ایسی ایپ جو کسی بھی چہرے پر مسکراہٹ لا سکتی ہے
کیا آپ نے کبھی سوچا ہے کہ آپ کی تصویر اصل عمر سے کم کی نظر آئے، آپ جوان یا بزرگ نظر آئیں یا پھر آپ تصویر میں موجود کسی چہرے پر مسکراہٹ لانا چاہتے ہیں تو یہ سب اس نئی ایپ کے ذریعے ممکن ہو سکتا ہے۔
نئی سامنے آنے والی یہ ایپلی کیشن جیسے ’’فیس ایپ‘‘ (FaceApp) کا نام دیا گیا ہے چند سیکنڈز میں تصویر کو یکسر بدل سکتی ہے، وہ کام جو آپ کسی گرافکس سافٹ ویئر میں انجام دیں تو گھنٹوں کا وقت لگتا ہے وہ کام اس ایپ کے ذریعے پلک جھپکتے میں کیا جا سکتا ہے۔
اس ایپلی کیشن کو بنانے والے ڈیویلپر کا کہنا ہے کہ اُنھوں نے ایک بار جب اپنی دوست کی تصویر بنائی تو تصویر دیکھ کر دوست نے کہا ’’کاش میں اس تصویر میں مسکرا رہی ہوتی تو تصویر زیادہ اچھی آتی۔‘‘ بس اسی وقت انھوں نے سوچا کہ وہ ایسی ایپ تیار کریں گے جس کی مدد سے جب چاہیں چہرے پر مسکراہٹ لائی جا سکے گی۔ یہ سوچ اب حقیقت کی صورت میں ’’فیس ایپ‘‘ کے نام سے موجود ہے ۔
یہ ایپلی کیشن اس خوبصورتی سے کام کرتی ہے کہ اس پر بالکل حقیقت کا گمان ہوتا ہے، اس سے قبل دستیاب ایسی ایپلی کیشنز کے نتائج زیادہ تر اچھے نہیں ہوتی اور ان میں جعلی پن صاف چھلکتا ہے۔ لیکن فیس ایپ کے ذریعے آپ کسی بھی بوڑھے چہرے کو جوان اور جوان چہرے کو بوڑھا بنا سکتے ہیں یہی نہیں اس کی مدد سے باآسانی کسی اداس چہرے پر مسکراہٹ بھی لائی جا سکتی ہے۔
اس ایپ کو بنانے والے ڈیویلپرGoncharov نے کہا کہ فیس ایپ ایسی دیگر ایپس کی طرح آپ کی ذاتی تصاویر کو بالکل بھی ذاتی مقاصد کے لیے استعمال نہیں کرتی، ان کے سرور پر اپ لوڈ کی گئی تصاویر فلٹرز لگانے کے کچھ عرصے بعد ڈیلیٹ کر دی جاتی ہیں۔ اس کے علاوہ ایپ کسی طرح کی خاص پرمشنز بھی نہیں مانگتی کہ آپ کی جاسوسی کی جائے۔
نوٹ: یہ تحریر کمپیوٹنگ شمارہ 126 میں شائع ہوئی
اگر آپ یہ اور اس جیسی درجنوں معلوماتی تحاریر پڑھنا چاہتے ہیں تو گھر بیٹھے کمپیوٹنگ کا تازہ شمارہ حاصل کریں۔
Comments are closed.