ہلکے اینڈروئیڈ فونز کے لیے فیس بک لائٹ ایپلی کیشن
کس کے پاس فیس بک اکاؤنٹ موجود نہیں؟ انٹرنیٹ استعمال کرنے والے تقریباً سو فیصد ہی لوگ فیس بک استعمال کرتے ہیں۔ اگر ایسا نہ ہوتا تو فیس بک کو 854 ملین روزانہ کی بنیاد پر فیس بک کا رُخ کرنے والے صارفین نہ ملتے۔ یقیناً یہ ایک بہت ہی بڑا نمبر ہے۔
اس اتنی بڑی کامیابی نے بھی فیس بک کو چین سے بیٹھنے نہ دیا، بلکہ فیس بک کی جانب سے آئے دن ایسے فیچر متعارف کرائے جاتے ہیں کہ مزید زیادہ لوگ فیس بک پر آسکیں۔ نئے فیچرز کے طور پر کبھی ٹائم لائن دلکش بنا دی جاتی ہے تو چیٹ میں کال کی سہولت بھی فراہم کر دی گئی ہے۔اس کے علاوہ فیس بک انٹرنیٹ ڈاٹ آرگ (internet.org)کے ساتھ مل کر انٹرنیٹ کو دنیا کے ہر کونے تک پہنچانے کا عزم بھی کیے ہوئے ہے۔
انٹرنیٹ کی رفتار آئے دن جہاں تاریخی رفتار حاصل کر رہی وہیں دنیا کے کئی حصے ابھی بھی ایسے ہیں جہاں انٹرنیٹ یا تو دستیاب نہیں یا بہت ہی سست ہے۔ اسی لیے فیس بک نے پہلے ’’فیس بک لائٹ‘‘ نامی ایپلی کیشن فراہم کر رکھی تھی، جسے بعد میں بند کر دیا گیا تھا لیکن اب ازسرِ نو اسے صارفین کے لیے پیش کر دیا گیا ہے۔
فیس بک لائٹ صرف نام کی لائٹ یعنی ہلکی پھلکی ایپلی کیشن نہیں ہے بلکہ اس کی آزمائش کے بعد ثابت ہوا کہ یہ واقعی انٹرنیٹ استعمال کرنے میں انتہائی کفایتی ہے۔ ایپلی کیشن کا سائز 2MBہے اور اسے آپ باآسانی اپنے 2g نیٹ ورک پر استعمال کر سکتے ہیں۔
فیس بک لائٹ فی الحال صرف اینڈروئیڈ کے لیے دستیاب ہے اور اسے اینڈروئیڈ 2.2 ورژن پر بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔ اگر آپ اپنے اردگرد کا جائزہ لیں تو ابھی بھی اینڈروئیڈ2.2 کے صارفین کی ایک بڑی تعداد موجود ہے۔ چونکہ ان کے ہینڈ سیٹ پرانے اور کم ہارڈویئر کے حامل ہیں اس لیے وہ اینڈروئیڈ کے تازہ ورژن پر منتقل نہیں ہو سکتے۔ گاؤں دیہات اور ایسی جگہیں جہاں انٹرنیٹ سست روی کا شکار ہے یا جہاں ابھی بھی لوگ 2G انٹرنیٹ استعمال کرنے پر مجبور ہیں وہاں فیس بک لائٹ ایک بہترین کاوش ثابت ہوگی۔
فیس بک لائٹ ایپلی کیشن کا انٹرفیس 70% فیصد اس کی اصل دستیاب ایپلی کیشن جیسا ہی ہے۔ اس کا وزن کم رکھنے کے لیے اس کا ڈیزائن بہت ہی سادہ اور سیدھا سیدھا رکھا گیا ہے۔ فیس بک کی عام ایپلی کیشن کی طرح اس میں بھی سارے فیچرز موجود ہیں۔ اس میں آپ اپنی نیوز فیڈ کے علاوہ فرینڈ ریکوئسٹس، میسجز، چیٹ، نوٹی فکیشنز وغیرہ دیکھ سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ اپنے فیس بک گروپ اور پیجز بھی منظم رکھ سکتے ہیں۔
فیس بک لائٹ ایپلی کیشن ساری دنیا کے لیے دستیاب نہیں، یہ صرف ان ملکوں کے لیے ہے جہاں انٹرنیٹ تاحال پورے ملک میں تیز رفتاری کو پہنچ نہیں پایا مثلاً نیپال، بنگلہ دیش، نائیجریا، ساؤتھ افریقہ، سری لنکا، زمبابوے وغیرہ۔ خوش قسمتی کہیں یا یدقسمتی پاکستان بھی اسی فہرست میں شامل ہے۔
اینڈروئیڈ صارفین یہ ایپلی کیشن گوگل پلے اسٹور سے انسٹال کر سکتے ہیں۔
انسٹال کریں
(یہ تحریر کمپیوٹنگ شمارہ فروری 2015 میں شائع ہوئی)
پاکستان میں موجود نہیں۔ پھر بھی میں نے APK فائل ڈاؤنلوڈ کرکے یوز کی ہے اور بہت فائدہ مند ہے 2MB سے بھی کم ہے۔