گلیکسی نوٹ 7 کی بیٹری پھٹنے کی ممکنہ وجہ پتا چل گئی

سام سنگ گلیکسی نوٹ 7 کی بیٹری پھٹنے کے واقعات سے سام سنگ کو اپنی تاریخ کے بڑے نقصانات میں سےایک کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ سام سنگ کے انجینئر کافی وقت سے گلیکسی نوٹ 7 کے پھٹنے کی وجوہات تلاش کررہے ہیں مگر انہیں کامیابی حاصل نہیں ہوئی۔ تاہم اب انجینئروں کی ایک دوسری ٹیم جس کا سام سنگ سے کوئی تعلق نہیں، کا کہنا ہے کہ انہوں نے گلیکسی نوٹ 7 کے پھٹنے کی وجہ پتا لگا لی ہے۔

 

ان انجینئروں کے کہنا ہے کہ سنگ گلیکسی نوٹ 7 کا پتلا ہونا ہی اس کی بیٹری کےپھٹنے کی وجہ ہے۔نوٹ 7 کی لیتھیم پولیمر بیٹری کسی جیلی رول کی طرح بنائی گئی ہے۔ جیلی رول کیک میں ایک کے اوپر ایک تہہ لگاکر اسے گول کرلیا جاتا ہے۔ اس بیٹری کی ساخت بھی کچھ ایسی ہی ہے۔ اس میں مثبت تہہ کے لئے لیتھیم کوبالٹ آکسائیڈ اور منفی تہہ کے لئے گریفائٹ کا استعمال کیا گیا ہے۔ ان دونوں تہوں کو الگ کرنے کے لئے دو مزید تہیں الیکٹرو لائٹ کی ہوتی ہیں جنہیں پولی مر سے بنایا گیا ہوتا ہے۔ پولی مر والی تہہ Ions یعنی برق پاروں کو مثبت اور منفی تہہ میں آنے جانے کی اجازت دیتی ہے لیکن دونوں تہوں کو الگ رکھتی ہے۔ اگر کبھی مثبت اور منفی تہہ ایک دوسرے کو چھو جائیں تو توانائی براہ راست الیکڑولائٹ کی طرف بہتی ہے اور اسے گرم کردیتی ہے۔ اس کا نتیجہ بیٹری پھٹنے کی صورت میں نکلتا ہے۔بیڑی کو دبانے سے مثبت اور منفی تہوں کو الگ رکھنے والی پولی مر تہہ پر زبردست دباؤ پڑتا ہے۔ بیٹری کو محفوظ رکھنے کے لئے ضروری ہے کہ یہ تہہ بھی محفوظ رہے۔

تحریر جاری ہے۔ یہ بھی پڑھیں

سام سنگ چاہتا تھا کہ وہ ایپل سے بھی پتلا اسمار ٹ فون بنائے۔ اس کوشش میں نوٹ 7 کی بیٹری کو زیادہ جانچ پڑتال کے بغیر اسمارٹ فون میں نصب کردیا گیا۔ انجینئروں کے کئے ہوئے ٹیسٹ سے یہ بات واضح ہوئی کہ زیادہ دباؤ کی وجہ سے ہی بیٹری کو محفوظ رکھنے والی تہہ بیکار ہوجاتی ہے اور بیٹر ی آگ پکڑ سکتی ہے۔

یہ بات حتمی طور پر کہنا مشکل ہے کہ گلیکسی نوٹ 7 کی بیٹری کیوں پھٹتی ہے۔ لیکن پتلی بیٹری والی تھیوری میں جان بھی ہے اور حتمی وجہ بھی یہی ہوسکتی ہے۔ تاہم اس کے لئے ہمیں سام سنگ کی اپنی رپورٹ کا انتظار کرنا چاہئے۔

یہ تحریر کمپیوٹنگ شمارہ نمبر 124 میں شائع ہوئی

Comments are closed.