آئی پیڈ کو تبدیل کریں ٹچ اسکرین میک بک پرو میں
ایپل تو اپنی ڈیوائسز سے بٹن نکال رہا ہے لیکن چند ڈیولپرز ایسے ہیں جو آئی او ایس ڈیوائس میں نیا بٹن ڈھونڈنے کی کوشش کر رہے ہیں اور کامیاب بھی ہوگئے ہیں۔ پہلی نظر میں تو یہ آئی فون ایکس کے لیے ایک بہترین حل لگا کیونکہ وہ بغیر بٹن والا پہلا آئی فون ہے لیکن یہ ڈیولپرز کچھ اور ہی کر رہے تھے، انہوں نے یہ کارنامہ انجام دے کر اصل میں ایک آئی پیڈ کو ٹچ اسکرین میک بک میں تبدیل کردیا ہے۔
اگر مائیکروسافٹ کا سرفیس بک دیکھنے کے بعد آپ کے دل سے بھی ایک ہوک اٹھتی ہے تو یہ آپ ہی کے لیے ہے۔ شاید ایسٹرو ایچ کیو کو بھی یہی سوجھی تھی جس نے ‘لونا ڈسپلے’ کے نام سے اپنا ایک منصوبہ کک اسٹارٹر پر شروع کیا۔ ہدف تو صرف 30 ہزار ڈالرز تھا لیکن اب تک وہ 6لاکھ 10 ہزار ڈالرز کی بڑی رقم جمع کر چکے ہیں۔
ایسٹرو ایچ کیو دراصل ایک ایسی میموری اسٹک جیسی ڈیوائس پیش کر رہا ہے جو آئی پیڈ کے ڈسپلے کو بغیر کسی تار کے میک سے جوڑتی ہے اور یوں بن جاتا ہے ایک ٹچ اسکرین میک بک، وہ بھی ایپل کا تیار کردہ !
اس انوکھی پروڈکٹ کی قیمت بھی صرف 65 ڈالرز ہے اور اگلے سال مئی سے دستیاب ہوگی۔ اگر آپ کو ہماری باتیں سمجھ نہیں آ رہیں تو یہ وڈیو دیکھیں، سمجھ آ جائے گا۔
ایسٹروایچ کیو نے آئی پیڈ کے فرنٹ کیمرے سے ایک بٹن کا کام لیا ہے۔ اس ‘بٹن’ کا مقصد دراصل بوقت ضرورت ایک مینیو (menu) کھولنا ہے۔ بالکل اس طرح:
کیا کوئی ہمت کرے گا کہ آئی فون ایکس کے لیے بھی ایسی کوئی چیز بنائے؟ یاد رہے کہ آئی او ایس ڈیوائس میں سیکنڈری ہوم بٹن بنانا ناممکن ہے جب تک کہ فون کو جیل بریک نہ کیا جائے، یعنی وہ کام جس کی اجازت ایپل ڈیولپرز کو نہیں دیتا۔ کم از کم آئی فون ایکس خریدتے ہی کوئی ایسی حرکت نہیں کرے گا کیونکہ اس کا مطلب ہے پہلے ہی دن وارنٹی ختم۔
لیکن بات یہ ہے کہ کیمرے سے جو کام ایسٹرو ایچ کیو نے لیا ہے، وہ کمال کا ہے، یعنی آئی پیڈ میں میک کے مزے!
Comments are closed.