جعلی، دھمکی آمیز کالز اور دیگر سائبر کرائمز کو رپورٹ کریں
ہمارے ہاں ابھی تک فون کالز اور میسجز کے ذریعے جعل سازی عروج پر ہے۔ یہ معاملہ صرف جعل سازی تک محدود نہیں بلکہ انجان نمبروں سے کالز کر کے دوسروں کو ڈرانا دھمکانا بھی ہمارے ہاں ایک معمولی سی بات ہے۔ یاد رکھیں کہ جب تک آپ ان جرائم یا درست الفاظ میں سائبر کرائمز کی شکایت نہیں کریں گے یہ جاری رہیں گے۔ اس لیے کسی بھی ایسے حادثے کی صورت میں فوری طور پر اس کی شکایت ضرور کریں تاکہ ان لوگوں کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جا سکے۔
اس حوالے سے ہم کئی دفعہ پہلے بھی ذکر کر چکے ہیں لیکن ابھی تک قارئین ہم سے رابطہ کر کے طریقہ پوچھتے کہ کس طرح جعلی کالز اور پیغامات کے خلاف شکایت درج کرائی جا سکتی ہے۔ یہ بہت ہی آسان ہے ، اس کے لیے آپ کو کہیں آن لائن جا کر کسی قسم کا لمبا چوڑا فارم بھرنے کی ضرورت نہیں بلکہ بس ایک کال کر کے آپ اس کی شکایت درج کروا سکتے ہیں۔
اس حوالے سے سب سے پہلے تو پی ٹی اے کا یہ کہنا ہے کہ گمنام نمبروں سے آنے والی کالز یا میسج میں بتائے گئے انعام کے لالچ میں کسی قسم کی رقم کسی کو ادا نہ کریں اور نہ اپنے کریڈٹ کارڈ یا بینک کی تفصیلات کسی کو دیں۔
ایف آئی اے (FIA) میں سائبرکرائم کی شکایت درج کروانے کے لیے آپ 9911 یا پھر 111-345-786 پر رابطہ کریں۔اگر آپ کو کوئی دھمکی آمیز پیغام ملا ہے تو اس کے لیے میسج بھیجنے والے کا نمبر اسپیس دینے کے بعد اس کا میسج لکھیں اور اسے 9000 پر بھیج دیں تو آپ کی شکایت کا جائزہ لیا جائے گا۔
اگر آپ کو بہت زیادہ تشہیری پیغامات مل رہے ہوں تو ان سے جان چھڑانے کے لیے اپنے موبائل آپریٹر کو کال کریں اور ان تشہیری پیغامات کو بند کرنے کی درخواست کریں۔ اگر اس سے بات نہ بنے تو REG لکھ کر 3627 پر ایس ایم ایس بھیج دیں۔ اس طرح آپ کو “Do Not Call Register (DNCR)” میں رجسٹر کر لیا جائے گا اور یہ تشہیری پیغامات ملنا بند ہو جائیں گے۔ جب آپ کا موبائل آپریٹر اس مسئلے کو حل کر دے تو آپ UNREG لکھ کر 3627 پر بھیجنے سے اس سروس کو غیر فعال کر سکتے ہیں۔
اس کے علاوہ آپ سائبر کرائمز کی شکایات کے لیے www.nr3c.gov.pk اور fia.gov.pk کی ویب سائٹ پر بھی جا سکتے ہیں۔
نوٹ: یہ تحریر کمپیوٹنگ شمارہ 126 میں شائع ہوئی
اگر آپ یہ اور اس جیسی درجنوں معلوماتی تحاریر پڑھنا چاہتے ہیں تو گھر بیٹھے کمپیوٹنگ کا تازہ شمارہ حاصل کریں۔
Comments are closed.