فیس بک کے پہلے صدر نے ویب سائٹ کے اصل مقصد سے پردہ اُٹھا دیا

معروف سوشل نیٹ ورکنگ ویب سائٹ فیس بک کے پہلے صدر "شون پارکر” Sean Parker نے اعتراف کیا ہے کہ سوشل میڈیا ویب سائٹس کا اصل مقصد جس قدر ممکن ہوسکے لوگوں کے وقت اور توجہ پر اجارہ داری قائم کرنا ہے۔

پارکر کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا ویب سائٹس انسانوں کی خامیوں سے فائدہ اُٹھاتی ہیں، انہوں نے سوشل میڈیا ویب سائٹس کے خطرات سے متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ "خدا ہی بہتر جانتا ہے کہ ہمارے بچوں کے ذہنوں پر ان ویب سائٹس کے کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں”۔

facebook-billionaire-sean-parker

تحریر جاری ہے۔ یہ بھی پڑھیں

پارکر جو 2004 میں اس وقت فیس بک کے صدر کے عہدے پر فائز ہوئے تھے جب فیس بک کو لانچ ہوئے ابھی ایک سال بھی مکمل نہیں ہوا تھا  نے انکشاف کیا کہ وہ اور ویب سائٹ کے دیگر بانیوں سمیت حالیہ سی ای او مارک زکربرگ ویب سائٹ کی نیچر سے اچھی طرح واقف تھے کہ یہ صارفین پر کیا اثرات مرتب کر سکتی ہے۔

پارکر کے مطابق جب کوئی آپ کی کسی پوسٹ یا تصویر کو لائک کرتا ہے یا تبصرہ کرتا ہے تو آپ کو ایک طرح کی لذت کا احساس ہوتا ہے جو آپ کو مزید پوسٹس کرنے پر مجبور کرتا ہے اور پھر مزید تبصروں اور لائکس کے حصول کی کوششوں کا ایک لا متناہی سلسلہ چل نکلتا ہے۔

اسی طرح وہ لوگ جو حقیقی زندگی میں ایک دوسرے کو جانتے تک نہیں، وہ بھی سوشل میڈیا پوسٹس کی وجہ سے ایک دوسرے سے نفرت کرنے لگے ہیں۔

38 سالہ ارب پتی شون پارکر 20 سال قبل مشہور فائل شیئرنگ ویب سائٹ "نیپسٹر” کے بانی کے طور پر جانے جاتے ہیں۔

Comments are closed.