اب آپ بے فکر ہو کر اپنا فون بچوں کو گیمز کھیلنے کے لیے دے سکتے ہیں
آج کل اسمارٹ فون پر گیم کھیلنا بچوں کا پسندیدہ مشغلہ ہے۔ کوئی بھی جگہ ہو بچے تنگ کر رہے ہوں تو ان سے بچنے کا آسان حل یہی بن گیا ہے کہ انھیں فون میں موجود گیم کھیلنے میں مشغول کر دیں۔ لیکن فون سے ہمارے دیگر معاملات بھی چلتے ہیں تو بچوں کو صرف گیمز تک کیسے محدود رکھا جائے؟ اکثر بچے گیم کھیلتے ہوئے کال ملا بیٹھتے ہیں۔ اس کے علاوہ گیمز میں اشتہارات کی بھرمار ہوتی ہے، وہ ان رنگ برنگے اشتہارات سے متاثر ہو کر آپ کے فون میں کوئی فالتو ایپلی کیشن یا وائرس بھی پہنچا سکتے ہیں۔
اس مسئلے کا بڑا آسان حل ’’کڈز پلیس‘‘ (Kids Place)کی صورت میں سامنے آیا ہے۔ اس ایپلی کیشن نے ایک زبردست خیال پیش کیا ہے کہ اس میں صرف ان ایپلی کیشنز کو شامل کر دیں جو بچے استعمال کر سکیں۔ ان کے علاوہ ان کی فون میں کسی چیز پر دسترس نہیں ہو گی۔
کڈز پلیس ایپلی کیشن استعمال میں بھی انتہائی آسان ہے۔ اسے آپ گوگل پلے اسٹور کے درج ذیل ربط سے انسٹال کر سکتے ہیں:
انسٹالیشن کے بعد جب آپ اسے چلائیں تو سب سے پہلے چار ہندسی پاس ورڈ سیٹ کرنا ہو گا، تاکہ اس کے ذریعے آپ کو فون پر مکمل اختیار مل سکے۔ پاس ورڈ بھولنے کا خدشہ ہو تو ریکوری کے لیے ای میل ایڈریس بھی شامل کیا جا سکتا ہے۔ اس کے بعد بس آپ کو ’’کڈز پلیس‘‘ میں طے کرنا ہے کہ اسے چلاتے ہی فون پر کیا کیا سروسز یا ایپلی کیشنز دستیاب رہیں اور باقی سب کچھ بند ہو جائے۔
آئیے اس کے اہم اہم فیچرز پر ایک نظر ڈالتے ہیں۔
اس میں ایپلی کیشنز منتخب کریں، جو آپ چاہتے ہیں کہ بچوں کے لیے قابل رسائی ہوں۔چاہے وہ سسٹم ایپس ہوں یا نصب شدہ، جیسے کہ کوئی گیم یا پھر کلاک اور کیمرہ وغیرہ۔پیرینٹل کنٹرول، اس حصے میں آپ فون کے فیچرز کو کھول یا اجازت دے سکتے ہیں۔ یعنی اگر آپ نہیں چاہتے کہ بچے گیم کھیلتے ہوئے پلے اسٹور کھولیں، یا فون پر انٹرنیٹ چل رہا ہو، والیم بڑھایا نہ جا سکے یا فون ری اسٹارٹ کیا جا سکے۔ یہ فیچر انتہائی مفید ہے کیونکہ گیمز انٹرنیٹ استعمال کرتے ہوئے مختلف اشتہارات دکھانا شروع کر دیتی ہیں۔ یہ فیچر اس دوران انٹرنیٹ کوبند کر کے اس جھنجٹ سے محفوظ رکھتا ہے۔
ٹائمر، اس میں آپ اوقات مقرر کر سکتے ہیں اور یہ روزانہ کی بنیاد پر بھی ہو سکتا ہے۔ مثلاً آپ چاہتے ہیں کہ فلاں فلاں دن اتنی دیر تک کے لیے گیمز کھیلے جا سکیں تو یہ فون اس کے علاوہ بچوں کو فون سے چھیڑخانی نہیں کرنے دے گا۔ یا پھر آپ ’’کڈز پلیس‘‘ ایپلی کیشن چلائیں اور اس میں طے کر دیں کہ صرف فلاں گھنٹے تک یہ کام کرے اس کے بعد فون لاک ہو جائے۔ اس فیچر کو فعال کرنے کے لیے آپ کو اس میں ایک اور ایپلی کیشن شامل کرنے کا کہا جائے گا۔ غرض اس ایپلی کیشن میں انتہائی مفید فیچرز موجود ہیں جو کہ آج کل ہر کسی کو ضرورت ہیں۔ اگر آپ اپنے اہم معاملات کو بچوں کی پہنچ سے دُور رکھنا چاہتے ہیں تو اس ایپ کو ضرور انسٹال کریں۔
(یہ تحریر کمپیوٹنگ شمارہ جولائی 2015 میں شائع ہوئی)
Comments are closed.