ماسیوو اوپن آن لائن کورسز
ایڈ ایکس
یہ ویب سائٹ مختلف تعلیمی اداروں کے کورسز کو ایک ترتیب میں ظاہر کرتا ہے۔ ایڈ ایکس اور دیگر آن لائن MOOC ویب سائٹس میں بنیادی فرق یہ ہے کہ ہر کلاس ایک مخصوص دورانیے اور طوالت کی ہوتی ہے۔ جب آپ کورس منتخب کرتے ہیں تو آپ اس کے ہفتے کے مخصوص مطالعے کے گھنٹوں اور اسائنمنٹ کو قبول کرتے ہیں۔
یہاں آپ ہارورڈ ،ایم آئی ٹی، یونی ورسٹی آف کیلی فورنیا برکلے اور دیگر اعلیٰ تعلیمی اداروں کی جانب سے پیش کردہ کورسز کے لیے رجسٹرہو سکتے ہیں۔ اگر آپ کوئی ایسا کورس دیکھ رہے ہیں جو آپ اپنے وقت کے لحاظ سے پورا کرنا چاہتے ہیں تو یہ ویب سائٹ آپ کے لیے نہیں ہے۔ کورس کا مواد اس بات پر منحصر ہے کہ اسے کونسی یونی ورسٹی کی جانب سے پیش کیا جا رہا ہے۔ بہرحال زیادہ تر کورسز ویڈیو ، کتب اور اسسِمنٹ ٹیسٹ کی صورت میں پیش کیے جاتے ہیں۔ یہاں کورسز کی تعداد کافی وسیع ہے ،یہ اس وقت 20 سے زائد مضامین کے 146 سے زائد کورسز 30 سے زائد جامعات کی جانب سے پیش کر رہا ہے۔
یہاں ایسے کورسز بھی موجود ہیں جیسے علمِ فلکیات ، اسپورٹس وغیرہ جو کم ہی کسی اور MOOC ویب سائٹ پر موجود ہیں۔ طلبہ اور ایسے تعلیمی ادارے جو ٹیکنالوجی کے ذریعے اپنی تعلیمی صلاحیتوں میں اہم تبدیلی لانا چاہتے ہیں تو ان کے لیے یہ غیر تجارتی /نان پرافٹ (وقف) اوپن سورس پلیٹ فارم موجود ہے۔
نوا ایڈ
نوا ایڈ 24 مفت کورسز کے ساتھ کچھ فیس ادائیگی والے کورسز بھی پیش کر رہی ہے۔ یہ کورسز 7 زمروں پر محیط ہیں۔ فنانس ، تعلیم، بزنس اسٹریٹجی، فنون، ڈیزائن اینڈ کریٹوٹی،ریاضی اور سائنس ۔ یہ کورسز سیکھنے کے حوالے سے عملی مقاصد رکھتے ہیں۔ یہ کورسز لیکچر، ویڈیو اور دیگر مٹیرئیل پر مشتمل ہوتے ہیں ان میں اسائنمنٹ اور گروپ کی سرگرمیاں بھی شامل ہیں۔ کورس کا امتحان پاس کرنے کے بعد معمولی فیس کے عوض اس کی شراکت دار تعلیمی ادارے سے تسلیم شدہ سند بھی حاصل کی جا سکتی ہے جن میں یونی ورسٹی آف میری لینڈ، پرنسٹن اور یونی ورسٹی آف ورجینیا جیسے بڑے تعلیمی ادارے شامل ہیں۔ اس ویب سائٹ کا استعمال نہایت آسان ہے اور مطلوبہ کورسز کو تلاش کرنا بھی بہت آسان ہے۔اس ویب سائٹ کے سوشل میڈیا ربط بھی موجود ہیں جن میں پروفیشنل افراد کے لیے لنکڈ ان کا ربط بھی موجود ہے۔
کینوس نیٹ ورک
کینوس نیٹ ورک 30 سے زائد کورسز آفر کر رہا ہے جو کئی زمروں پر محیط ہیں۔ ان میں فنون، کاروبار، ماحولیات، تاریخ، ریاضی، طب ، ادب و دیگر شامل ہیں۔ یہاں کورس مٹیرئیل، اسائنمنٹ، امتحان ، گریڈ اور سند مختلف کورسز کے لیے مختلف ہیں جس کا انحصار کورس فراہم کرنے والے پر ہوتا ہے۔ یہاں ہر کورس کے لیے علیحدہ بحث و مباحثے کا فورم ہے۔ اگرچہ اس پر سوشل میڈیا کے ربط کے لیے ٹوئٹر موجود ہے تاہم فیس بک لائیک بٹن سے آپ اپنے فیس بک کے دوستوں کو اپنی سرگرمیوں سے آگاہ کر سکتے ہیں۔ کینوس نیٹ ورک کی خاص بات یہ ہے کہ آپ کا کچھ کام content ماہرین کے ذریعے چیک ہو تا ہے اور کچھ کام peers کے ذریعے چیک ہوتا ہے۔ نیز وہ اساتذہ جو اس ذریعہ تعلیم میں پڑھانے کا ارادہ رکھتے ہیں تو canvas کا پلیٹ فارم انھیں خوش آمدید کہتا ہے۔
Comments are closed.