سسٹم یو ایس بی سے لاگ اِن کریں
اکثر لوگ ونڈوز کا پاس ورڈ بھول جاتے ہیں، اس صورت میں اگر آپ کے پاس ایک حفاظتی لاگ ان ڈیوائس موجود ہو تو کوئی مسئلہ نہیں ہوتا۔ اس کے علاوہ طویل اور مشکل پاس ورڈ بار بار ٹائپ کرنا بھی کوئی آسان کام نہیں۔
VSUsbLogon کی مدد سے آپ ایک لاگ اِن ڈیوائس تیار کر سکتے ہیں وہ بھی بہت آسانی کے ساتھ۔اس کام کے لیے آپ کوئی بھی یو ایس بی فلیش ڈرائیو، یو ایس بی ہارڈ ڈرائیو، آئی پوڈ، آئی فون اور سام سانگ گلیکسی وغیرہ بھی استعمال کر سکتے ہیں۔ مزیدار بات یہ ہے کہ اس پروگرام کے ذریعے کوئی ڈیوائس لاگ ان ڈیوائس بنائیں تو ڈیوائس پر کسی قسم کی کوئی چیز انسٹال نہیں ہوتی۔ بلکہ یہ پروگرام ڈیوائس کی خاص آئی ڈی کو نوٹ کر لیتا ہے اور اس کے سسٹم میں پلگ ہونے کی صورت میں سسٹم لاگ ان ہو جاتا ہے۔
اس پروگرام کو ڈاؤن لوڈ کر کے چلائیں، اپنی ڈیوائس منتخب کریں اور چھوٹا سا فارم بھر کے اوکے کر دیں۔ یہاں آپ کو ونڈوز کا پاس ورڈ بھی ٹائپ کرنا ہو گا۔ اس میں آپ ایک pin بھی بنا سکتے ہیں یعنی یو ایس بی پلگ کر کے پن ٹائپ کرنا ہو گا لیکن اگر Auto logon پر چیک لگا دیں تو یہ ضرورت بھی نہیں رہے گی۔
اگلی بار جب سسٹم آن کریں اور سسٹم پاس ورڈ مانگے تو اپنی سیٹ کی ہوئی ڈیوائس کمپیوٹر سے اٹیچ کر دیں، سسٹم فوراً ہی لاگ اِن ہو جائے گا۔ اس کے علاوہ اگر سسٹم لاک کریں تو یوزرنیم اور پاس ورڈ ٹائپ کرنے کے ساتھ ساتھ اس کا بٹن بھی آرہا ہو گا۔ اپنی یو ایس بی سسٹم میں پلگ کر کے اس آپشن پر کلک کرنے سے بھی سسٹم لاگ ان ہو جائے گا۔
لاگ ان ڈیوائس جب چاہیں بدلی بھی جا سکتی ہے۔ اس کام کے لیے اسائن کی گئی ڈیوائس کو ’’اَن اسائن‘‘ کر دیں۔ اس کے علاوہ بھی تمام قسم کی تبدیلیاں کرنے کی اجازت ہوتی ہے۔
اس پروگرام کو احتیاط کے ساتھ انسٹال کریں کیونکہ یہ ساتھ میں فالتو ٹول بار اور دیگر سافٹ ویئر بھی انسٹال کر دیتا ہے۔ اس لیے دیگر چیزوں کو مت انسٹال ہونے دیں۔
یہ پروگرام ونڈوز وستا، سیون اور ایٹ کے لیے دستیاب ہے۔
ڈیویلپر کی ویب سائٹ
دستیابی: مفت
(یہ تحریر کمپیوٹنگ شمارہ فروری 2014 میں شائع ہوئی)
شـــــــــــــــــــــــــــکر یہ
شـــــــــــــــــــــــــــکر یہ