اپنے وائی فائی سے جڑے غیرضروری صارفین کی تفصیل جانیں اور انھیں بلاک کریں

زیادہ تر اسمارٹ صارفین کسی وائی فائی نیٹ ورک کے قریب رہنا پسند کرتے ہیں تاکہ ان کا موبائل ڈیٹا زیادہ استعمال نہ ہو اور پیسوں کی بچت ہو سکے۔ آج کل چونکہ ہر گھر میں وائرلیس انٹرنیٹ دستیاب ہے اس لیے اکثر آس پڑوس میں بھی کبھی ضرورت پڑنے پر اپنے انٹرنیٹ کا پاس ورڈ دینا پڑتا ہے۔ چونکہ وائرلیس راؤٹر کا پاس ورڈ بدلنا ہمارے ہاں اتنا عام نہیں اور نہ ہی لوگ اسے اہم سمجھتے ہیں اس لیے ان کے راؤٹر سے کئی لوگ کنیکٹ رہ کر ان کا انٹرنیٹ مفت میں استعمال کرتے رہتے ہیں اور کسی کو خبر ہی نہیں ہوتی۔

اگر آپ محدود بینڈوڈتھ کا حامل انٹرنیٹ استعمال کرتے ہیں تو اس بات سے باخبر رہنے کے کی انتہائی ضرورت ہے کہ آپ کے وائرلیس نیٹ ورک سے کون کون جُڑ رہا ہے۔ اگر کوئی آپ کی اجازت کے بغیر آپ کا انٹرنیٹ استعمال کر رہا ہے تو اسے نیٹ ورک سے بے دخل کرنے کی اشد ضرورت ہوتی ہے۔

ویسے تو یہ کام باآسانی وائرلیس راؤٹر کے ویب انٹرفیس سے کیا جا سکتا ہے لیکن اگر آپ اپنے اینڈروئیڈ اسمارٹ پر باآسانی یہ جاننا چاہیں کہ کون کون آپ کے وائرلیس راؤٹر سے کنیکٹڈ ہے تو اس کے لیے ’’فنگ‘‘ (Fing) ایپلی کیشن درکار ہو گی جسے آپ درج ذیل ربط پر ملاحظہ کر سکتے ہیں:

fingwifi

Fing

اس ایپلی کیشن کی انسٹالیشن کے بعد اسے کھولیں تو اس میں اس وقت آپ کے وائرلیس راؤٹر سے کنیکٹ تمام ڈیوائسز کی تفصیل موجود ہو گی۔ کسی بھی ڈیوائس کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنے کے لیے اس کے نام پر ٹچ کریں تو مزید معلومات ظاہر ہو جائے گی۔ اس ایپلی کیشن کا کام یہاں ختم ہو جاتا ہے، غیر ضروری کنکشنز کو ختم کرنے کے لیے اب سب سے بہتر ہے کہ آپ اپنے وائی فائی کا پاس ورڈ بدل لیں۔ لیکن اگر آپ چاہیں کہ اپنے اسمارٹ فون سے ہی کسی کو اپنے نیٹ ورک سے بے دخل کر دیں تو اس کے لیے ’’وائی فائی کِل‘‘ (WiFiKill) ایپلی کیشن درکار ہو گی۔

’’وائی فائی کِل‘‘ صرف روٹ شدہ اینڈروئیڈ ڈیوائسز پر کام کرتی ہے اس علاوہ یہ ایپلی کیشن گوگل پلے اسٹور میں بھی دستیاب نہیں، یعنی آپ کو اسے اس کے ڈیویلپر کی ویب سائٹ سے ڈاؤن لوڈ کر کے فون میں منتقل کرنا ہو گا۔

اگر آپ واقعی یہ کرنا چاہتے ہیں اور آپ کا فون بھی روٹ شدہ ہے تو درج ذیل ربط سے ’’فائی فائی کِل‘‘ ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں:
wifi-kill

یہ ایپلی کیشن انتہائی دلچسپ ہے۔ اس کے ذریعے آپ باآسانی اپنےانٹرنیٹ کو بچا سکتے ہیں۔ مزیدار بات یہ ہے کہ جس ڈیوائس کا آپ انٹرنیٹ بند کرنا چاہیں گے وی ڈیوائس نیٹ ورک سے جُڑی ضرور رہے گی لیکن اس کے پاس انٹرنیٹ نہیں چلے گا۔

WiFiKill

اس کے پرو ورژن (Pro Version) میں مزید دلچسپ فیچرز موجود ہیں مثلاً کنیکٹ ہوئی ڈیوائس کا اصلی نام کیا ہے، کس ڈیوائس نے کتنا انٹرنیٹ استعمال کیا اور کون کون سی ویب سائٹس دیکھیں وغیرہ، لیکن پرو ورژن مفت نہیں ہے۔ اسے حاصل کرنے کے لیے پہلے ڈیویلپر کو پے پال کے ذریعے کچھ چندہ دینا ہوتا ہے۔
(یہ تحریر کمپیوٹنگ شمارہ فروری 2016 میں شائع ہوئی)

Comments are closed.