسٹر اینڈروئیڈ ڈیوائس میں سے فالتو فائلز وغیرہ ڈیلیٹ کر کے اس کی رفتار کو بڑھانے میں مدد دیتی ہے۔ یہ بیک گراؤنڈ میں چلنے والے غیر ضروری پراسیسز کو بھی بند کر دیتی ہے جس کی وجہ سے فون یا ٹیبلٹ کی بیٹری بھی بہتر کارکردگی دیتی ہے۔اس ایپلی کیشن کو استعمال میں آسان بنانے کے لیے الگ الگ حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔

F-Secure Boosterاسپیڈ اپ سسٹم

’’اسپیڈ اپ سسٹم‘‘ کے ذریعے آپ غیر ضروری پراسیسز بند کر کے ریم کا اضافی استعمال روک سکتے ہیں۔ جس سے فوراً ہی ڈیوائس کی رفتار اچھی ہو جاتی ہے اور بیٹری کا غیر ضروری استعمال بھی بند ہو جاتا ہے۔

ڈیلیٹ ٹریسیسز

تحریر جاری ہے۔ یہ بھی پڑھیں

’’ڈیلیٹ ٹریسیسز‘‘ (Delete Traces) کے حصے میں آپ اپنے فون سے حساس معلومات جیسے کہ کی گئی کالز کی تفصیل، ویب براؤزر کی ہسٹری وغیرہ حذف کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ اہم ذاتی ڈیٹا جو آپ فون میں مزید رکھنا نہیں چاہتے اُسے اس ایپ سے اس طرح حذف کر سکتے ہیں کہ بعد میں ری اسٹور نہ کیا جا سکے۔ یعنی یہ کسی بھی فائل کو مستقبل بنیاد پر ڈیلیٹ کر سکتی ہے۔

کلین اپ اسٹوریج

’’کلین اپ اسٹوریج‘‘ کے ذریعے آپ غیرضروری اور فالتو فائلز کو حذف کر کے خالی ڈسک اسپیس حاصل کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ اس کے ذریعے آپ جو چاہیں ایپلی کیشنز اَن انسٹال بھی کر سکتے ہیں۔

اختتامیہ

اگر آپ اپنے فون کو ہمیشہ بہترین حالت میں رکھنا چاہتے ہیں تو ’’ایف سکیور بوسٹر‘‘ ضرور انسٹال کریں کیونکہ یہ نہ صرف ڈیوائس کو بہتر طور پر چلنے میں مدد دیتی ہے بلکہ غیر ضروری پراسیسز کا خاتمہ کر کے بیٹری ٹائمنگ میں بھی اضافے کا سبب بنتی ہے۔ ہم نے اس ایپلی کیشن کو آزمانے اور اس کے صارفین کی رائے پڑھنے کے بعد اسے آپ کے لیے کمپیوٹنگ کے صفحات پر پیش کیا ہے۔
ایف سکیور بوسٹر نسٹال کرنے کے لیے درج ذیل ربط ملاحظہ کریں:
پلے اسٹور سے انسٹال کریں
(یہ تحریر کمپیوٹنگ شمارہ اگست 2015 میں شائع ہوئی)

Comments are closed.