کسی کی بھی فیس بک پروفائل دیکھیں ایک نئے انداز میں

اس وقت تقریباً ہر انٹرنیٹ استعمال کرنے والا فیس بک ضرور استعمال کرتا ہے۔ فیس بک کے بارے میں تو سبھی کو پتا ہے لیکن اس کی پرائیویسی سیٹنگز کے بارے میں لوگ کم ہی جانتے ہیں۔ فیس بک پر کچھ اپ لوڈ کرتے ہوئے، لکھتے ہوئے یا لائیک وغیرہ کرتے ہوئے انھیں اس بات کا بالکل بھی اندازہ نہیں ہوتا اس کی خبر کس کس کو ہو رہی ہے۔ فیس بک پر آپ جو کچھ بھی لائیک کرتے ہیں یا پوسٹ کرتے ہیں وہ ایک لمبے عرصے تک دوسروں کے سامنے رہتا ہے۔

 

فیس بک پر ہر کسی کہ کچھ نہ کچھ معلومات ضرور Public ہوتی ہے یعنی اس معلومات کو وہ لوگ بھی دیکھ سکتے ہیں جو اُن کے فیس بک پر دوست نہیں ہوتے۔ اس کے علاوہ دوست تو وہ معلومات بھی دیکھ سکتے ہیں جس کا آپ کو اندازہ نہیں ہوتا بلکہ آپ سمجھ رہے ہوتے ہیں اس کی آپ کے علاوہ کسی کو خبر نہیں۔

فیس بک پر آپ کے بارے میں کون کون سی باتیں پبلک ہیں یہ جاننے کے لیے اپنا فیس بک اکاؤنٹ کھنگالنا پڑتا ہے جو کہ ایک مشکل کام ہے۔ اسے آسان بنانے کے لیے آپ ’’اسٹاک اسکین‘‘ ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں:
stalkscan.com

اس ٹول کی مدد سے آپ اپنی اور کسی کی بھی فیس بک پروفائل پر پبلکلی شیئر کردہ معلومات باآسانی اور فہرست وار دیکھ سکتے ہیں۔ آپ جس کی پروفائل دیکھ رہے ہوں اگر وہ آپ کا دوست ہو تو آپ مزید دلچسپ معلومات یہاں دیکھ سکتے ہیں مثلاً اس کی ماضی میں لائیک کردہ تمام تصاویر، اُس نے کن کن مقامات پر چیک اِن کیا، کون کون سی گیمز کھیلی وغیرہ۔

فیس بک ویسے اس طرح کی سروسز کو پسند نہیں کرتی اور ہمیشہ یہ کچھ عرصے بعد بند ہو جاتی ہیں لیکن اس بار دیکھنا ہے کہ یہ ویب سائٹ کتنے عرصے تک چلتی ہے کیونکہ بظاہر یہ فیس بک کے کسی قانون کی خلاف ورزی نہیں کرتی۔

نوٹ: یہ تحریر کمپیوٹنگ شمارہ 126 میں شائع ہوئی

اگر آپ یہ اور اس جیسی درجنوں معلوماتی تحاریر پڑھنا چاہتے ہیں تو گھر بیٹھے کمپیوٹنگ کا تازہ شمارہ حاصل کریں۔

Comments are closed.