عارضی ای میل ایڈریس اور فون نمبر حاصل کریں

انٹرنیٹ استعمال کرتے ہوئے روزانہ ہی کہیں نہ کہیں سائن اپ کرنے کی ضرورت پڑتی ہے۔ اگر آپ اپنا اہم ای میل ایڈریس ہر جگہ دیتے رہیں تو میل باکس میں فالتو ای میلز کی بھرمار ہو جاتی ہیں۔ اکثر تو ایسی جگہوں پر اکاؤنٹ بنانا پڑتا ہے جہاں صرف عارضی طور پر اکاؤنٹ کی ضرورت ہوتی ہے۔ اپنے کام کے بعد ہم اس ویب سائٹ کا رُخ ہی نہیں کرتے لیکن ان کی طرف سے ای میلز باقاعدگی سے آتی رہتی ہیں۔
ایسی عارضی جگہوں پر اکاؤنٹ بنانے کے لیے ای میل ایڈریس بھی عارضی ہو تو کیا حرج ہے۔ عارضی ای میل ایڈریس بنانے کے لیے ’’یوپ میل‘‘ ایک بہترین سروس ہے:
www.yopmail.com/en

لیکن ہم یہاں ذکر کریں گے Moakt کا۔ کیونکہ یہاں عارضی ای میلز ایڈریس کے ساتھ ساتھ عارضی فون نمبرز بھی دستیاب ہیں۔ آج کل اکثر جگہوں پر فون نمبر کی تصدیق کرانا بھی ضروری ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ اگر آپ کسی چیٹ پروگرام کو استعمال کرنا چاہتے ہیں جس میں فون نمبر استعمال ہوتا ہو تو تصدیق کے لیے عارضی فون نمبر بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔ مزیدار بات یہ ہے کہ یہاں اکاؤنٹ بنانے کا بھی کوئی جھنجٹ نہیں۔ بس اس ربط پر جائیے:
www.moakt.com

یہاں آپ moakt.com کے ڈومین پر اپنا عارضی ای میل ایڈریس جیسے کہ [email protected] بنا سکتے ہیں یا چاہیں تو نیچے موجود بٹن Get a Random Address کے بٹن پر کلک کریں اور ایک ریڈی میڈ ای میل ایڈریس فوری حاصل کریں۔

Moakt-01
یہ عارضی بنایا گیا ای میل ایڈریس 60 منٹس یعنی ایک گھنٹے تک زندہ رہتا ہے۔ اگر آپ کو مزید اس کی ضرورت رہے تو اس کے سامنے موجود Extend کے بٹن پر کلک کریں تو یہ دورانیہ فوراً ایک گھنٹہ مزید بڑھا دیا جائے گا۔

Moakt-02

یہاں یہ بات یاد رکھنے کی ضرورت ہے کہ آپ کو کوئی الگ میل باکس نہیں فراہم کیا جائے گا جہاں آپ کی ای میلز محفوظ رہیں بلکہ یہاں ساری ای میلز سامنے ہی موجود ہوتی ہیں۔ آپ کو اپنی ای میل پر نظر رکھنی ہوتی ہے۔

تحریر جاری ہے۔ یہ بھی پڑھیں

اس ویب سائٹ کا دلچسپ فیچر عارضی فون نمبرز فراہم کرنا ہے۔ ان نمبرز پر صرف ایس ایم ایس موصول کیے جا سکتے ہیں۔ ان کا یہ سسٹم بہت دلچسپ ہے۔ دراصل اس ویب سائٹ پر آٹھ مختلف نمبرز دیے گئے ہیں جن میں سے آپ جو چاہیں استعمال کر سکتے ہیں۔

Moakt-03

ان نمبرز پر موصول ہونے والے ایس ایم ایس ان نمبرز کے سامنے جمع ہوتے رہتے ہیں۔ یہاں آپ جس نمبر کے چاہیں ایس ایم ایس دیکھ سکتے ہیں۔ اگر آپ نے ان میں سے کوئی نمبر استعمال کیا ہے تو اس کا ایس ایم ایس بھی یہاں موجود ہو گا جس میں موجود ویری فکیشن کوڈ آپ نوٹ کر سکتے ہیں۔

Moakt-04

یقیناً آپ سمجھ چکے ہوں گے کہ یہاں پرائیویسی بالکل بھی نہیں ہے۔ اس لیے ان عارضی سروسز کو صرف عارضی کاموں کے لیے ہی استعمال کریں۔ اگر آپ نے کوئی اہم اکاؤنٹ بنانے کے لیے کوئی فون نمبر استعمال کر لیا تو کوئی بھی اس نمبر کو استعمال کرتے ہوئے آپ کا اکاؤنٹ باآسانی ہیک بھی کر سکتا ہے۔

(یہ تحریر کمپیوٹنگ شمارہ مارچ 2015 میں شائع ہوئی)

2 تبصرے
  1. mobeenabdullah says

    Very nice. Thanks for Sharing

  2. لیکن نمبر کا آپشن اس ویب سائیٹ کا عارضی طور پر بند ہے ۔۔
    کوئی اگر اس طرح کی اور ویب سائیٹ ہو تو براہ کرم شیئر کردیں تاکہ اس سے استفادہ حاصل کیا سکے
    اللہ آپ کو اور ماہنامہ کمپیوٹنگ کی پوری ٹیم کو جزائے خیر دے۔ آمین

Comments are closed.