ونڈوز اسٹکی نوٹس کا فونٹ کیسے بدلیں
مائیکروسافٹ ونڈوز اسٹکی نوٹس (Sticky Notes) میں بطور فونٹ Segoe نامی فونٹ استعمال کرتی ہے۔ لیکن اسے تبدیل کرنے کا کوئی آپشن اسٹکی نوٹس میں موجود نہیں۔ اس مسئلے کو کئی طریقوں سے حل کیا جاسکتا ہے۔ پہلا طریقہ یہ ہے کہ Segoe فونٹ فیملی کو ونڈوز سے Uninstall کردیں۔ رَن باکس کھولیں اور اس میں fonts لکھ کر اینٹر کا بٹن دبا دیں۔ کھلنے والی ونڈو میں Segoe فونٹ تلاش کریں اور اس پر کلک کرکے کی بورڈ سے ڈیلیٹ کا بٹن دبا دیں۔ فونٹ کے ڈیلیٹ ہوجانے کے بعد اسٹکی نوٹس خود بخود MS Sans Serif کو بطور فونٹ استعمال کرنا شروع کردیں گے۔
دوسرا طریقہ یہ ہے کہ رجسٹری کے ذریعے Segoe فیملی کے فونٹس کی فونٹ فائل ہی بدل دی جائے۔ نوٹ پیڈ کھولیں اور اس میں درج ذیل کوڈ ٹائپ کریں:
REGEDIT4 [HKEY_LOCAL_MACHINE\SOFTWARE\Microsoft\Windows NT\CurrentVersion\Fonts] "Segoe Print (TrueType)"="consola.ttf" "Segoe Print Bold (TrueType)"="consolab.ttf"
اس کوڈ کو sticky.reg کے نام سے ڈیسک ٹاپ پر محفوظ کریں اور پھر اس پر ماؤس کے ذریعے دو بار کلک کرکے اسے رجسٹری میں شامل کردیں۔ کمپیوٹر ری اسٹارٹ کریں اور اسٹکی نوٹس کھولیں۔ آپ دیکھیں گے کہ اسٹکی نوٹس کا فونٹ تبدیل ہوگیا ہے۔
تیسرا طریقہ یہ ہے کہ آپ مائیکروسافٹ ورڈ میں اپنے من پسند فونٹ میں نوٹس ٹائپ کریں اور انہیں من چاہا فونٹ سائز بھی دیں۔ اس کے بعد ان نوٹس کو وہاں سے کاپی کرکے اسٹکی نوٹس میں پیسٹ کردیں۔ اس طریقے میں آپ ایک ہی اسٹکی نوٹ میں کئی فونٹس استعمال کرسکتے ہیں اور ہر نوٹ کو الگ الگ فونٹ سائز بھی دے سکتے ہیں۔
(یہ تحریر کمپیوٹنگ شمارہ مئی2015 میں شائع ہوئی)
Comments are closed.