یوٹیوب پر موجود غیر ضروری اور غیر اخلاقی وڈیوز بلاک کریں

آن لائن وڈیوز دیکھنے کے لیے یوٹیوب دنیا کا سب سے بڑا ذریعہ ہے۔ یوٹیوب پر دنیا بھر سے تمام موضوعات پر نت نئی وڈیوز اپ لوڈ کی جاتی ہیں۔ عام گھریلو صارفین یوٹیوب کو کھولنے سے کتراتے ہیں کیونکہ اس پر اکثر غیراخلاقی مواد سامنے آجاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیے: بچوں کے لیے خصوصی اور محفوظ یوٹیوب ایپلی کیشن

اس غیر اخلاقی مواد سے بچنے کے کئی طریقے موجود ہیں جیسے کہ ہم نے گزشتہ شماروں میں بتایا ہے کہ یوٹیوب پر Restricted Mode فعال کر کے ان وڈیوز سے بچا جا سکتا ہے۔

یوٹیوب پر غیر اخلاقی وڈیوز کیسے بلاک کریں

لیکن اکثر لوگوں نے شکایت کی کہ اس کے باوجود بھی اکثر غیر اخلاقی وڈیوز سامنے آجاتی ہیں کیونکہ آج کل وڈیوز فحاش گوئی شامل کی جا رہی ہے جن کو یوٹیوب خود نہیں پہچان پاتی کہ وہ کوئی عام لیکچر ہے یا فحاش لیکچر۔

youtube-homepage

انتہائی افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ ہمارے ہاں غیر اخلاقی وڈیوز دیکھنے کا رجحان انتہائی زیادہ ہے اور چونکہ یوٹیوب مقبول وڈیوز کو سب سے پہلے اپنے ہوم پیج پر دِکھاتا ہے اس لیے ناچاہتے ہوئے سب کو انھیں بھگتنا پڑتا ہے۔

اپنے بچوں کو انٹرنیٹ پر غیر اخلاقی مواد سے محفوظ رکھیں

افسوس کا مقام یہیں ختم نہیں ہوتا، بلکہ یہ دیکھ کر مزید دُکھ ہوتا ہے کہ یہ وڈیوز بنانے والے کوئی غیر ملکی نہیں جو یہ گند ہم پر مسلط کر رہے ہوں بلکہ ہمارے اپنے ہم وطن دوسروں کی دلچسپی کو مدِنظر رکھتے ہوئے انتہائی غیراخلاقی موضوعات پر وڈیوز بنا کر اپ لوڈ کر رہے ہیں چونکہ انھیں دیکھنے والوں کی بڑی تعداد موجود ہے اس لیے وہ اپنے چینلز کے ذریعے کمائی کرنے میں بھی مصروف ہیں۔

اگر لوگ ان وڈیوز کو دیکھنا چھوڑ دیں تو ان کو بنانے والوں کی کمائی رُک جائے گی اور نتیجتاً وہ ایسی وڈیوز بنانا بھی بند کر دیں۔
آئیے آپ کو بتاتے ہیں کہ کس طرح یوٹیوب چینلز کو بلاک کیا جا سکتا ہے چونکہ یوٹیوب خود ایسی کوئی سہولت نہیں دیتا اس لیے ہمیں اس کے لیے اضافی لیکن انتہائی مفید ٹولز کو استعمال کرنا ہو گا۔

یہ بھی پڑھیے: بچوں کے اسمارٹ فون کی نگرانی کریں

سب سے پہلے تو یہ نوٹ کر لیں کہ اگر آپ یوٹیوب وڈیوز بچوں کو دکھانا پسند کرتے ہیں تو اس کے لیے یوٹیوب کڈز ایپلی کیشن الگ سے موجود ہے اس لیے بہتر ہے کہ اُس کا استعمال کریں۔

یوٹیوب وڈیوز بلاک کریں

کسی یوٹیوب چینل کو اسمارٹ فون پر بند کرنے کی کوئی مستند ایپلی کیشن فی الحال ہمیں نہیں ملی، البتہ ڈیسک ٹاپ پر اس کے لیے بہترین ایکسٹینشنز گوگل کروم، فائرفوکس اور اوپرا کے لیے موجود ہیں۔

ویسے یوٹیوب اسمارٹ فون کے مقابلے میں ڈیسک ٹاپ پر ہی زیادہ خطرناک ہے کیونکہ اس کے ہوم پیج پر اخلاق باختہ وڈیوز ضرور سامنے آجاتی ہیں۔

وڈیوز اور وڈیو چینلز کو بلاک کرنے کے لیے آپ کے پاس وڈیو بلاکر ایڈاون انسٹال ہونا چاہیے۔ اپنے براؤزر کی نوعیت سے آپ اسے درج ذیل روابط سے انسٹال کر سکتے ہیں:

videoblocker-chrome
videoblocker-firefox
videoblocker-opera

تحریر جاری ہے۔ یہ بھی پڑھیں

اس وڈیو بلاکر کے ذریعے جب آپ کسی وڈیو یا کسی مخصوص طرز کی وڈیوز کو بلاک کریں گے تو وہ یوٹیوب سے ایسے غائب ہو جائیں گی جیسے کبھی اپ لوڈ ہی نہ ہوئی ہوں۔ حتیٰ کہ تلاش کرنے کے بعد بھی نہیں ملیں گی۔

video-blocker-1

یوٹیوب چینل بلاک کریں

اگر آپ سمجھیں کہ کوئی مخرب الخلاق چینل بلاک کرنا چاہیں تو یہ بھی اس وڈیو بلاکر کے ذریعے ممکن ہے۔

اس طرح مسئلے کا جڑ سے خاتمہ ہو جائے گا یعنی غیراخلاقی وڈیوز اپ لوڈ کرنے والے چینل کو بلاک کرنے سے آپ کو کم از کم اس کی تمام وڈیوز سے نجات مل جائے گی۔

کسی چینل کی وڈیوز کو بلاک کرنے کے لیے بس اس کی کسی وڈیو پر رائٹ کلک کریں تو وڈیو بلاکر کا آپشن “Block videos from this channel.” سامنے آجائے گا۔ بس اسے منتخب کر لیں۔

video-blocker-2

کسی خاص طرز کی وڈیوز کو بلاک کریں

اگر آپ کسی مخصوص موضوع کی وڈیوز کو بلاک کرنا چاہتے ہیں تو یہ بھی وڈیو بلاکر کے ذریعے ممکن ہے۔ اس کے لیے اپنے براؤزر کی ٹول بار پر موجود وڈیو بلاکر کے آئی کن پر کلک کریں تو اس کے آپشنز ظاہر ہو جائیں گے۔

یہاں آپ دیکھیں تو Add کا بٹن موجود ہے۔ اس پر کلک کر کے آپ کسی چینل کا نام لکھ کر اسے بلاک کر سکتے ہیں تو چاہیں تو کی ورڈز کا بھی استعمال کر سکتے ہیں۔ یعنی آپ کسی موضوع کی تمام وڈیوز کو بلاک کرنا چاہتے ہیں تو اس کا نام یہاں لکھ دیں۔

video-blocker-3

اس کے علاوہ اگر آپ کسی مخصوص وڈیوز کے چینل کو بلاک کرنا چاہتے ہیں تو Wildcard کا آپشن موجود ہے۔ اس آپشن کو استعمال کرتے ہوئے کوئی لفظ لکھیں۔ اس سے متعلقہ چینل کا نام سامنے آجائے گا اور آپ اسے یہیں سے بلاک کر سکیں گے۔

video-blocker-4

یہی نہیں اگر آپ وڈیو بلاکر کے آئی کن پر کلک کرتے ہوئے اس کے اوپری کونے میں موجود اس کی سیٹنگز کے بٹن پر کلک کریں گے تو یہاں آپ کو اس پر پاس ورڈ لگانے کا آپشن بھی ملے گا۔ یعنی اگر آپ اس پر پاس ورڈ لگا دیں تو آپ کی اجازت کے بغیر بلاک کی ہوئی وڈیوز کو کوئی اَن بلاک بھی نہیں کر پائے گا۔

بچوں کی انٹرنیٹ سرگرمیوں سے آگاہ رہیں

چونکہ یوٹیوب کا استعمال ہمارے ہاں انتہائی عام ہے اس لیے تمام گھریلو صارفین کے کمپیوٹرز پر یہ پلگ اِن ضرور انسٹال ہونا چاہیے۔
اس میں مختلف کی ورڈزشامل کر کے اور چینلز بلاک کر کے آپ باآسانی یوٹیوب کو استعمال کے قابل بنا سکتے ہیں۔

یہ تحریر کمپیوٹنگ شمارہ نمبر 122 میں شائع ہوئی

ایک تبصرہ
  1. Muhammad Ramzan says

    Thanks for writing , i was searching for this help

Comments are closed.