ونڈوز10 کری ایٹرز اپ ڈیٹ حاصل کریں

آپ کمپیوٹنگ میں ونڈوز10 کری ایٹرز اپ ڈیٹ کے بارے میں ضرور پڑھ چکے ہوں گے۔ یہ خاص اپ ڈیٹ کئی دنوں سے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے حلقوں میں زیرِ بحث تھی کیونکہ مائیکروسافٹ نے اس میں ایسے زبردست فیچرز لانے کا اعلان کیا تھا اسی لیے سبھی اس کی آمد کا انتظار کر رہے تھے۔ اور آخر کار اسے آفیشیلی اب جاری کر دیا گیا ہے۔

 

اس اپ ڈیٹ میں کئی نئے اور زبردست فیچرز پیش کیے گئے ہیں جیسے کہ ونڈوزکی اپ ڈیٹس کو عارضی طور پر بند کرنا، گیمز کھیلنے کے لیے خاص ’’گیم موڈ‘‘، ایج براؤزر، کورٹانا اور ونڈوز ڈیفینڈر کے نئے فیچرز وغیرہ۔ ان کے علاوہ بھی درجنوں نئے فیچرز اس اپ ڈیٹ کے ذریعے ونڈوز10 کو ملیں گے۔

اگر آپ بھی یہ اپ ڈیٹ حاصل کرنا چاہتے ہیں تو بس ونڈوز10 کی سیٹنگز میں جا کر اپ ڈیٹ کے ذریعے قسمت آزمائی کریں۔ اگر وہاں سے یہ اپ ڈیٹ حاصل نہ ہو تو اسے حاصل کرنے کا دوسرا طریقہ بھی ہے۔

ویسے تو ونڈوز کی یہ اپ ڈیٹ جاری ہوتے ہی صارفین کے پاس الرٹ آنا شروع ہو گیا ہے کہ وہ اس اپ ڈیٹ کو حاصل کر سکتے ہیں لیکن اگر آپ کے پاس ایسی کوئی اطلاع نہیں پہنچی تو آپ خود بھی یہ اپ ڈیٹ ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔

تحریر جاری ہے۔ یہ بھی پڑھیں

اس کے لیے سب سے پہلے یہ ربط کھول لیں:
microsoft.com/en-us/software-download/windows10

یہاں موجود Update Now کے بٹن پر کلک کریں تو ونڈوز10 اپ گریڈ اسسٹنٹ پروگرام آپ کے پاس ڈاؤن لوڈ ہو جائے گا۔ اس پروگرام کو چلائیں تو یہ فوراً آپ کی ونڈوز چیک کر کے بتا دے گا کہ آپ کے پاس کون سا ورژن موجود ہے اور اسے تازہ ترین ورژن پر اپ ڈیٹ کیا جا سکتا ہے۔

یہاں موجود Update Now کے بٹن پر کلک کریں تو یہ پروگرام آپ کے سسٹم کو جانچنے کے بعد تازہ اپ ڈیٹس کو ڈاؤن لوڈ کرنا شروع کر دے گا۔ آپ کے انٹرنیٹ کی رفتار کے اعتبار سے اس میں وقت لگے گا اور اپ ڈیٹس مکمل ڈاؤن لوڈ ہونے کے بعد خود بخود انسٹال بھی ہو جائیں گی البتہ اس میں کافی وقت لگے گا اور آخر میں ونڈوز کو ری اسٹارٹ بھی کرنا پڑے گا۔

اس لیے بہتر ہے فارغ اوقات میں اس اپ ڈیٹ کو لگا کر کچھ گھنٹوں کے لیے پی سی فارغ چھوڑ دیں۔ اگر لیپ ٹاپ ہے تو اسے چارج پر ضرور لگا کر رکھیں۔

نوٹ: یہ تحریر کمپیوٹنگ شمارہ 127 میں شائع ہوئی

Comments are closed.