فیس بک پر جعلی اکاؤنٹس کی بھرمار
کیا فیس بک پر آپ ایک سے زائد اکاؤنٹ رکھتے ہیں؟ فیس بک نے اعتراف کیا ہے کہ اس کی ویب سائٹ پر 270 ملین اکاؤنٹ یا تو جعلی ہیں یا ڈوپلیکیٹ ہیں۔
یہ اعتراف کمپنی کے حالیہ مالیاتی نتائج میں کیا گیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ فیس بک پر ایک سے زائد اکاؤنٹ رکھنے والے صارفین کی تعداد فیس بک کے مجموعی صارفین کی تعداد کا 10% ہے جو پہلے سے زیادہ ہے، سابقہ شماریات میں یہ تعداد محض 6% بتائی گئی تھی۔
مجموعی طور پر فیس بک کے 13% اکاؤنٹس اس کی اپنی پالیسی کے حساب سے غیر قانونی ہیں یعنی یہ اکاؤنٹ یا تو ڈوپلیکیٹ ہیں یا جعلی ہیں، اس شرح کے حساب سے ان اکاؤنٹس کی تعداد 270 ملین اکاؤنٹ بنتی ہے۔
فیس بک کے مطابق ان جعلی اور ڈوپلیکیٹ اکاؤنٹس کی دریافت اس ضمن میں استعمال ہونے والی ٹیکنالوجیز میں بہتری کی وجہ سے ممکن ہوئی ہے جس کا مطلب ہے کہ جعلی اور ڈوپلیکیٹ اکاؤنٹس میں اضافہ اس لیے نہیں ہوا کہ ایسے اکاؤنٹ بڑی تعداد میں بنائے گئے بلکہ انہیں دریافت کرنے کے طریقوں میں بہتری کی وجہ سے ہوا ہے۔
اگر فیس بک پر یہ عالم ہے تو ٹویٹر پر صورتِ حال کا بس تصور ہی کیا جاسکتا ہے۔
Comments are closed.